موجودہ دنیا کے جنگی حالات کے تناظر میں عالم اسلام کے مسلمانوں کا رول

The role of Muslims in the Islamic world in the context of the current world war situation

مضمون نگار: اسدالعلماء محمد محسن پاشاہ قادری
جنرل سیکریٹری: کل ہند سنی علماء و مشائخ بورڈ، ضلع محبوب نگر

(اپنا ورنگل)

موجودہ دنیا ایک بار پھر جنگ و جدال ، بارود و خون ، خوف و ہراس بے چینی کی لپیٹ میں ہے ۔ فلسطین ، غزہ ، امریکہ اسرائیل و ایران ، لبنان ، یمن وسعودی عرب ، شام ،روس و یوکرین ، سوڈان اور کئی ممالک میں معصوموں کا خون بہہ رہا ہے ۔ بڑی طاقتیں اسلحہ بیچ رہی ہیں ، میڈیا نفرت پھیلا رہا ہے ، اور انسانیت سسک رہی ہے جبکہ ڈونالڈ ٹرمپ جیسے سوپر پاور ملک کا سربراہ نے بھی اپنی ہار وہزیمت کو ایران سے جنگ لڑنے کی غلطی کا اعتراف بھی کیا ہے ساری دنیا جانتی ہے کہ مللکوں کو جنگ کی بناء کبھی فتح حاصل نہیں ہوئ جس میں ہزاروں و لاکھوں بے گناہوں کو ہی موت کے گھاٹ اترنا پڑتا ہے ساری دنیا کی عوام امن و امان چاہتی ہے بالخصوص ساری دنیا کا مسلمان جو اللہ جل مجدہ اور حبیب پاک صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وصحبہ وسلم سے محبت کرتا ہے وہ امن کا پیامبر و علمبردار ہوتا ہے ۔

ایسے نازک وقت اور حالات میں مسلمان کا کردار کیا ہونا چاہیے؟
قرآن حکیم اور احادیث نبوی صلی اللہ علیہ و علی آلہ و صحبہ وسلم نے ہمیں اس کا واضح راستہ دکھایا ہے ۔

1. مسلمان امن کا داعی ہے ، فساد کا نہیں

اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
وَ لَا تُفْسِدُوْا فِی الْاَرْضِ بَعْدَ اِصْلَاحِهَا
ترجمہ: زمین میں اس کی اصلاح کے بعد فساد نہ پھیلاؤ ۔ ( سورۃ الاعراف: 56 )

اسلام نے جنگ کو بھی اصولوں کا پابند کیا ۔ نہ بچوں کو مارنا ، نہ عورتوں پر ظلم وستم ، نہ ہی درخت کاٹنا ، نہ عبادت گاہ گرانا ۔ آج دنیا کو یہی اسلامی تعلیم بتانے کی اشد ترین ضرورت ہے کہ اسلام دہشت گردی نہیں ، رحمت وبرکت اور نجات و مغفرت ہے۔

2. اتحاد امت – سب سے بڑی طاقت

اللہ جل مجدہ فرماتا ہے:
وَ اعْتَصِمُوْا بِحَبْلِ اللّٰهِ جَمِیْعًا وَّ لَا تَفَرَّقُوْا
ترجمہ: سب مل کر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور آپس میں تفرقہ نہ ڈالو ۔ ( سورہ آل عمران: 103 )

آج امت مسلمہ فرقہ واریت ، مسلک ، زبان اور ملک کی بنیاد پر بٹی ہوئی ہے ۔ دشمن اسی کمزوری سے فائدہ اٹھاتا ہے ۔ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم سنی ، وہابی ، شیعہ ، دیوبندی و بریلوی کے جھگڑوں سے اوپر اٹھ کر امت واحدہ بنیں ۔

