Markazi Milad Committee Hanamkonda celebrates 31st Milad-un-Nabi (PBUH), announces Umrah tickets for two lucky winners

(اپنا ورنگل)
ہنمکنڈہ :
مرکزی میلاد کمیٹی ہنمکنڈہ کی جانب سے 31واں سالانہ جشن میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ جشن میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں منعقد ہونے والے عظیم الشان جلسہ کے پوسٹر کی رسمِ اجراء عمل میں آئی، جس میں علماء و مشائخ، کمیٹی ارکان اور صحافتی حلقوں سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔اجلاس کی صدارت الحاج خواجہ سراج الدین نے کی ۔
کمیٹی کے ذمہ داران نے بتایا کہ 25 اگست 2026ء، مطابق 11 ربیع الاول 1448ھ، بروز منگل، بعد نمازِ عشاء زکریا فنکشن ہال، رائے پورہ، ہنمکنڈہ میں مرکزی جشن میلاد النبی ﷺ کا انعقاد ہوگا۔ جلسہ میں عالمی شہرت یافتہ علماء کرام اپنے خطابات کے ذریعے سیرتِ طیبہ اور فضائلِ میلاد پر روشنی ڈالیں گے۔جشن میلاد النبی ﷺ کی ایک اہم خصوصیت یہ ہوگی کہ جلسہ میں شریک سامعین میں سے دو خوش نصیب افراد کا قرعہ اندازی کے ذریعے انتخاب کیا جائے گا، جنہیں مدینہ منورہ و عمرہ کے ٹکٹ دیے جائیں گے۔

اس موقع پر جامعہ برکاتیہ، رائے پورہ، ہنمکنڈہ کے آٹھ طلباء کی دستاربندی بھی کی جائے گی۔ علماء و مشائخ کے مقدس ہاتھوں سے حفاظِ قرآن کو دستارِ حفظ القرآن اور اسناد عطا کی جائیں گی۔مرکزی میلاد کمیٹی نے نئی نسل کو دینی، تعلیمی اور نعتیہ سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے ہنمکنڈہ اور ورنگل کے سرکاری و خانگی اسکولوں کے طلبہ و طالبات کے درمیان تحریری، تقریری، نعتیہ مقابلوں اور کوئز کا بھی اہتمام کیا ہے۔
مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو اول، دوم اور سوم انعامات کے ساتھ سلور میڈل اور اسناد دی جائیں گی، جبکہ تمام شرکاء کی حوصلہ افزائی کے لیے ترغیبی اسناد بھی پیش کی جائیں گی۔جشن کے پروگراموں کے تحت جلسہ کی صبح نمازِ فجر کے بعد دعوتِ طعام اور لنگر کا انتظام رہے گا۔ اسی طرح 12 ربیع الاول کے موقع پر سرکاری ایم جی ایم ہاسپٹل اور مشن ہاسپٹل میں زیرِ علاج مریضوں میں میوہ جات تقسیم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

پوسٹر کی رسمِ اجراء کے موقع پر مولانا خواجہ جعفر العابدین ، حافظ محمد افضل علی شاہ ، سید مسعود سابق کارپوریٹر و سابق ڈپٹی میئر گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن، سینئر کانگریس قائد مرزا عزیز بیگ، بی آر ایس ضلعی صدر محمد نعیم الدین، تلگو مقرر مخدوم سمیت دیگر معززین موجود تھے۔مرکزی میلاد کمیٹی نے اپیل کی کہ وہ اپنے دوست و احباب کے ساتھ بڑی تعداد میں جشن میلاد النبی ﷺ میں شرکت کریں اور تمام متعلقہ پروگراموں کو کامیاب بنائیں۔
کمیٹی نے کہا کہ جشن میلاد کے تمام پروگراموں کا مقصد محبتِ رسول ﷺ کو عام کرنے کے ساتھ ساتھ نئی نسل میں دینی شعور، تعلیمی دلچسپی اور خدمتِ خلق کے جذبے کو فروغ دینا ہے۔ عوام کی بھرپور شرکت سے اس سال کا 31واں جشن میلاد النبی ﷺ مزید یادگار بنانے کی امید ظاہر کی گئی ہے۔
News Source : M.F. Baig Riaz
