Major initiative in the educational sector in Warangal; decision taken to provide scholarships to 50 students
184 طلبہ نے تحریری امتحان میں حصہ لیا، 70 طلبہ انٹرویو کے مرحلے تک پہنچے

(اپنا ورنگل)
ورنگل :
پیپلز ویلفیئر اینڈ ایجوکیشن ٹرسٹ حیدرآباد کے زیر اہتمام مسلم ویلفیئر سوسائٹی ورنگل کے اشتراک سے تعلیمی سال 2026-27 کے لیے اسکالرشپ اسکریننگ ٹیسٹ مسلم ویلفیئر سوسائٹی کے دفتر میں واقع لَشکر بازار، ہنمکنڈہ میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔اس امتحان میں ورنگل، ہنمکنڈہ اور قاضی پیٹ کے مختلف اسکولوں سے تعلق رکھنے والے جملہ 184 طلبہ نے شرکت کرتے ہوئے اپنی تعلیمی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
تحریری امتحان کے نتائج کی بنیاد پر 70 نمایاں طلبہ کو انٹرویو کے لیے منتخب کیا گیا، جن سے جنرل نالج سمیت مختلف موضوعات پر سوالات کیے گئے۔ تحریری امتحان اور انٹرویو میں طلبہ کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد 50 طلبہ کو اسکالرشپ کے لیے قطعی طور پر منتخب کیا گیا۔اس پروگرام کی صدارت مسلم ویلفیئر سوسائٹی ورنگل کے صدر محمد سراج احمد نے کی، جبکہ پیپلز ویلفیئر اینڈ ایجوکیشن ٹرسٹ حیدرآباد کے صدر ڈاکٹر محمد متین الدین قادری کی نگرانی میں امتحانی کارروائی انجام دی گئی۔

اس موقع پر حیدرآباد سے محمد معزالدین، محمد شہاب الدین، محمد یونس، ڈاکٹر غلام کرمانی، سید مامون احمد، محمد صادق پٹیل، سید مزمل اور محمد عبدالشہباز بطور چیف ایگزامنرس اوربطور مہمان شرکت کی۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد متین الدین قادری نے کہا کہ اس طرح کے اسکالرشپ امتحانات طلبہ کی حوصلہ افزائی، ان کی تعلیمی صلاحیتوں کی شناخت اور مستحق و باصلاحیت طلبہ کو مالی معاونت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے تمام طلبہ کی بہترین کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے مختلف اسکولوں کے طلبہ کی پُرجوش شرکت پر اطمینان کا اظہار کیا۔مسلم ویلفیئر سوسائٹی ورنگل کے صدر محمد سراج احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ تعلیم طلبہ اور معاشرے کے روشن مستقبل کی تشکیل کا سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔ ایسے اسکالرشپ اسکریننگ ٹیسٹ منعقد کرنے کا بنیادی مقصد باصلاحیت اور مستحق طلبہ کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں مالی مشکلات کے بغیر اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی ترغیب دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی طور پر کمزور طبقات سے تعلق رکھنے والے ہونہار طلبہ کو اپنے تعلیمی مقاصد کی تکمیل کے لیے ہر ممکن مواقع اور تعاون فراہم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم ویلفیئر سوسائٹی تعلیمی سرگرمیوں کی سرپرستی جاری رکھتے ہوئے طلبہ کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے کاوشوں اداروں کے ساتھ مل کر کام کرتی رہے گی۔
امتحان کے انعقاد اور انتظامات میں مرزا چشتی حسن، خیرالناصرین، محمود علی، محمد سلیم احمد، محمد سمیع الدین، خواجہ اختر محی الدین، سید افتخار الدین، خواجہ عبدالرحیم لئیق، مرزا فتح اللہ بیگ ریاض، کرم علی خان، محمد ساجد عقیل، محمد عبدالمقتدر، سید سرور محی الدین حسینی، سید اشرف اور احمد خان نے بھرپور تعاون کیا۔

اس موقع پر ہاسٹل کی طالبات نے بھی بطور نگران امتحانی فرائض انجام دیتے ہوئے مختلف انتظامی امور میں معاونت کی۔منتظمین نے اسکالرشپ اسکریننگ ٹیسٹ کو کامیاب بنانے میں تعاون کرنے والے تمام طلبہ، اسکول انتظامیہ، امتحانی عملہ اور رضاکاروں سے اظہارِ تشکر کیا۔

