One-day training program organized by Jamiat Ulema Jangaon District, emphasis on organizational stability
علماء، حفاظ، ائمہ اور اراکین کی کثیر تعداد میں شرکت؛ ریاستی و ضلعی ذمہ داران نے جمعیت کی دینی و ملی خدمات اور تنظیمی وابستگی کی اہمیت اجاگر کی

(اپنا ورنگل)
جنگاؤں :
جمعیت علماء ضلع جنگاؤں کے زیرِ اہتمام علماء کرام، حفاظِ عظام، ائمہ مساجد، اراکینِ جمعیت اور معاونین کے لیے ایک روزہ تربیتی پروگرام جامع مسجد جنگاؤں میں منعقد ہوا۔ پروگرام کی صدارت صدر جمعیت علماء ضلع جنگاؤں مولانا عبد الرحمن سبیلی نے کی، جبکہ سرپرستی حضرت مولانا عبد الحفیظ قاسمی نے فرمائی۔ پروگرام میں مختلف منڈلوں سے علماء، حفاظ، ائمہ اور اراکینِ جمعیت نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز مولانا فصیح الاسلام، نائب صدر جمعیت علماء جنگاؤں کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جبکہ محمد خواجہ مجتہد الدین نے نعتِ رسول مقبول ﷺ پیش کی۔ افتتاحی خطاب میں مولانا عبد الرحمن سبیلی نے مہمانانِ خصوصی کا خیرمقدم کرتے ہوئے پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔ مولانا عبد العظیم قاسمی، صدر جمعیت علماء ضلع ورنگل نے جمعیت کی 107 سالہ تاریخ، قیام کے مقاصد اور دینی و ملی خدمات پر روشنی ڈالی۔ مفتی زکریا احمد قاسمی، جنرل سکریٹری جمعیت علماء ضلع ورنگل نے تنظیمی استحکام کے لیے ضلع، منڈل اور دیہی سطح پر مضبوط رابطوں اور اکابرین کی سرپرستی میں کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
مہمانِ خصوصی حافظ پیر خلیق احمد صابر، جنرل سکریٹری جمعیت علماء تلنگانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ جمعیت علماء ملک و ملت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ایک مؤثر اور مضبوط پلیٹ فارم ہے۔ آزادی سے قبل قائم ہونے والی یہ تنظیم آج بھی اکابرین کے نقشِ قدم پر دینی و ملی خدمات انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں تقریباً نو لاکھ افراد جمعیت سے وابستہ ہیں اور ضرورت اس بات کی ہے کہ ہر گاؤں اور ہر قریہ میں مسلمانوں کو جمعیت سے جوڑتے ہوئے ایمان، اخلاق، دینی تعلیم اور معاشرتی اصلاح کے لیے منظم انداز میں کام کیا جائے۔
انہوں نے تمام اضلاع اور منڈلوں میں تنظیمی سرگرمیوں کو مزید فعال بنانے کی اپیل کی۔حضرت مولانا عبد الحفیظ قاسمی نے جمعیت علماء سے وابستگی کی اہمیت بیان کرتے ہوئے اجتماعی جدوجہد کے ذریعے دینی و ملی مقاصد کے حصول پر زور دیا۔ مولانا مصدق القاسمی، نائب صدر جمعیت علماء تلنگانہ نے ایک مثالی رکنِ جمعیت کے اوصاف بیان کرتے ہوئے کہا کہ کارکنان میں سچائی، اخلاص، پابندیٔ وقت، خدمت کا جذبہ اور عاجزی و انکساری ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت کا ہر رکن خود کو خادم سمجھتے ہوئے اکابرین کا احترام کرے اور ان کی رہنمائی و ہدایات پر عمل کرے۔
قاری یونس خان، سکریٹری جمعیت علماء گریٹر حیدرآباد نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعے جمعیت کی تاریخ، مقاصد اور مختلف شعبہ جات میں انجام دی جانے والی خدمات کا تعارف پیش کیا۔ پروگرام کے دوران منڈل اور دیہی سطح پر جاری تنظیمی سرگرمیوں کا جائزہ بھی لیا گیا۔ حافظ پیر خلیق احمد صابر نے منڈلوں کے ذمہ داران سے عہد لیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ افراد کو جمعیت سے وابستہ کرتے ہوئے تنظیمی سرگرمیوں کو وسعت دیں گے۔
آخر میں مولانا مصدق القاسمی کی دعا پر پروگرام اختتام پذیر ہوا، جبکہ مولانا شاکر حسین قاسمی، جنرل سکریٹری جمعیت علماء ضلع جنگاؤں نے اظہارِ تشکر کیا۔اس موقع پر محمد یونس، جنرل سکریٹری ملکاجگیری، محمد جمال شریف ایڈووکیٹ، نائب صدر جمعیت علماء جنگاؤں، حافظ محمد مجاہد، صدر سٹی جمعیت علماء ضلع ورنگل، مسیح الرحمن ذاکر، صدر جامع مسجد جنگاؤں، مفتی عبد العظیم، مولانا امان اللہ، مفتی انصار، عبد الجہاد، حافظ نعیم،
شبیر احمد سمیت مختلف منڈلوں سے آئے ہوئے علماء کرام، حفاظ، ائمہ مساجد، اراکینِ جمعیت اور عوام کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پروگرام میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اکابرین کی رہنمائی میں جمعیت علماء کی تنظیمی سرگرمیوں کو گاؤں، منڈل اور ضلع کی سطح پر مزید مستحکم کرتے ہوئے دینی، ملی اور اصلاحی خدمات کو وسعت دی جائے گی۔

