Warangal Police conduct large-scale anti-drug operation; 29 individuals test positive for drugs
107 افراد کی جانچ، 17 دوپہیہ گاڑیاں، 2 کاریں اور 3 الیکٹرک موٹر پمپس ضبط

(اپنا ورنگل)
ورنگل :
ورنگل پولیس کمشنریٹ کے حدود میں منشیات کے استعمال، غیر قانونی کاروبار اور سماجی برائیوں پر قابو پانے کے لیے پولیس نے خصوصی مہم چلائی۔ جمعہ کی صبح پولیس کمشنر این۔ سویتا، آئی پی ایس اور سنٹرل زون ڈی سی پی دھارا کویتا کی نگرانی میں آٹو نگر، کریم آباد، کاشی بگہ، شمبونی پیٹ، شیونگر اور ایل بی نگر علاقوں میں بڑے پیمانے پر اچانک تلاشی مہم چلائی گئی۔
اس دوران 107 افراد کے ڈرگس ٹیسٹ کیے گئے، جن میں 29 افراد کی رپورٹ مثبت آئی۔ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔پولیس کمشنر نے کہا کہ منشیات کا استعمال نوجوانوں کے مستقبل اور سماج کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ منشیات کی سربراہی، فروخت اور غیر قانونی منتقلی میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ نشے کے عادی افراد کو علاج اور کونسلنگ کے ذریعے معمول کی زندگی میں واپس لانے کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
کارروائی کے دوران مناسب دستاویزات اور نمبر پلیٹس کے بغیر 17 دوپہیہ گاڑیاں، 2 کاریں اور 3 الیکٹرک موٹر پمپس ضبط کیے گئے، جبکہ ملس کالونی پولیس اسٹیشن میں پی آئی ٹی اے ایکٹ کے تحت ایک مقدمہ درج کیا گیا۔پولیس نے کمیونٹی کنیکٹ پروگرام کے تحت مقامی عوام سے ملاقات کرتے ہوئے جرائم اور غیر سماجی سرگرمیوں سے متعلق معلومات حاصل کیں اور ہر کالونی میں کمیونٹی سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی اپیل کی۔
کمشنر نے واضح کیا کہ اس طرح کی اچانک تلاشی مہم آئندہ بھی جاری رہے گی اور منشیات یا دیگر جرائم سے متعلق معلومات ڈائل 100 یا 112 پر یا قریبی پولیس اسٹیشن کو دینے کی اپیل کی۔ اطلاع دینے والوں کی تفصیلات خفیہ رکھی جائیں گی۔ اس کارروائی میں ڈی سی پی دھارا کویتا، ورنگل انچارج اے سی پی نرسمہا راؤ اور مٹھواڑہ، انتصار گنج اور ملس کالونی کے انسپکٹرس کے علاوہ پولیس عملے نے حصہ لیا۔

