جمعیۃ علماء عنبرپیٹ کے زیرِ اہتمام 12 ستمبر کو عظیم الشان جلسۂ کا انعقاد۔

A grand gathering was held on September 12th under the auspices of Jamiat Ulema Amberpet

بعنوان : سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم اور ہماری ذمہ داریاں

(اپنا ورنگل)

حیدرآباد :

جمعیۃ علماء حلقہ عنبرپیٹ کے زیرِ اہتمام اور مسجد زم زم باغ عنبرپیٹ کے انتظامات میں ’’سیرتِ محسنِ انسانیت ﷺ اور ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے عنوان سے ایک عظیم الشان جلسۂ عام 12 ستمبر 2026ء، مطابق 29 ربیع الاول 1448ھ، بروز ہفتہ بعد نمازِ عشاء مسجد زم زم، باغ عنبرپیٹ، حیدرآباد میں منعقد ہوگا۔

اس موقع پر محبوب العلماء حضرت اقدس مولانا شاہ محمد جمال الرحمن صاحب مفتاحی دامت برکاتہم العالیہ، امیرِ شریعت تلنگانہ و آندھرا پردیش، کا خصوصی اور بصیرت افروز خطاب ہوگا۔ جلسے کی سرپرستی حضرت مولانا مصدق القاسمی صاحب، نائب صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ و صدر جمعیۃ علماء گریٹر حیدرآباد، فرمائیں گے، جبکہ خادم القرآن حضرت مولانا حافظ محمد غوث رشیدی صاحب، نائب صدر جمعیۃ علماء گریٹر حیدرآباد، بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیۃ علماء عنبرپیٹ کے صدر مولانا حافظ محمد یعقوب صاحب نے کہا کہ شمعِ محمدی ﷺ کے پروانوں کو اس بات پر غور کرنا چاہیے کہ ہم سیرتِ رسول ﷺ کو صرف کتابوں تک محدود رکھنا چاہتے ہیں یا اسے اپنی عملی زندگی کا حصہ بھی بنانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم واقعی حضور اکرم ﷺ کے امتی ہیں تو ہمیں اپنے دلوں سے کدورتیں، معاملات سے خیانت، زبان سے جھوٹ، آنکھوں سے بدنگاہی اور رویے سے تکبر نکالنا ہوگا،

جبکہ اپنے معاشرے سے ظلم و تشدد کا خاتمہ کرتے ہوئے دلوں میں محبت، رحم دلی، عدل و انصاف، اخوت اور امانت پیدا کرنا ہوگا۔مولانا حافظ محمد یعقوب نے کہا کہ ہمیں دوسروں کا احتساب کرنے کے بجائے اپنا احتساب کرنا چاہیے اور دوسروں کے کردار میں خامیاں تلاش کرنے کے بجائے اپنے کردار کا محاسبہ کرنا چاہیے۔ ہمیں اپنے دل سے یہ سوال کرنا چاہیے کہ ہمارے عشقِ رسول ﷺ نے ہماری زندگی میں کیا تبدیلی پیدا کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہماری نماز ہمیں بہتر انسان نہیں بناتی، روزہ ہمیں صبر نہیں سکھاتا، نعت ہمارے لہجے میں نرمی پیدا نہیں کرتی، درود شریف ہمارے دل میں محبت نہیں جگاتا اور سیرتِ طیبہ کا مطالعہ ہمارے معاملات میں دیانت نہیں پیدا کرتا تو ہمیں سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے کہ کہیں ہم نے دین کو صرف پڑھا تو نہیں، مگر اسے اپنی زندگی میں اختیار نہیں کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ سیرتِ مصطفیٰ ﷺ کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ ہمارا ایمان ہمارے کردار میں نظر آئے،

ہماری محبت ہمارے معاملات سے ظاہر ہو، ہماری عبادت ہمارے اخلاق میں جھلکے اور ہماری نسبتِ محمدی ﷺ ہماری پوری زندگی کی پہچان بن جائے۔مولانا حافظ محمد یعقوب نے عوام سے اپیل کی کہ بالخصوص اہلیانِ عنبرپیٹ اس عظیم الشان جلسے میں کثیر تعداد میں شرکت کرتے ہوئے علماء کے بصیرت افروز خطابات سے استفادہ کریں۔

جلسے کے شرکاء کے لیے نمازِ عشاء رات 8:15 بجے ادا کی جائے گی، جس کے بعد جلسہ شروع ہوگا۔ خواتین کے لیے حضرت حافظ محمد انور صاحبؒ کے مکان پر پردے کا خصوصی انتظام رہے گا۔ اجلاس کے اختتام پر تمام مہمانوں اور شرکاء کے لیے طعام کا بھی نظم رہے گا۔

News Source : M.F. Baif Riaz