Jamiat Ulema District Viqarabad organized an annual writing competition, Study of Islam Quiz
پانچ مراکز پر تقریباً 3 ہزار طلبہ کی شرکت، منے گوڑہ اور کوڑنگل میں 500 طلبہ نے حصہ لیا

(اپنا ورنگل)
وقارآباد :
جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کے زیر اہتمام سالانہ تحریری مسابقہ ’’مطالعہ اسلام کوئز‘‘ کا آج بروز منگل ضلع کے مختلف مراکز پر کامیابی کے ساتھ انعقاد عمل میں آیا۔ اس سلسلے میں جامع مسجد محمدیہ، منے گوڑہ اور گورنمنٹ جونیئر کالج، کوڑنگل میں منعقدہ مسابقوں میں تقریباً 500 طلبہ نے حصہ لیتے ہوئے اپنی علمی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔منے گوڑہ میں مولانا محمد اقبال خان اور جامع مسجد محمدیہ کی انتظامی کمیٹی کی نگرانی میں مسابقہ منعقد ہوا، جبکہ کوڑنگل میں مولانا محمد عبدالباسط رشادی، صدر جمعیۃ علماء تعلقہ کوڑنگل اور حافظ محمد یوسف، خازن جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی نگرانی میں مقابلوں کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔
دونوں مراکز پر اطراف کے دیہات سے بھی طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔واضح رہے کہ مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی، صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی نگرانی اور ڈاکٹر حافظ عبدالسلام، نائب صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی نظامت میں ضلع کے پانچ مراکز وقارآباد، مرپلی، منے گوڑہ، کوڑنگل اور تانڈور میں منعقدہ اس مسابقے میں مجموعی طور پر تقریباً 3 ہزار طلبہ نے حصہ لیا۔
مسابقے میں مرکز کی سطح پر نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو ان کے متعلقہ مراکز پر، جبکہ ضلعی سطح کے ممتاز طلبہ کو 11 دسمبر بروز جمعہ تانڈور میں منعقد ہونے والے عظیم الشان اجلاس عام میں گراں قدر انعامات اور یادگاری مومنٹوز سے نوازا جائے گا۔ان مسابقوں کو کامیاب بنانے میں ضلع کے پانچوں مراکز سے وابستہ جمعیۃ علماء کے اراکین نے بھرپور محنت اور تعاون کیا۔

