مرزا فتح اللہ بیگ ریاض ’’نشانِ صحافت ایوارڈ‘‘ سے سرفراز

Mirza Fathaullah Baig Riaz awarded with  Nishan-e-Sahafat Award

تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کے دسویں اجلاس عام و نشان صحافت ایوارڈز میں اعزاز سے نوازا گیا، صحافتی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین

(اپنا ورنگل)

حیدرآباد:

تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کے ورنگل، ہنمکنڈہ، محبوب آباد، ملگ اور جے شنکر بھوپال پلی اضلاع کے کنوینر مرزا فتح اللہ بیگ ریاض کو ان کی طویل صحافتی خدمات اور اردو صحافت کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کرنے پر باوقار ’’نشانِ صحافت ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیا۔تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کے زیرِ اہتمام حیدرآباد کے ویٹس گارڈن میں منعقدہ دسویں جنرل باڈی میٹنگ کے موقع پر یہ اعزاز تلنگانہ میناریٹیز ریسیڈنشیل ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشنس سوسائٹی (TMREIS) کے چیئرمین جناب فہیم قریشی کے ہاتھوں عطا کیا گیا۔اس پروقار تقریب میں یونین کے بانی صدر اطہر معین صاحب ، صدر ڈاکٹر شجاع الدین افتخاری صاحب ، ریاست کے تاسیسی سرپرست ڈاکٹر ساجد معراج صاحب کے علاوہ دیگر معزز صحافیوں اور یونین کے عہدیداران و ذمہ داران نے شرکت کی۔

مرزا فتح اللہ بیگ ریاض طویل عرصے سے صحافتی میدان میں سرگرم عمل ہیں اور ورنگل، ہنمکنڈہ، محبوب آباد، ملگ اور جے شنکر بھوپال پلی اضلاع میں اردو صحافیوں کو متحد کرنے، ان کے حقوق و مسائل کی نمائندگی کرنے اور اردو صحافت کے فروغ کے لئے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں۔ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں دیا جانے والا یہ ایوارڈ ان کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ وابستگی کا اعتراف ہے۔

تقریب میں موجود صحافیوں اور یونین کے ذمہ داران نے اس اعزاز پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے مرزا فتح اللہ بیگ ریاض کو مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر مرزا فتح اللہ بیگ ریاض نے تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین کے تمام ذمہ داران، عہدیداران اور منتظمین کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس اعزاز کو اپنی صحافتی خدمات کا اعتراف قرار دیتے ہوئے یونین کی قیادت اور تمام اراکین کے تعاون اور حوصلہ افزائی پر اظہارِ تشکر کیا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ بھی اردو صحافت کے فروغ، صحافیوں کے اتحاد اور ان کے حقوق و مسائل کی نمائندگی کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔اس موقع پر شرکاء نے امید ظاہر کی کہ یہ اعزاز اردو صحافت سے وابستہ دیگر صحافیوں کے لئے بھی حوصلہ افزائی کا باعث بنے گا۔