خاتم النبیین شفیع المذنبین رحمۃ اللعٰلمین حضور نبیء کریم صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وصحبہ وسلم نے فرمایا:
المسلمون تتکافأ دماؤھم و یسعی بذمتھم ادناھم
ترجمہ: تمام مسلمان آپس میں برابر ہیں ، ان کا خون برابر ہے ، اور ان کا سب سے ادنیٰ بھی کسی کو پناہ دے سکتا ہے ۔

3. مظلوم کی حمایت ، ظالم کی شدت سے مخالفت

قرآن فرماتا ہے:
وَ مَا لَکُمْ لَا تُقَاتِلُوْنَ فِیْ سَبِیْلِ اللّٰهِ وَ الْمُسْتَضْعَفِیْنَ
ترجمہ: تمہیں کیا ہوا کہ اللہ جل مجدہ کی راہ میں اور کمزوروں کی خاطر نہیں لڑتے ۔ ( سورہ النساء: 75 )

غزہ کے بچے ، فلسطین کی مائیں اور بہنیں ، ہمیں پکار رہی ہیں ۔ مسلمان کا رول یہ ہے کہ وہ مظلوم کے ساتھ کھڑا ہو ، چاہے وہ کسی بھی مذہب کا ہو ۔ ظلم کے خلاف آواز اٹھانا ایمان کا تقاضا ہے آخری درجہ کا ایمان یہ ہیکہ ظالم کو برا سمجھتے ہوئے کم ازکم مظلموں کی حفاظت کے لئے بارگاہ خداوندی میں دست و بدعا رہے اور ظالموں کو یا تو ہدایت پھر اس کے سدھرنے کے آثار معلوم نہ تو رب کعبہ کی بارگاہ میں خاتم النبیین شفیع المذنبین رحمۃ اللعٰلمین حضور اکرم صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وصحبہ وسلم کے صدقے وطفیل دعائیں کریں بالخصوص قنوت نازلہ ،کثرت سے توبہ و استغفار اور رب کی بارگاہ میں گریہ و زاری کیساتھ دعاوؤں کا ضرور اہتمام کریں ۔

حدیث شریف ہے:
من لم یھتم بأمر المسلمین فلیس منھم
ترجمہ: جو مسلمانوں کے معاملے کی فکر نہ کرے وہ ان میں سے نہیں ۔

4. افواہوں اور سوشل میڈیا سے سخت اجتناب و احتیاط

آج جنگ میدان میں کم اور موبائل میں زیادہ لڑی جا رہی ہے ۔ جھوٹی ویڈیوز ، فیک خبر ، فرقہ وارانہ پوسٹ سے ملک میں فتنہ و فساد پھیلایا جا رہا ہے اور با اخلاق لوگوں کی شبیہ کو یکلخط بگاڑا جا رہاہے ہم اپنا محاسبہ کے بجائے دوسروں کے عیبوں کو ظاہر کرنے لگے ہیں ،بڑوں کا ادب واحترام ختم ہورہا ہے بڑے چھوٹوں سے شفقت و مہربانی سے نہیں پیش آرہے ہیں اکل حلال صدق مقال پر شائید ہی سو میں سے دس تا پندرہ فیصد لوگ ہی قائم ہونگے ما باقی ہم اگلے والے کو کس طرح لوٹیں صبح بیدار ہوتے ہی اس کی پلاننگ شروع ہوتی دکھائ دے رہی ہے ۔ منشیات بام عروج پر ،جھوٹ ، غیبت چوک و چبوتروں سے دعوتیں عداوتوں میں متبدل ہورہی ہیں –

اللہ تعالی فرماتا ہے:
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اِنْ جَآءَکُمْ فَاسِقٌۢ بِنَبَاٍ فَتَبَیَّنُوْا
ترجمہ: اے ایمان والو! اگر کوئی فاسق تمہارے پاس خبر لائے تو تحقیق کر لیا کرو ۔ ( سورہ الحجرات: 6 )

