روڈی شیٹرز اور پرانے مجرموں پر مسلسل نظر رکھیں: ورنگل پولیس کمشنر این. شویتا

Keep a constant watch on rowdy-sheeters and old criminals: Warangal Police Commissioner N. Shweta

(اپنا ورنگل)

ورنگل :

ورنگل پولیس کمشنر این. شویتا  نے پولیس افسران کو ہدایت دی کہ اپنے اپنے پولیس اسٹیشن کے حدود میں روڈی شیٹرز کے رویے اور سرگرمیوں پر مسلسل نظر رکھیں۔ ماہانہ جرائم کے جائزہ اجلاس کے تحت ہفتہ کو کمشنریٹ دفتر میں پولیس کمشنر کی نگرانی میں کرائم ریویو میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ڈی سی پیز اور اے سی پیز نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پولیس کمشنر نے کہا کہ جرائم پر قابو پانے کے لیے ہر پولیس افسر کو مسلسل محنت کرنا ضروری ہے۔

ہر پولیس اسٹیشن کے افسران اور عملہ اپنے حدود کے عوام کے ساتھ بہتر تعلقات برقرار رکھیں اور ان کے مسائل پر فوری ردعمل دیں۔ عوام اور پولیس کے درمیان دوستانہ ماحول قائم ہونے سے مستقبل میں امن و امان سے متعلق پیدا ہونے والے مسائل کو آسانی سے حل کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جرم ہونے کے بعد تحقیقات کرنے سے زیادہ اہم جرم کو ہونے سے روکنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنا ہے۔ موجودہ دور میں منشیات کی وجہ سے بہت سے نوجوانوں کا مستقبل تاریک ہورہا ہے۔

اس مسئلے کی روک تھام کے لیے پولیس افسران منشیات استعمال کرنے والوں کی نشاندہی کریں اور منشیات فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے نوجوانوں کو ڈرگس سے بچانے کے اقدامات کریں۔ ہر پولیس اسٹیشن میں کرائم اسٹاف مقرر کرتے ہوئے منشیات استعمال کرنے والوں اور فروخت کرنے والوں سے متعلق معلومات جمع کی جائیں۔پولیس کمشنر نے مزید کہا کہ ماضی میں جرائم میں ملوث رہنے والے اور فی الحال معاشرے میں زندگی گزارنے والے پرانے مجرموں کی نقل و حرکت پر بھی پولیس نظر رکھے۔

اسی طرح عوام کو سائبر جرائم پیشہ افراد کے ہاتھوں دھوکہ دہی سے بچانے کے لیے بڑے پیمانے پر آگاہی پروگرام منعقد کیے جائیں۔بعد ازاں پولیس کمشنر نے زیر التوا مقدمات میں ملزمین کی گرفتاری، کیسوں کی تحقیقات، عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی موجودہ صورتحال اور پولیس اسٹیشن کے افسران و عملہ کی کارکردگی کے بارے میں متعلقہ پولیس افسران سے تفصیلات حاصل کیں۔اس اجلاس میں ڈی سی پیز انکیت کمار، دارا کویتا، راج مہندر نائک، کشن سنگھ، ایڈیشنل ڈی سی پیز سریش کمار، بالاسوامی کے علاوہ اے سی پیز اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی۔

News Source : M.F. Baig Riaz