ورنگل میں جمعیت علماء ہند کی تیسری عظیم الشان محفلِ حمد و نعت و مدحتِ صحابہ کا کامیاب انعقاد۔

Successful organization of Jamiat Ulama-e-Hind third grand gathering of Hamd, Naat, and tributes to the Companions (Sahaba) in Warangal

50 سے زائد علماء، حفاظ، ائمہ، خطباء اور نعت خواں حضرات کی شرکت، اذانِ فجر تک جاری رہی محفل

(اپنا ورنگل)

ورنگل:

جمعیت علماء ہند متحدہ ضلع ورنگل کے زیرِ اہتمام شہر ورنگل میں تیسری عظیم الشان محفلِ حمد و نعت و مدحتِ صحابہ کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ اس محفل میں 50 سے زائد علماء، حفاظ، ائمہ، خطباء اور نعت خواں حضرات نے شرکت کرتے ہوئے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نذرانۂ عقیدت پیش کیا اور مدحتِ صحابۂ کرامؓ کے ذریعے اپنے دینی جذبات کا اظہار کیا۔ محفل بعد نمازِ عشاء شروع ہوئی اور اذانِ فجر کے وقت اختتام پذیر ہوئی۔

محفل کا مقصد علماء، حفاظ، ائمہ اور خطباء کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ان کی حوصلہ افزائی کرنا اور دینی خدمات انجام دینے والے حضرات کے درمیان باہمی روابط کو مستحکم بنانا تھا۔ رات بھر جاری رہنے والی اس محفل میں شرکاء نے اپنے کلام پیش کیے، جنہیں حاضرین نے عقیدت و احترام کے ساتھ سماعت کرتے ہوئے داد و تحسین سے نوازا۔اس عظیم الشان محفل کی سرپرستی حضرت حافظ و قاری محمد عبداللہ فاضل، حضرت مولانا محمد عتیق الرحمن اسعدی اور حضرت حافظ و قاری محمد بدرالدین نے فرمائی، جو جمعیت علماء ضلع ورنگل کے سرپرست ہیں۔

محفل کی صدارت مجاہدِ ختمِ نبوت حضرت مولانا سید ایوب قاسمی، صدر جمعیت علماء متحدہ ضلع ورنگل نے کی، جبکہ قیادت کے فرائض حضرت مولانا محمد منور حسین قاسمی، جنرل سیکریٹری جمعیت علماء متحدہ ضلع ورنگل نے انجام دیے۔محترم مولانا منظور احمد قاسمی اور حافظ محمد عبدالسلام ابراری نے محفل کی نگرانی کی۔ نظامت کے فرائض مفتی محمد اظہر الدین حسامی، نائب صدر جمعیت علماء ضلع ورنگل، اور مولانا محمد صدیق الرحمن اسعدی نے انجام دیے، جبکہ پروگرام کے کنوینر حافظ و قاری محمد عبدالمقیت رحمانی، سٹی سیکریٹری جمعیت علماء ورنگل تھے۔

محفل کے اختتام پر جمعیت علماء ضلع ورنگل کی جانب سے شریک علماء، حفاظ، ائمہ، خطباء اور نعت خواں حضرات کو یادگاری شیلڈ پیش کرکے اعزاز و تکریم کے ساتھ رخصت کیا گیا۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ علماء و حفاظ کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، ان کی حوصلہ افزائی کرنے اور دینی و ملی خدمات کے فروغ کے لیے ایسے اجتماعات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