Foundation stone of development works worth Rs 1.5 crore laid in Pothana Nagar Hanamkonda
ہر ڈویژن کے لیے 10 سے 20 کروڑ روپے تک فنڈس مختص، سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر تمام علاقوں کی ترقی اولین ترجیح: نائنی راجندر ریڈی
(اپنا ورنگل)
ہنمکنڈہ :
ورنگل مغربی کے رکن اسمبلی نائنی راجندر ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت عوامی حکمرانی کے تحت حلقہ انتخاب کے تمام ڈویژنوں میں یکساں ترقی اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے 11ویں ڈویژن کے پوتھانا نگر میں تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے کی لاگت سے اندرونی سڑکوں اور سائیڈ ڈرینیج کی تعمیر کے کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے کہا کہ پوتھانا نگر میں گزشتہ چار دہائیوں سے سڑکوں کا مسئلہ برقرار تھا، جس کے مستقل حل کے لیے معیاری سی سی سڑکیں اور ڈرینیج نظام تعمیر کیا جارہا ہے۔
نائنی راجندر ریڈی نے بتایا کہ حلقہ کے تمام 26 ڈویژنوں میں سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر ترقیاتی کام انجام دیے جارہے ہیں اور ہر ڈویژن کے لیے تقریباً 10 سے 20 کروڑ روپے تک فنڈس مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل شہر میں جلد ہی انڈر گراؤنڈ ڈرینیج (یو جی ڈی) کے کام شروع کیے جائیں گے، جن کی تکمیل سے نکاسی آب کے مسائل کا مستقل حل ممکن ہوگا۔
ان کاموں کے دوران سڑکوں کی کھدائی کے باعث عوام کو عارضی مشکلات پیش آسکتی ہیں، لہٰذا انہوں نے عوام سے تعاون کی اپیل کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صنعتی و آئی ٹی شعبوں کی ترقی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ چھ ضمانتوں سمیت مختلف فلاحی اسکیموں کے ذریعہ عوام کی زندگیوں کو بہتر بنانے کے اقدامات بھی جاری ہیں۔
اس موقع پر کوڈا چیرپرسن گنڈو سدھارانی، سابق ایم ایل سی پُلّا پدما، ڈویژن انچارج بوڈا ڈِنّا، سابق کارپوریٹر دیوراکونڈا وجئے لکشمی سریندر، ڈویژن صدر صمَد، سابق صدر سنگیت، گولکنڈہ سامبیا، بوما سریش، پورنا، کرانتی، روشن اور دیگر موجود تھے۔

