Announcement to intensify the struggle for the protection of tribal rights; demand for the withdrawal of cases against Raju Naik

(اپنا ورنگل)
نارائن پیٹ:
قبائلی عوام کے مسائل کو اجاگر کرنے والے راجو نائک کے خلاف درج مقدمات کو غیر مشروط طور پر واپس لینے اور کانگریس پارٹی کی جانب سے چیویلا میں اعلان کردہ قبائلی ڈیکلریشن پر فوری عمل آوری کا مطالبہ ٹی آر پی پارٹی کے ریاستی سکریٹری ایم۔ شیوا ویرا ریڈی، سیوا لال سینا کے ریاستی صدر بانوتھ حسین نائک اور بی ایس پی ضلع صدر بودیگیلا سرینواس نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قبائلیوں کے حقوق، سیاسی نمائندگی اور ترقی کے لیے جدوجہد کو مزید تیز کیا جائے گا۔
پیر کے روز ضلع نارائن پیٹ کے امبیڈکر بھون میں منعقدہ ’’قبائلی آواز – جدوجہد یاترا‘‘ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شیوا ویرا ریڈی نے کہا کہ ’تلنگانہ یوا گلم‘ چینل کے ذریعے راجو نائک قبائلی عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کو منظر عام پر لا رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ قبائلی مسائل کو قانونی دائرے میں رہتے ہوئے اٹھانے والوں کے خلاف مقدمات درج کرنا کہاں کا انصاف ہے؟ انہوں نے کہا کہ قبائلیوں ہی کے خلاف دوسرے قبائلیوں کے ذریعے مقدمات درج کروانا مناسب نہیں ہے۔
انہوں نے رکن اسمبلی کے پی اے چٹیم مادھو ریڈی پر مٹی اور ریت کی مبینہ غیر قانونی کھدائی، اپنے حامیوں کو فلاحی اسکیموں سے فائدہ پہنچانے اور مسائل اٹھانے والوں کے خلاف مقدمات درج کروانے جیسے الزامات پر وضاحت دینے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام ووٹ دے کر منتخب کرتے ہیں، اگر منتخب نمائندہ عوام کے لیے دستیاب نہ ہو تو عوام کو سوال کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔
راجو نائک کے خلاف درج مقدمات کے معاملے میں پہلے ہی ایس پی سے ملاقات کرتے ہوئے شکایت بھی درج کروانے کی بات کہی۔دوسری جانب سیوا لال سینا کی جانب سے گزشتہ سات دنوں سے جاری ’’قبائلی آواز – تانڈوں میں شب گزاری‘‘ پروگرام کے تحت پیر کے روز امبیڈکر چوراہے پر ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمے پر گلپوشی کرتے ہوئے خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
اس موقع پر سیوا لال سینا کے ریاستی صدر بانوتھ حسین نائک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی نے انتخابات کے دوران قبائلی عوام سے کئی وعدے کیے تھے، لیکن اقتدار میں آنے کے بعد ان وعدوں پر عمل آوری کو نظر انداز کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چیویلا قبائلی ڈیکلریشن محض انتخابی وعدہ بن کر نہیں رہنا چاہیے بلکہ اس میں شامل تمام نکات پر حکومت فوری عمل کرے۔
قائدین نے کہا کہ ضلع کی مجموعی آبادی میں تقریباً سات فیصد حصہ رکھنے والے قبائلیوں کو سیاسی اور نامزد عہدوں میں مناسب نمائندگی نہیں دی جا رہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ قبائلیوں کو صرف ووٹ بینک کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ ضلع میں بنجارہ بھون کی تعمیر فوری شروع کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر راجو نائک کے خلاف درج مقدمات واپس نہیں لیے گئے اور قبائلی ڈیکلریشن پر عمل نہیں کیا گیا تو ڈی جی پی سطح کے اعلیٰ پولیس عہدیداروں سے ملاقات کرتے ہوئے شکایت درج کروائی جائے گی اور بڑے پیمانے پر احتجاجی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
ضرورت پڑنے پر براہِ راست سیاست میں حصہ لیتے ہوئے انتخابات میں مقابلہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔اس پروگرام میں سیوا لال ودیارتھی سینا کے ریاستی صدر راجو راٹھوڑ، سرینواس نائک، تشہیری سکریٹری تروپتی نائک سمیت دیگر قائدین اور کارکنان نے شرکت کی۔

