ورنگل ضلع کلکٹر کا چنتل، لینن نگر اور رنگا شائی پیٹ کا دورہ، ووٹروں میں بیداری

Warangal District Collector visits Chintal, Lenin Nagar and Rangashaipet, creates awareness among voters

(اپنا ورنگل)

ورنگل :

خصوصی جامع ووٹر نظرِ ثانی (SIR) پروگرام کے تحت ضلع کلکٹر ڈاکٹر ستیہ شاردہ نے ورنگل شہر کے چنتل، لینن نگر اور رنگا شائی پیٹ علاقوں کا دورہ کیا اور ووٹروں میں بیداری پیدا کی۔اس موقع پر انہوں نے گھر گھر جا کر عوام سے ملاقات کی اور کہا کہ ووٹر فہرست کی نظرِ ثانی کے عمل میں ہر شہری بڑھ چڑھ کر حصہ لے اور بوتھ لیول افسران (BLOs) کے ساتھ مکمل تعاون کرے۔

کلکٹر نے خاص طور پر بتایا کہ چنتل علاقے میں اقلیتی ووٹروں کی بڑی تعداد موجود ہے، اس لیے ان کے ووٹ مکمل طور پر محفوظ ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی ووٹر تفصیلات بروقت فراہم کریں، اینیومریشن فارم صحیح طریقے سے پُر کریں اور انہیں متعلقہ بی ایل او کے حوالے کریں۔

انہوں نے کہا کہ صاف، شفاف اور درست ووٹر فہرست کی تیاری کے لیے عوام کا تعاون نہایت ضروری ہے۔ ہر اہل شہری اپنی معلومات درج کرائے تاکہ کوئی بھی اپنے حقِ رائے دہی سے محروم نہ رہے۔اس موقع پر قلعہ ورنگل کے تحصیلدار اقبال اور دیگر متعلقہ افسران بھی ضلع کلکٹر کے ہمراہ موجود تھے۔

News Source : M.F. Baig Riaz