The great message of the life of the benefactor of humanity (PBUH) in Warangal, faith-inspiring speeches by Mufti Syed Masoom Saqib and Mufti Muhammad Mahmood Zubair Qasmi, emphasis on implementing the life of the Prophet (PBUH) in practical life
مفتی سید معصوم ثاقب کا سیرتِ نبوی ﷺ کو عملی زندگی میں اپنانے پر زور، مفتی محمد محمود زبیر قاسمی کی نوجوانوں کو اسوۂ حسنہ سے جوڑنے کی اپیل

(اپنا ورنگل)
ورنگل:
جمعیت علماء ضلع ورنگل کے زیرِ اہتمام ’’سیرتِ محسنِ انسانیت ﷺ‘‘ کے عنوان سے آبنوس فنکشن ہال، ایل بی نگر، ورنگل میں عظیم الشان جلسۂ عام کا انعقاد عمل میں آیا۔جلسے کے مہمانِ خصوصی جمعیت علماء ہند کے مرکزی جنرل سکریٹری حضرت مولانا مفتی سید معصوم ثاقب صاحب قاسمی دامت برکاتہم نے اپنے خطاب میں سیرتِ رسول اللہ ﷺ کے مختلف گوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی حیاتِ مبارکہ پوری انسانیت کے لیے رحمت، محبت، عدل، اخوت، رواداری اور حسنِ سلوک کا بے مثال نمونہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ رسول اکرم ﷺ نے اپنے عمل سے واضح کیا کہ انسان کی عزت و عظمت کا معیار رنگ، نسل، زبان یا مال و دولت نہیں بلکہ کردار، تقویٰ، عدل اور انسانیت ہے۔ آپ ﷺ نے ایسا معاشرہ قائم فرمایا جہاں یتیموں، مسکینوں، خواتین، کمزوروں اور ضرورت مندوں کے حقوق کی حفاظت کی گئی۔مفتی سید معصوم ثاقب نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے دشمنوں کے ساتھ بھی عدل و انصاف اور حسنِ سلوک کا مظاہرہ کیا اور انسانیت کو نفرت کے بجائے محبت، انتقام کے بجائے عفو و درگزر اور ظلم کے بجائے انصاف کا راستہ دکھایا۔

انہوں نے واضح کیا کہ سیرتِ نبوی ﷺ محض مسلمانوں کی مذہبی تاریخ کا ایک باب نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے مکمل ضابطۂ حیات ہے۔انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ سیرتِ طیبہ ﷺ کو صرف جلسوں، محافل اور تقریروں تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اسے اپنے اخلاق، معاملات، تجارت، گھریلو زندگی اور معاشرتی رویوں میں عملی طور پر اپنایا جائے۔ ان کے مطابق آج دنیا نفرت، عدم برداشت، تشدد اور باہمی اختلافات جیسے مسائل سے دوچار ہے، ایسے حالات میں سیرتِ محمدی ﷺ ہی امن، محبت، عدل، انصاف اور باہمی احترام کا راستہ دکھاتی ہے۔
مرکزی جنرل سکریٹری جمعیت علماء ہند نے کہا کہ اگر سیرتِ نبوی ﷺ کے اصولوں کو انفرادی اور اجتماعی زندگی میں نافذ کیا جائے تو معاشرے میں حقیقی امن اور بھائی چارہ فروغ پاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء ہند کی جدوجہد بھی خدمتِ خلق، امن، انصاف اور انسانیت کی فلاح کے اسی جذبے سے وابستہ ہے اور ضرورت مندوں کی مدد و مظلوموں کی حمایت کو اپنا دینی و انسانی فریضہ سمجھتی ہے۔

