مکتھل کے 12ویں وارڈ ریشم واڑہ میں اندرا اماں پریوار بیمہ اسکیم کا آغاز

Launch of the ‘Indiramma Parivar Bheema’ (Family Insurance) scheme in Resham Wada, Ward 12 of Makthal

ریاستی حکومت کی فلاحی اسکیم سے غریب اور مستحق خاندانوں کو تحفظ فراہم کرنے کی پہل

(اپنا ورنگل)

مکتھل:

ریاستی حکومت کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کے مقصد سے شروع کی گئی اہم اور باوقار اسکیم ’’اندرا اماں پریوار بیمہ اسکیم‘‘ کا مکتھل میونسپلٹی کے 12ویں وارڈ کے ریشم واڑہ میں باضابطہ طور پر آغاز عمل میں لایا گیا۔ ریاستی وزیر اور مکتھل کے رکن اسمبلی ڈاکٹر واکٹی سری ہری کی ہدایات کے مطابق اس پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر 12ویں وارڈ کے میونسپل کونسلر رحیم پٹیل نے اسکیم کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور غریب و متوسط طبقے کے خاندانوں کو معاشی تحفظ فراہم کرنے کے لیے مختلف فلاحی اقدامات کر رہی ہے۔

اندرا اماں پریوار بیمہ اسکیم بھی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے، جس کے ذریعے مستحق خاندانوں کو مشکل حالات میں مالی تحفظ فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے متعارف کردہ فلاحی اسکیموں سے ہر مستحق خاندان کو فائدہ پہنچانا عوامی نمائندوں اور متعلقہ عہدیداروں کی ذمہ داری ہے۔ اس سلسلے میں وارڈ کے عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ اسکیم سے متعلق معلومات حاصل کریں اور اس کے فوائد سے استفادہ کریں۔اس پروگرام میں وارڈ انچارج آفیسر انیتا، کانگریس کارکن حسام الدین، شانتی کمار، محمد حسین بابا (کیمپا ڈیلر)، فضل بھائی کلول کے علاوہ وارڈ کے معززین اور مقامی عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

پروگرام کے دوران اسکیم کے اغراض و مقاصد اور عوام تک اس کے فوائد پہنچانے کے سلسلے میں تبادلۂ خیال بھی کیا گیا۔مقامی عوام نے ریاستی حکومت کے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کی فلاحی اسکیموں کے ذریعے غریب اور مستحق خاندانوں کو مزید سہولتیں اور معاشی تحفظ حاصل ہوگا۔