سڑک حادثات کی روک تھام کے لیے بلیک اسپاٹس پر خصوصی اقدامات کی ہدایت

Directive issued for special measures at ‘black spots’ to prevent road accidents

خطرناک مقامات کی نشاندہی کرتے ہوئے مستقل حل تلاش کیا جائے: ضلع کلکٹر ڈاکٹر ستیہ شاردا

(اپنا ورنگل)

ورنگل :

ضلع کلکٹر ڈاکٹر ستیہ شاردا نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ضلع میں سڑک حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر منصوبہ تیار کرتے ہوئے اس پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔ انہوں نے منگل کے روز نائیڈو پٹرول پمپ سے مامنور تک قومی شاہراہ پر حادثات کے خطرے والے مقامات کا مختلف محکموں کے عہدیداروں کے ہمراہ معائنہ کیا۔اس موقع پر کلکٹر نے کہا کہ قومی شاہراہوں سمیت ضلع کی اہم سڑکوں پر بار بار حادثات پیش آنے والے مقامات (بلیک اسپاٹس) کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے اور حادثات کی روک تھام کے لیے مستقل حل تلاش کیا جائے۔

انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ خطرناک مقامات پر سڑکوں کی مرمت، انتباہی بورڈس، ریڈیئم اشارے، اسپیڈ بریکرز اور اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کے اقدامات فوری طور پر کیے جائیں۔ کلکٹر نے تیز رفتاری اور لاپرواہی سے گاڑی چلانے پر قابو پانے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے پر زور دیا۔

انہوں نے عوام میں ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے استعمال کے تعلق سے شعور بیدار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ حادثات کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ محکمے باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔

معائنے کے دوران ایڈیشنل کلکٹر (ریونیو) ایل۔ کشور کمار، این ایچ اے آئی پروجیکٹ ڈائریکٹر دیویا، آر اینڈ بی ای ای راجندر، اے ڈی سروے لینڈ اینڈ ریکارڈس افسر سرینواسلو، میونسپل سٹی پلانر رویندر ریڈی اور ٹریفک پولیس کے عہدیدار موجود تھے۔