Umrah passenger forgets Rs 3 lakh in bus, conductor returns it to him and wins his heart

(اپنا ورنگل)
شاد نگر :
بس میں ایک مسافر کی جانب سے غلطی سے بھولی گئی تین لاکھ روپے کی نقد رقم واپس کرکے آر ٹی سی کنڈکٹر نے اپنی ایمانداری اور ذمہ داری کا ثبوت پیش کیا۔ یہ واقعہ ہفتہ کے روز پیش آیا۔تفصیلات کے مطابق شاد نگر کے معروف تاجر جہانگیر اپنی اہلیہ کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے روانگی کی تیاری کر رہے تھے۔ اسی سلسلے میں دونوں شاد نگر سے حیدرآباد جانے کے لیے آر ٹی سی بس میں سوار ہوئے۔
افضل گنج میں بس سے اترنے کے بعد وہ نامپلی کی جانب روانہ ہوگئے۔ کچھ دیر بعد جہانگیر کو احساس ہوا کہ تین لاکھ روپے نقد رقم والا ان کا بیگ بس میں ہی رہ گیا ہے۔دوسری جانب بس میں سامان رکھنے والی نشست کے قریب کنڈکٹر سریتا کی نظر اس بیگ پر پڑی۔ انہوں نے فوری طور پر ڈرائیور نرسمہلو کو اس کی اطلاع دی۔ دونوں نے مل کر نقد رقم والے بیگ کو محفوظ رکھا اور مسافر کے واپس آنے کا انتظار کیا۔
اس دوران پریشان حال جہانگیر جب دوبارہ بس اسٹینڈ پہنچے تو کنڈکٹر سریتا اور ڈرائیور نرسمہلو نے تین لاکھ روپے کی نقد رقم والا بیگ بحفاظت ان کے حوالے کردیا۔آر ٹی سی عملہ کی اس ایمانداری اور ذمہ دارانہ رویے کی ہر طرف سے ستائش کی جارہی ہے۔ تلنگانہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے وزیر پونم پربھاکر نے بھی کنڈکٹر سریتا کی ایمانداری کی خصوصی طور پر تعریف کی۔
کئی افراد نے کہا کہ اس واقعہ سے آر ٹی سی ملازمین کے تئیں عوام کے احترام میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
News Source : M.F. Baig Riaz

