متحدہ ضلع محبوب نگر کے اردو صحافیوں کا اتحاد و اتفاق وقت کی اہم ترین ضرورت ؛ متحد رہیں گے تو مضبوط و مستحکم ہوں گے: محمد عبدالرافع ذکی قادری و مولانا محسن پاشاہ قادری

Unity and cohesion among Urdu journalists of the undivided Mahbubnagar district is the most pressing need of the hour; remaining united will make us strong and stable: Mohammad Abdul Rafe Zaki Qadri and Moulana Mohsin Pasha Qadri.

ٹی یو ڈبلیو جے یو کے دسویں سالانہ اجلاسِ عام اور بہترین صحافتی ایوارڈز تقریب میں ریاست کے تمام اضلاع و منڈلوں کے اردو صحافیوں سے شرکت کی پُرزور اپیل-

(اپنا ورنگل)

حیدرآباد :

تلنگانہ کے متحدہ ضلع محبوب نگر کے اردو صحافیوں کے درمیان اتحاد و اتفاق اور باہمی ہم آہنگی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔ صحافتی برادری جب متحد ہوکر اپنے حقوق ، مسائل اور اردو صحافت کے فروغ کے لئے مشترکہ جدوجہد کرے گی تو اس کی آواز مؤثر اور مقام مستحکم ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین ( ٹی یو ڈبلیو جے یو ) کے ریاستی نائب صدر ممتاز سینئر صحافی الحاج محمد عبدالرافع ذکی قادری اور ریاستی سیکریٹری اسدالعلماء تنویرِ صحافت مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی نے اپنے ایک مشترکہ صحافتی بیان میں کیا ۔

انہوں نے اپنے مشترکہ بیان میں بتایا کہ جنوبی بھارت کے ملکی سطح کے ریاست تلنگانہ میں اردو صحافیوں کی واحد رجسٹرڈ ٹریڈ یونین ، تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس یونین ( ٹی یو ڈبلیو جے یو ) کے زیرِ اہتمام دسواں سالانہ اجلاسِ عام اور ’’بہترین صحافی ایوارڈز” اثر دار اور پُر وقار تقریب 11 نومبر 2026عیسوی بروز چہارشنبہ ، ویٹس گارڈن ، شانتی نگر ، حیدرآباد دکن میں صبح 10 بجے تا دن تا شام 5 بجے تک منعقد کی جا رہی ہے ۔اس موقع پر اردو صحافت کے فروغ ، بقاء اور استحکام کے لئے طویل عرصے سے گراں قدر خدمات انجام دینے والے سینئر اور ممتاز اردو صحافیوں کی صحافتی خدمات کی حسن خدمات کے اعتراف میں انہیں بہترین صحافی ایوارڈز سے سرفراز کیا جائے گا ، سپاس نامہ شال پوشی اور گل پوشی بھی جائے گی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ تقریب محض ایوارڈز کی تقسیم یا ایک رسمی اجلاس تک محدود نہیں رہے گی ، بلکہ ریاست بھر کے اردو صحافیوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع کرنے ، باہمی روابط کو فروغ دینے ، پیشہ وارانہ مسائل پر تبادلۂ خیال کرنے ، صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور اردو صحافت کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے کا ایک اہم اور زرین موقع ہے ۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اردو صحافت کی بقاء و ترقی کے لئے صحافیوں کا متحد ہونا ناگزیر ہے ۔ اتحاد ہی وہ قوت ہے جس کے ذریعے صحافتی برادری اپنے جائز حقوق کے حصول ، مسائل کے حل اور پیشہ وارانہ وقار کے تحفظ کے لئے مؤثر انداز میں مشترکہ صدائے احتجاج بلند کرسکتی ہے ۔

باہمی اختلافات اور انتشار کے بجائے ایک دوسرے کے تعاون ، احترام اور حوصلہ افزائی کو اپنا شِعار بنانا وقت کی اہم ترین ضرورت اور وقت کا اہم تقاضا ہے ۔انہوں نے تلنگانہ کے تمام اضلاع اور منڈلوں سے وابستہ اردو صحافیوں ، بالخصوص اردو اخبارات ، ٹی وی چینلز اور ڈیجیٹل نیوز پورٹلز سے وابستہ رپورٹرز ، نمائندوں اور دیگر صحافتی شعبوں سے تعلق رکھنے والے احباب سے پُرزور اپیل کی کہ وہ یونین کی ممبر سازی اختیار کرلیں تاکہ ان کے جائز حقوق کے لئے متحدہ جدوجہد کی جاسکے –

واضح رہے کہ ہماری یونین اپنے دس سالہ اردو صحافتی قیادت کا سفر طئے کرتے ہوئے گیارہویں سال میں قدم رکھنے جارہی ہے یونین کی جانب سے 11 نومبر کو حیدرآباد میں منعقد ہونے والے دسویں سالانہ اجلاسِ عام اور بہترین صحافتی ایوارڈز تقریب میں اپنی شرکت کو یقینی بنائیں اور کثیر تعداد میں اردو صحافی شرکت کرتے ہوئے اس اجلاس کو کامیاب بنائیں ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریاست کے مختلف اضلاع اور منڈلوں سے اردو صحافیوں کی بھرپور شرکت نہ صرف اس تقریب کو یادگار و مثالی بنائے گی بلکہ تلنگانہ میں اردو صحافیوں کے اتحاد ، یکجہتی ، باہمی تعاون واشتراک اور پیشہ وارانہ استحکام کے ایک نئے باب کا کلیدی آغاز بھی ثابت ہوگی ۔

ان کے مطابق ، متحد و منظم صحافتی برادری ہی اردو صحافت کے روشن مستقبل اور صحافیوں کے جائز حقوق کے تحفظ کی ضمانت بن سکتی ہے – اردو صحافیوں کے مسائل کو تلنگانہ ہائ کورٹ میں سب سے پہلی درخواست بھی یونین کی جانب سے داخل کرتے ہوئے عظیم نمائندگی کا ایک ناقابل تسخیر ریکارڈ قائم کیا ہے ،اردو صحافیوں کو ایکریڈیٹیشن کارڈز ، اراضیات یا پختہ مکانات ڈبل بیڈ روم ، میڈیکل کارڈز کے علاوہ بھی بہت سارے کام ہی یونین کی آج پہچان ہے – سابقہ جی او کو کالعدم کرواتے ہوئے یونین نے الحمدللہ شاندار کامیابی بھی درج کروائی جس کے یونین کے مخالفین بھی ٹی یو ڈبلیو جے یو کی غیرمعمولی قانونی جدوجہد کے معترف ہیں –