ورنگل میں میسالا پرکاش نے ضلع لائبریری صدرنشین کا عہدہ سنبھالا، کونڈا سریکھا کی موجودگی میں حلف برداری

Meesala Prakash takes charge as District Library Chairman in Warangal, takes oath in presence of Konda Surekha

(اپنا ورنگل)

ورنگل  :

ریاستی وزیر جنگلات ،ماحولیات و انڈومنٹ و رکن اسمبلی ورنگل ایسٹ محترمہ کونڈا سریکھا نے کہا کہ ورنگل ایسٹ اسمبلی حلقہ میں کانگریس پارٹی کو مزید مضبوط بنانا ہی ان کا بنیادی مقصد ہے اور اس کے لیے پارٹی کارکنوں کو متحد ہوکر عوام کے درمیان کام کرنا ہوگا۔اتوار کو میسالا پرکاش نے صدر نشین ضلع لائبریری ورنگل کی حیثیت سے ریاستی وزیر کونڈا سریکھا کی موجودگی میں اپنے عہدے کا حلف لیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر نے کہا کہ کانگریس پارٹی کے لیے طویل عرصے سے خدمات انجام دینے والے میسالا پرکاش کو یہ ذمہ داری ملنا باعثِ مسرت ہے۔ انہوں نے اس تقرری کا موقع فراہم کرنے پر وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی سے اظہارِ تشکر کیا اور کہا کہ پارٹی کے لیے مخلصانہ خدمات انجام دینے والے ہر کارکن کو مناسب احترام اور ذمہ داری دی جائے گی۔

وزیر کونڈا سریکھا نے ورنگل ایسٹ میں نوجوان کانگریس رہنما نوین راج کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی کارکنوں کے مسائل کو مسلسل کونڈا مرلی دھر راؤ کی توجہ میں لا کر ان کے حل کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے اشارہ دیا کہ مستقبل قریب میں نوین راج کو بھی پارٹی میں ایک اہم ذمہ داری سونپی جائے گی۔انہوں نے آئندہ میونسپل کارپوریشن انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے تمام کارکنوں سے بھرپور محنت کرنے کی اپیل کی۔

انہوں نے کہا کہ ورنگل ایسٹ حلقہ میں کمیونٹی ہالز، قبرستانوں اور شمشان گھاٹوں کی حفاظتی دیواروں، زیرِ زمین ڈرینج نظام اور دیگر بنیادی ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔اس موقع پر کانگریس سے وابستہ کارپوریٹرس ،سابق کارپوریٹرس اور کانگریس کارکنوں کے علاوہ مقامی افراد کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

News Source : Shaik Javeed