The unity of Urdu journalists is the most pressing need of the hour; if we remain united, we will be strong: Mirza Fathaullah Baig Riaz
ٹی یو ڈبلیو جے یو کے دسویں سالانہ اجلاسِ عام اور بہترین صحافی ایوارڈز تقریب میں تمام اضلاع و منڈلوں کے صحافیوں سے شرکت کی اپیل

(اپنا ورنگل)
ورنگل :
تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین (ٹی یو ڈبلیو جے یو) کے ورنگل، ہنمکنڈہ، ملگ، محبوب آباد اور جئے شنکر بھوپال پلی اضلاع کے کنوینر مرزا فتح اللہ بیگ ریاض نے کہا کہ اردو صحافیوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونین کے دسویں سالانہ اجلاسِ عام اور بہترین صحافی ایوارڈز کی تقریب اردو صحافیوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے اور ان کے درمیان اتحاد و اتفاق کو مزید مستحکم کرنے کا بہترین موقع ہے۔
اپنے صحافتی بیان میں مرزا فتح اللہ بیگ ریاض نے بتایا کہ تلنگانہ میں اردو صحافیوں کی واحد رجسٹرڈ ٹریڈ یونین، تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین (ٹی یو ڈبلیو جے یو) کے زیرِ اہتمام دسویں سالانہ اجلاسِ عام اور ’’بہترین صحافی ایوارڈز‘‘ کی تقریب 11 نومبر 2026ء کو ویٹس گارڈن، شانتی نگر، حیدرآباد میں منعقد کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس پروقار تقریب کے موقع پر اردو صحافت کے فروغ، بقا اور استحکام کے لئے نمایاں خدمات انجام دینے والے سینئر اور ممتاز اردو صحافیوں کو ان کی گراں قدر صحافتی خدمات کے اعتراف میں بہترین صحافی ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ تقریب محض ایوارڈز کی تقسیم تک محدود نہیں، بلکہ اردو صحافیوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع کرنے، باہمی روابط کو فروغ دینے، پیشہ ورانہ مسائل پر تبادلۂ خیال کرنے اور صحافتی برادری میں اتحاد و یکجہتی کا پیغام عام کرنے کا ایک اہم ذریعہ بھی ہے۔مرزا فتح اللہ بیگ ریاض نے کہا کہ ’’اتحاد میں طاقت ہے؛ ہم متحد رہیں گے تو مضبوط ہوں گے، جب کہ انتشار اور باہمی اختلافات ہمیں کمزور کر دیں گے۔
‘‘ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اردو صحافیوں کے حقوق کے تحفظ، پیشہ ورانہ مسائل کے حل اور اردو صحافت کی ترقی و ترویج کے لئے تمام صحافیوں کا متحد ہوکر جدوجہد کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔انہوں نے تلنگانہ کے تمام اضلاع اور منڈلوں سے تعلق رکھنے والے اردو صحافیوں، بالخصوص اردو اخبارات، ٹی وی چینلز اور نیوز پورٹلز سے وابستہ رپورٹرز سے پُرزور اپیل کی کہ وہ 11 نومبر کو حیدرآباد میں منعقد ہونے والے اس اہم اجلاسِ عام اور ایوارڈز تقریب میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں اور کثیر تعداد میں شرکت کرتے ہوئے پروگرام کو کامیاب بنائیں۔
آخر میں انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریاست بھر کے اردو صحافیوں کی بھرپور شرکت اس تقریب کو اتحاد و یکجہتی کی ایک مثالی تقریب بنائے گی اور اردو صحافت کے روشن مستقبل، صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور پیشہ ورانہ استحکام کے لئے ایک نئی راہ ہموار کرے گی۔