ہھارت کے مسلمانوں کو خاص طور پر احتیاط برتنی ہے ۔ کوئی بھی اشتعال انگیز ویڈیوز آگے نہ بھیجیں ، کسی جلوس یا جھگڑے میں جذباتی نہ ہوں ، قانون کا احترام کریں ۔ ہمارا امن ہی ہمارا سب سے بڑا ہتھیار و ہماری سب سے بڑی طاقت ہے ۔

5. دعا ، صبر اور تیاری

حضور نبیء کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وعلی آلہ وصحبہ وسلم نے فرمایا:
الدعاء سلاح المؤمن
ترجمہ: دعا مومن کا ہتھیار ہے ۔

ہمیں تہجد میں ، نمازوں ذکر و اذکار میں ،آیت کریمہ و درود پاک کے دسترخوان ، مسجدوں میں امت محمدیہؐ کے لئے رقت آمیز دعا کرنی ناگزیر ہے ۔ ساتھ ہی ساتھ تعلیم ، معیشت ، میڈیا اور ٹیکنالوجی میں خود کو مضبوط سے مضبوط تر کرنا ہے ۔ صرف جذباتی نعرے نہیں ، بلکہ عملی تیاری ضروری ہے ۔

حضور اکرم صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وصحبہ وسلم نے فرمایا:
المؤمن القوی خیر و احب الی اللہ من المؤمن الضعیف
ترجمہ: طاقتور مومن کمزور مومن سے اللہ کو زیادہ محبوب و پسندیدہ ہے ۔

6. ہھارت کے مسلمانوں سے خاص اپیل

اے اہل وطن ! یہ ملک ہمارا ہے ، ہم اس کے وفادار شہری ہیں ۔ ہمیں ملک کی سالمیت ، آئین اور بھائی چارے کی حفاظت کرنی ہے ۔ ہندو ، مسلم ، سکھ ، عیسائی آپس میں سب مل کر رہیں ۔ کسی دشمن کی چال میں نہ آئیں جو ہمیں آپس میں لڑانا چاہتا ہے ۔

علماء کرام کا فرض ہے کہ وہ جمعہ کے خطبوں و دیگر مذہبی جلسوں میں امن وسلامتی ، صبر اور اتحاد کا پیغام عظیم دیں ۔ نوجوانوں کا فرض ہے کہ وہ واجبات و فرائض کی دینی تعلیم حاصل کریں چاہے وہ ڈاکٹر انجینیئر ، سائینٹیسٹ ، وکیل و دیگر دنیاوی تعلیم سیکھنا چاہتے ہیں تو سیکھ سکتے ہیں ، روزگار پیدا کریں اور ملک کی ترقی میں حصہ لیں ۔

نتیجہ

جنگ کا جواب جنگ نہیں ، بلکہ موعظت و حکمت ، اتحاد و اتفاق ، دعا اور امن وسلامتی ہے۔ قرآن ہمیں کہتا ہے:
وَ اِنْ جَنَحُوْا لِلسَّلْمِ فَاجْنَحْ لَهَا
ترجمہ: اور اگر وہ صلح کی طرف جھکیں تو تم بھی صلح کی طرف جھک جاؤ ۔ ( سورۃ الانفال: 61 )

آئیئے! ہم سب عہد کریں کہ ہم امن کے سفیر بنیں گے ، مظلوم کے ساتھی بنیں گے ، وطن کے وفا دار بنیں گے اور امت کے اتحاد کے لئے کام کریں گے ۔

اللہ تعالیٰ فلسطین سمیت پوری دنیا کے راسخ العقیدہ مظلوم مسلمانوں کی مدد فرمائے ، اور دنیا کو امن و امان عطا فرمائے ۔ آمین یا مجیب السائلین ثم آمین یا رحمت اللعٰلمین صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وصحبہ وسلم ۔

—
از:مولانا محمد محسن پاشاہ قادری مولوی کامل جامعہ نظامیہ ، دفتر کل ہند سنی علماء و مشائخ بورڈ ، ضلع محبوب نگر