تلنگانہ میں کانگریس حکومت کے ایک ہزار دن مکمل، مکتھل میں قائدین کا شاندار جشن۔

Congress government completes 1,000 days in Telangana, leaders celebrate grandly in Makthal

(اپنا ورنگل)

مکتھل:

تلنگانہ میں کانگریس حکومت کے ایک ہزار دن کی کامیاب تکمیل کے موقع پر مکتھل کے امبیڈکر چوراہے پر کانگریس پارٹی کی جانب سے شاندار جشن منایا گیا۔ اس موقع پر کانگریس قائدین اور کارکنوں نے حکومت کی جانب سے گزشتہ ایک ہزار دنوں کے دوران انجام دیے گئے فلاحی و ترقیاتی اقدامات پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کی کارکردگی کو سراہا اور آئندہ بھی عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ ترقیاتی سفر جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔اس موقع پر مکتھل ٹاؤن کانگریس پارٹی صدر روی کمار نے کہا کہ وزیراعلیٰ تلنگانہ اے ریونت ریڈی کی قیادت میں کانگریس حکومت نے ایک ہزار دن کامیابی کے ساتھ مکمل کیے ہیں۔

حکومت نے اپنے دور اقتدار میں غریب، متوسط اور مستحق طبقات کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دیتے ہوئے کئی اہم اسکیمات پر عمل درآمد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے راشن کارڈز کی اجرائی، اندرا مکانات کی منظوری، غریب خاندانوں کے لیے مختلف فلاحی اسکیمات اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی نمایاں کامیابیوں میں شامل ہیں۔کانگریس قائد ٹاؤن صدر مکتھل روی کمار نے کہا کہ کانگریس حکومت کا مقصد صرف اقتدار حاصل کرنا نہیں بلکہ سماج کے ہر طبقے تک فلاح و بہبود کے ثمرات پہنچانا اور ریاست کو جامع ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کی قیادت میں آنے والے دنوں میں بھی تلنگانہ مزید ترقی کرے گا اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے مزید مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

کانگریس قائدین نے کہا کہ مکتھل کے رکن اسمبلی و ریاستی وزیر ڈاکٹر واکٹی سری ہری کی خصوصی دلچسپی اور کوششوں کے نتیجے میں حلقہ مکتھل میں بھی ترقیاتی سرگرمیوں میں نمایاں تیزی آئی ہے۔ حکومت کی جانب سے تقریباً 1800 کروڑ روپے کے فنڈز سے حلقہ مکتھل میں مختلف ترقیاتی کام انجام دیے جا رہے ہیں، جن سے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ حلقہ کی مجموعی ترقی کو فروغ حاصل ہوگا۔قائدین نے بتایا کہ مکتھل میں انٹیگریٹڈ اسکول کا قیام، نئے سرکاری دواخانے کی تعمیر، مختلف مقامات پر سڑکوں کی تعمیر و مرمت، ڈرینج اور دیگر بنیادی سہولتوں کی ترقی سمیت متعدد اہم کام جاری ہیں۔

ان ترقیاتی منصوبوں سے نہ صرف مکتھل شہر بلکہ اطراف و اکناف کے عوام کو بھی فائدہ پہنچنے کی امید ظاہر کی گئی۔کانگریس قائدین نے مزید کہا کہ حکومت کے ایک ہزار دن مکمل ہونا محض ایک عدد یا مدت کی تکمیل نہیں بلکہ عوامی خدمت، فلاحی اقدامات اور ترقیاتی سرگرمیوں کے ایک اہم سفر کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں بھی کانگریس حکومت عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے مزید سنجیدگی کے ساتھ کام کرے گی اور تلنگانہ کو ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے میدان میں ملک کی ایک مثالی ریاست بنانے کی سمت اقدامات جاری رکھے گی۔

اس موقع پر کانگریس قائدین اور کارکنوں نے ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کی اور حکومت کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔ جشن کے دوران پارٹی قائدین نے حکومت کی فلاحی اسکیمات اور ترقیاتی پروگراموں کو عوام تک پہنچانے اور مستحق افراد کو ان سے استفادہ دلانے میں اپنا بھرپور تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا۔اس موقع پر مکتھل ٹاؤن کانگریس صدر روی کمار، کوآپشن ممبر محمد شمش الدین، میونسپل چیئرپرسن مانسا، کانگریس کے سینئر قائد گنیش، کونسلر رحیم پٹیل، منظور الٰہی کے علاوہ کانگریس پارٹی کے دیگر قائدین، کارکنان اور ہمدردوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

News Source : Mohd. Mujeeb