3 بجے کونڈا سریکھا کا بڑا اعلان؟ استعفیٰ دیں گی یا سیاسی محاذ کھولیں گی؟

Konda Surekha’s big announcement at 3 pm? Will she resign or open a political front

 

(اپنا ورنگل)

حیدرآباد:

کانگریس ہائی کمانڈ نے ریاستی وزیر کونڈا سریکھا کو مبینہ طور پر الٹی میٹم دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیف منسٹر حیدرآباد پہنچنے سے پہلے وہ اپنے عہدہ سے استعفیٰ دے دیں، بصورت دیگر چیف منسٹر شام کو انہیں کابینہ سے برطرف کرنے کی سفارش پر مبنی خط گورنر کو روانہ کریں گے۔ اس معاملے نے تلنگانہ کی سیاست میں زبردست ہلچل پیدا کردی ہے۔ذرائع کے مطابق کونڈا سریکھا کو کابینہ سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ وزیر نے چیف منسٹر ریونت ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا اور وزیر پونگولیٹی سرینواس ریڈی کے خلاف شدید الزامات عائد کیے ہیں۔ اسی دوران انہوں نے بی سی کارڈ بھی سامنے لاتے ہوئے کارروائی سے قبل چیف منسٹر ریونت ریڈی کے خلاف بھی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔کونڈا سریکھا نے ڈپٹی چیف منسٹر کی اہلیہ اور پونگولیٹی سرینواس ریڈی سے متعلق مبینہ کمیشن کے معاملے پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔

ان الزامات اور مطالبات کے بعد کانگریس پارٹی میں صورتحال مزید کشیدہ ہوگئی ہے۔اسی پس منظر میں کونڈا سریکھا اور ان کے شوہر کی جانب سے دوپہر 3 بجے پریس کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس پریس کانفرنس میں وہ اپنے سیاسی مستقبل اور موجودہ تنازع پر اپنا موقف واضح کریں گے۔

سیاسی حلقوں میں اب یہ سوال اہم ہوگیا ہے کہ کونڈا سریکھا صرف وزیر کے عہدہ سے استعفیٰ دیں گی یا ایم ایل اے کی حیثیت سے بھی استعفیٰ دینے کا فیصلہ کریں گی۔ اس کے علاوہ کیا وہ کانگریس پارٹی کی رکنیت سے بھی استعفیٰ دیں گی؟ ان سوالات کے باعث تلنگانہ کی سیاست میں شدید تجسس پایا جاتا ہے۔

News Source: M.F.Baig Riaz