تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کے وفد کی ٹی آر ایس سربراہ کویتا سے ملاقات

Delegation of Telangana Urdu Working Journalists Union meets TRS leader Kavitha

دسویں سالانہ جلسۂ عام اور بسٹ جرنلسٹ ایوارڈس تقریب میں شرکت کی دعوت

(اپنا ورنگل)

حیدرآباد :

تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین (TUWJU) کے ایک نمائندہ وفد نے ٹی آر ایس سربراہ کویتا سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں یونین کے دسویں سالانہ جلسۂ عام اور بیسٹ جرنلسٹ ایوارڈز تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔ اس موقع پر وفد کے ارکان نے انہیں پروگرام کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے یونین کی دس سالہ جدوجہد، اردو صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں درپیش مختلف مسائل کی یکسوئی کے لیے انجام دی جانے والی سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر محترمہ کویتا نے اردو صحافیوں کو درپیش مسائل پر مثبت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان کی یکسوئی کے لیے اپنی جانب سے تعاون اور جدوجہد کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے یونین کے دسویں سالانہ جلسۂ عام اور ایوارڈس تقریب میں شرکت کرنے کا بھی وعدہ کیا۔یونین کے ذمہ داران نے اس موقع پر کہا کہ تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین گزشتہ ایک دہائی سے اردو صحافیوں کے حقوق کے تحفظ، انہیں درپیش مسائل کو متعلقہ حکام کے سامنے پیش کرنے، صحافتی میدان میں ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے اور اردو صحافت کے استحکام کے لیے مسلسل سرگرم عمل ہے۔

یونین کی جانب سے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ تربیتی پروگراموں، ورکشاپس اور دیگر تعمیری سرگرمیوں کا بھی انعقاد عمل میں لایا جاتا رہا ہے۔واضح رہے کہ تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کا دسویں سالانہ جلسۂ عام اور بیسٹ جرنلسٹ ایوارڈس تقریب 11 نومبر کو حیدرآباد میں منعقد ہوگی، جس میں اردو صحافت کے فروغ اور مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے صحافیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

اس وفد میں یونین کے تاسیسی صدر و سرپرست اعلیٰ اطہر معین، ریاستی صدر ڈاکٹر شجاع الدین افتخاری، حیدرآباد یونٹ کے صدر نواب ابرار اللہ اور دیگر ذمہ داران شامل تھے۔