Alleged rape of a 53-year-old woman in Makthal, two accused arrested and sent on judicial remand. DSP Mahesh’s press conference, announcement of strict measures for the protection of women and law and order

(اپنا ورنگل)
مکتھل :
مکتھل پولیس اسٹیشن کے حدود میں 53 سالہ خاتون کے ساتھ مبینہ زیادتی کے معاملہ میں پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرکے عدالتی ریمانڈ پر بھیج دیا۔ یہ بات ڈی ایس پی مہیش نے مکتھل پولیس اسٹیشن میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ واقعہ کے سلسلہ میں مکتھل پولیس اسٹیشن میں FIR نمبر 342/2026، دفعہ 70(1) BNS کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی تھیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ خاتون کو تحفظ فراہم کیا اور طبی معائنے و علاج کے لیے مکتھل سرکاری اسپتال منتقل کیا، جبکہ خاتون ایس آئی نے متاثرہ کا بیان بھی قلمبند کیا۔
ضلع ایس پی ڈاکٹر ونیت، IPS کی ہدایات پر پولیس نے تحقیقات میں تیزی لاتے ہوئے ملزمان کی شناخت کرکے انہیں گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت مکتھل سے تعلق رکھنے والے بویا اروند 19 سالہ اور بویا وجئے 19سالہ کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں کو گرفتار کرکے مزید قانونی کارروائی کے تحت عدالتی ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔ ڈی ایس پی مہیش نے کیس کو جلد حل کرنے اور ملزمان کی گرفتاری میں اہم کردار ادا کرنے پر مکتھل سی آئی رام لال، ایس آئی راجو اور دیگر پولیس اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔
اس موقع پر ڈی ایس پی مہیش نے کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم میں ملوث افراد کے ساتھ قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ نارائن پیٹ ضلع پولیس خواتین کی سلامتی کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور متاثرہ خاتون کو ہر ممکن پولیس مدد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مقدمہ کی مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی جاری ہے۔ڈی ایس پی مہیش نے مکتھل میں امن و امان برقرار رکھنے کے سلسلہ میں بھی اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ رات دیر گئے تک دکانیں کھلی رکھنے والے تاجروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ رات کے اوقات میں بلاوجہ باہر گھومنے والے نوجوانوں پر پولیس کی کڑی نگرانی رہے گی اور بلاوجہ رات میں باہر نکلنے والوں کے خلاف صورتحال کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے والدین کو بھی خبردار کیا کہ 18 سال سے کم عمر بچوں کو دو پہیہ گاڑیاں چلانے کی اجازت نہ دیں، بصورت دیگر نابالغ بچوں کو گاڑیاں چلانے دینے والے والدین کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ڈی ایس پی نے مزید کہا کہ حکومت اور پولیس منشیات کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف سخت اقدامات کر رہی ہے اور بالخصوص گانجے کی خرید و فروخت اور غیر قانونی سپلائی میں ملوث افراد پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔ ایسے افراد کے خلاف ثبوت کی بنیاد پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مکتھل میں امن و امان برقرار رکھنے، خواتین کی حفاظت اور منشیات کے خاتمہ کے لیے پولیس سے تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ یا غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔
News Source : Mohd. Mujeeb

