Muslim Welfare Society’s free homeopathy medical camp in Hanamkonda concludes successfully
ڈاکٹر انیس احمد صدیقی نے ربن کاٹ کر کیا افتتاح، ڈاکٹر جاوید اور ڈاکٹر عائشہ کی شال پوشی کرکے تہنیت پیش کی گئی

(اپنا ورنگل)
ورنگل :
مسلم ویلفیئر سوسائٹی ورنگل کے زیرِ اہتمام ہنمکنڈہ کے بکلہ گڈہ میں منعقدہ مفت ہومیوپیتھی میڈیکل کیمپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ کیمپ میں مختلف امراض میں مبتلا افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے مفت طبی مشاورت اور علاج کی سہولت سے استفادہ کیا۔اس پروگرام کی صدارت مسلم ویلفیئر سوسائٹی ورنگل کے صدر محمد سراج احمد نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی ڈاکٹر انیس احمد صدیقی نے ربن کاٹ کر کیمپ کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر سوسائٹی کے ذمہ داران نے سینئر ہومیوپیتھی کنسلٹنٹس ڈاکٹر محمد جاوید اور ان کی اہلیہ ڈاکٹر عائشہ کی شال پوشی کرتے ہوئے تہنیت پیش کی۔کیمپ کے دوران ڈاکٹر جاوید اور ڈاکٹر عائشہ نے مریضوں کا طبی معائنہ کرتے ہوئے مختلف امراض سے متعلق مفت طبی مشورے فراہم کیے۔ ذیابیطس، بلڈ پریشر، امراضِ قلب، گھٹنوں اور جوڑوں کے درد، کندھوں کے درد سمیت مختلف طبی مسائل سے 100 سے زائد افراد نے کیمپ سے استفادہ کیا۔

مریضوں کو ان کی شکایات کے مطابق ضروری رہنمائی کرتے ہوئے مفت ادویات فراہم کی گئی۔اس موقع پر ڈاکٹروں نے ایلوپیتھی اور ہومیوپیتھی طریقہ علاج کے درمیان فرق پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دونوں طریقہ ہائے علاج کی اپنی الگ خصوصیات اور طریقۂ کار ہیں۔ ایلوپیتھی میں بیماری کی تشخیص کے بعد سائنسی شواہد پر مبنی ادویات اور علاج کے ذریعے مرض پر قابو پانے کی کوشش کی جاتی ہے، جبکہ ہومیوپیتھی میں مریض کی علامات اور مجموعی کیفیت کو مدنظر رکھتے ہوئے علاج تجویز کیا جاتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی بیماری کی ابتدائی علامات کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے اور بروقت تشخیص کے ساتھ مستند طبی ماہرین سے مشورہ حاصل کرنا ضروری ہے۔ڈاکٹروں نے عوام کو اپنی صحت کے تعلق سے ضروری رہنمائی فراہم کرتے ہوئے کہا کہ علاج کے انتخاب میں بیماری کی نوعیت اور مریض کی حالت کو مدنظر رکھنا چاہیے۔ سنگین امراض میں مستند ڈاکٹر سے رجوع کرنا اور تجویز کردہ علاج پر عمل کرنا انتہائی اہم ہے۔

کیمپ میں محمد عبد الکلیم، مرزا چشتی حسن، محمد سلیم احمد، اکبر ضیاء، مرزا فتح اللہ بیگ ریاض، محمد محمود علی، خواجہ عبد الرحیم، ساجد عقیل، محمد غوث محی الدین، محمد قادر، سید افتخار الدین، خواجہ اسلم محی الدین، این آر آئی عزیز ، قادر محی الدین، اعظم، زبیر غفوری، بابا شرف الدین، ضیاء خان اور شاکر عامر علی کے علاوہ مسلم ویلفیئر سوسائٹی کے دیگر ذمہ داران اور مقامی افراد نے شرکت کی۔
مفت ہومیوپیتھی میڈیکل کیمپ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے طبی کیمپوں کے ذریعے عوام کو مفت طبی مشاورت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ صحت سے متعلق شعور بیدار کرنے میں مدد ملتی ہے۔


