مسکان کو کسی اور سے بات کرنا پڑا مہنگا؟ غصے میں عمران نے کردیا قتل!

Was it expensive for Muskan to talk to someone else? Imran killed him in anger

(اپنا ورنگل)

نئی دہلی:

نئی دہلی میں ایک 21 سالہ ماڈل مسکان پر چاقو سے حملہ کرکے قتل کرنے والے جِم ٹرینر عمران خان کو پولیس نے انکاؤنٹر کے بعد گرفتار کرلیا۔ پولیس کارروائی کے دوران عمران کی دونوں ٹانگوں میں گولیاں لگیں، جس کے بعد اسے سرکاری اسپتال منتقل کرکے علاج کیا جارہا ہے۔پولیس کے مطابق مسکان تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ماڈلنگ بھی کرتی تھی اور تلک نگر علاقے میں واقع اپنے گھر میں رہتی تھی۔  چاقو کے وار سے شدید زخمی ہونے کے بعد اس کی موت ہوگئی۔

واقعہ کا علم ہونے پر گھر میں کام کرنے والی خاتون نے پڑوسیوں کو اطلاع دی، جس کے بعد پولیس کو واقعہ کی اطلاع دی گئی۔ مسکان کو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے پہلے ہی مردہ قرار دے دیا۔پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پتہ لگایا کہ مسکان سے واقف جِم ٹرینر عمران شام تقریباً 5 بج کر 40 منٹ پر اس کے گھر پہنچا تھا۔ پولیس کے مطابق عمران نے مسکان پر چاقو سے حملہ کیا اور وہاں سے فرار ہوگیا۔ بعد ازاں پولیس نے راجوری گارڈن علاقے میں اسے گرفتار کرنے کی کوشش کی، تاہم عمران نے پولیس پر فائرنگ کردی۔

جوابی کارروائی میں وہ زخمی ہوگیا اور پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔پولیس نے بتایا کہ مسکان اور عمران کے درمیان گزشتہ ڈیڑھ سال سے واقفیت تھی۔ پولیس کے مطابق 20 اگست کو بھی دونوں ایک ہوٹل میں ملے تھے۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ مسکان کے کسی دوسرے شخص سے بات کرنے کی وجہ سے عمران گزشتہ دو ماہ سے اس سے ناراض تھا۔

پولیس افسر کے مطابق  مسکان گھر میں اکیلی تھی، عمران وہاں پہنچا۔ دونوں کے درمیان بحث ہوئی، جس کے بعد عمران نے مسکان پر چاقو سے کئی وار کیے اور موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے عمران خان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے اور معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

News Source : Agency