اس موقع پر جمعیت علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا مفتی محمد محمود زبیر صاحب قاسمی دامت برکاتہم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء کا پلیٹ فارم ہمیشہ ملک و ملت کے ساتھ ساتھ پوری انسانیت کی خدمت کے لیے سرگرم رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت نے ہر مشکل گھڑی میں عوام کی مدد اور مظلوم و بے سہارا افراد کی حمایت کو ترجیح دی ہے۔
مولانا مفتی محمد محمود زبیر قاسمی نے نوجوان نسل کو سیرتِ طیبہ ﷺ سے جوڑنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر نوجوان رسول اکرم ﷺ کے اسوۂ حسنہ، اخلاق، کردار، عدل و انصاف اور انسانیت نوازی کو اپنی زندگی کا حصہ بنالیں تو وہ اپنی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے ساتھ ساتھ ایک صالح اور پُرامن معاشرے کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔انہوں نے جمعیت علماء کے ذمہ داران اور کارکنان سے اپیل کی کہ خدمتِ انسانیت کے جذبے کو مزید مضبوط بناتے ہوئے فلاحی و سماجی سرگرمیوں کو وسعت دی جائے اور ضرورت مندوں، مظلوموں اور بے سہارا افراد کی حتی المقدور مدد کی جائے۔

اس عظیم الشان جلسہ کی سرپرستی حضرت مولانا محمد یوسف زاہد صاحب مظاہری دامت برکاتہم، سرپرست جمعیت علماء ضلع ورنگل نے کی، جبکہ حضرت مولانا محمد عتیق الرحمن صاحب اسعدی دامت برکاتہم کی حمایت حاصل رہی۔ جلسے کی قیادت جمعیت علماء تلنگانہ و آندھرا پردیش کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا مفتی محمد محمود زبیر صاحب قاسمی نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض جمعیت علماء ضلع ورنگل کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا محمد منور حسین صاحب قاسمی دامت برکاتہم نے انجام دیے۔
جلسے میں دیگر علماء کرام نے بھی سیرتِ رسول اللہ ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر ایمان افروز اور اصلاحی خطابات کیے۔ مقررین نے اخلاقِ نبوی ﷺ، عدل و انصاف، صبر و تحمل، رواداری، اخوت، انسانی ہمدردی اور خدمتِ خلق کی اہمیت کو اجاگر کیا۔جلسے کے انتظامات اور استقبال میں مجلسِ استقبالیہ کے ارکان نے اہم ذمہ داریاں انجام دیں۔

مجلسِ استقبالیہ میں مفتی محمد اظہر الدین صاحب حسامی، مولانا محمد منظور احمد قاسمی، مولانا محمد محمود صاحب قاسمی، مفتی محمد غوث صاحب اشاعتی، مولانا عبدالعزیز صاحب قاسمی، مولانا محمد صادق صاحب مری پڑا بنگلہ، مولانا محمد سلیم صاحب ملگ، مفتی محمد ساجد صاحب محبوب آباد، حافظ سید اسامہ، حافظ سید صادق حسین صاحب، مولوی محمد ریاض الدین صاحب، حافظ سعود احمد صاحب، مولانا محمد فاروق صاحب قاسمی، مفتی محمد فیروز بیگ صاحب قاسمی، حافظ محمد غلام مصطفی صاحب، حافظ محمد عبدالسلام صاحب، حافظ محمد ضیاء الرحمن صاحب، حافظ نعمان صاحب نرسم پیٹ، حافظ محمد کلیم صاحب، مولانا عبدالمقیت حسامی صاحب، حافظ وقاری شیخ ذاکر صاحب، حافظ محمد شفیع صاحب، مولانا غلام رسول صاحب، حافظ عامر صاحب، حافظ عبد الوہاب صاحب، حافظ عقیل صاحب، حافظ واحد اللہ صاحب اور دیگر محبانِ جمعیت علماء ضلع ورنگل شامل رہے۔
اس عظیم الشان جلسۂ کے کنوینر حافظ وقاری محمد عبدالمقیت صاحب رحمانی، سٹی سکریٹری جمعیت علماء ورنگل تھے۔جلسے کےاختتام پر ملک و ملت کی سلامتی، امن و امان، باہمی اتحاد و اتفاق اور پوری انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ بعد ازاں حضرت مولانا محمد محسن صاحب قاسمی نقشبندی، سٹی صدر جمعیت علماء ورنگل نے کلماتِ تشکر پیش کرتے ہوئے علماء کرام، مہمانانِ خصوصی، جمعیت کے ذمہ داران و کارکنان اور جلسے میں شریک تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔
News Source : M.F. Baig Riaz

