مولانا ابوالکلام آزاد قومی ایوارڈ سمیت مختلف اعزازات کے لیے درخواستیں مطلوب۔

Applications are invited for various awards including Moulana Abul Kalam Azad National Award

آندھرا پردیش اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کی جانب سے 30 اکتوبر تک درخواستیں داخل کرنے کی اپیل

(اپنا ورنگل)

وجئے واڑہ :

آندھرا پردیش اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کی جانب سے ہر سال کی طرح امسال بھی 11 نومبر کو آزاد ہندوستان کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کے یومِ پیدائش کے موقع پر اردو زبان و ادب کے فروغ اور مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو باوقار ایوارڈز پیش کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں اکیڈیمی نے مستحق شخصیات اور امیدواروں سے درخواستیں طلب کی ہیں۔

آندھرا پردیش اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کے چیئرمین جناب محمد فاروق شبلی نے پریس کانفرنس کے دوران صحافتی اعلامیہ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ اکیڈیمی کی جانب سے مولانا ابوالکلام آزاد قومی ایوارڈ، ڈاکٹر عبدالحق ایوارڈ، کارنامۂ حیات ایوارڈ، بہترین اردو ٹیچر ایوارڈ اور بہترین اردو اسٹوڈنٹ ایوارڈز پیش کیے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ مولانا ابوالکلام آزاد قومی ایوارڈ اردو زبان و ادب کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو دیا جاتا ہے۔

اس قومی ایوارڈ کے تحت 2 لاکھ 25 ہزار روپے نقد رقم، توصیف نامہ اور میمنٹو پیش کیا جائے گا۔ اسی طرح جنوبی ہند کے ممتاز ماہرِ تعلیم ڈاکٹر عبدالحق کے نام سے موسوم ایوارڈ کے تحت 1 لاکھ 25 ہزار روپے نقد رقم، توصیف نامہ اور میمنٹو دیا جائے گا۔چیئرمین نے مزید بتایا کہ کارنامۂ حیات ایوارڈ کے تحت آٹھ زمروں میں اردو زبان و ادب کی خدمت کرنے والی شخصیات کو اعزازات سے نوازا جائے گا۔

ان زمروں میں شاعری کے لیے دو، فروغِ اردو کے لیے دو، نثر کے لیے ایک، تحقیق و تنقید کے لیے ایک، تعلیم و تدریس کے لیے ایک اور صحافت و ذرائع ابلاغ کے لیے ایک ایوارڈ شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست آندھرا پردیش کے تمام 26 اضلاع سے منتخب تین اردو اساتذہ اور تین اردو طلبہ کو بالترتیب بہترین اردو ٹیچر اور بہترین اردو اسٹوڈنٹ ایوارڈز دیے جائیں گے۔

بہترین اردو ٹیچر ایوارڈ کے لیے شرائط:

اکیڈیمی کے ڈائریکٹر و سکریٹری جناب نظام الدین نے بتایا کہ بہترین اردو ٹیچر ایوارڈ کے لیے درخواست گزار کی کم از کم پانچ سال کی مدتِ ملازمت ہونا ضروری ہے۔ اساتذہ اکیڈیمی کی جانب سے جاری کردہ درخواست فارم پر اپنی درخواستیں متعلقہ ڈپٹی انسپکٹر آف اسکولس یا ڈی ای او/ڈپٹی ڈی ای او سے تصدیق کروانے کے بعد داخل کرسکتے ہیں۔

درخواستیں 30 اکتوبر 2026ء تک راست یا بذریعہ ڈاک درج ذیل پتے پر روانہ کی جاسکتی ہیں:

ریجنل سنٹر لائبریری، آندھرا پردیش اسٹیٹ اردو اکیڈیمی،
219، امداد گھر کمپلیکس، ہیڈ پوسٹ آفس، وجئے واڑہ – 520001۔

انہوں نے بتایا کہ بہترین اردو ٹیچر ایوارڈ کے درخواست فارم اکیڈیمی کے صدر دفتر، ڈی ایم ڈبلیو اردو ٹریننگ سینٹرز اور اردو اکیڈیمی کی لائبریریوں میں مفت دستیاب رہیں گے۔ درخواست فارم کی فوٹو کاپی بھی قابلِ قبول ہوگی۔

کارنامۂ حیات ایوارڈ کے لیے بھی درخواستیں طلب

جناب نظام الدین نے بتایا کہ کارنامۂ حیات ایوارڈ کے لیے ریاست آندھرا پردیش کے ادیبوں، شاعروں، نقادوں، ماہرینِ تعلیم، صحافیوں اور فروغِ اردو کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد اپنی درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔

درخواست کے ساتھ ایک عدد تصویر، مکمل بائیوڈیٹا، بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات، آدھار کارڈ کی فوٹو کاپی، اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے انجام دی گئی خدمات کی تفصیلات اور دیگر ضروری دستاویزی ثبوت منسلک کرنا لازمی ہوگا۔ درخواستیں 30 اکتوبر 2026ء تک داخل کی جاسکتی ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایوارڈز کے لیے مستحق شخصیات کے انتخاب کی غرض سے اردو زبان و ادب کے ماہرین اور ماہرینِ تعلیم پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، جو امیدواروں کی خدمات کا جائزہ لے کر ایوارڈ یافتگان کا انتخاب کریں گی۔

چیئرمین محمد فاروق شبلی نے بتایا کہ تمام ایوارڈز 11 نومبر کو مولانا ابوالکلام آزاد کے یومِ پیدائش کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریبِ یومِ اقلیتی بہبود میں پیش کیے جائیں گے۔اس پریس کانفرنس میں اکیڈیمی کے ڈائریکٹر و سکریٹری جناب نظام الدین، اکاؤنٹس آفیسر سہیل اور سپرنٹنڈنٹ اپتا بھ بھی موجود تھے۔