مسلم ویلفیئر سوسائٹی ورنگل کے اجلاس میں صحافتی و سماجی خدمات انجام دینے والی شخصیات کی تہنیت

Muslim Welfare Society Warangal meeting felicitates personalities who have rendered journalistic and social services

(اپنا ورنگل)

ورنگل:

مسلم ویلفیئر سوسائٹی، ورنگل کا ماہانہ اجلاس صدر سوسائٹی جناب محمد سراج احمد کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تنظیمی امور، رفاہی سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں پر تبادلۂ خیال کے ساتھ ساتھ سوسائٹی کے ممتاز اراکین اور صحافتی میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو تہنیت پیش کی گئی۔اس موقع پر سوسائٹی کی جانب سے امریکہ میں مقیم جناب شہنواز صاحب اور سعودی عرب کے شہر جدہ میں مقیم جناب عبدالباری صاحب کی سماجی اور رفاہی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں دلی مبارکباد پیش کی گئی۔

 

اجلاس میں سینئر صحافی جناب اکبر محی الدین ضیاء صاحب کو حکومتِ تلنگانہ کے محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ (I&PR) کی جانب سے پہلی مرتبہ فری لانسر ایکریڈیشن کارڈ حاصل ہونے پر تہنیت پیش کی گئی۔ مقررین نے کہا کہ یہ اعزاز ان کی دو دہائیوں پر محیط دیانت دار، باوقار اور عوام دوست صحافتی خدمات کا اعتراف ہے، جس پر نہ صرف ورنگل بلکہ پوری اردو صحافتی برادری کو فخر ہے۔

 

 

اسی طرح سینئر صحافی جناب مرزا فتح اللہ بیگ صاحب کو روزنامہ محور، کا ایکریڈیشن حاصل ہونے پر ان کی خدمات کا اعتراف اور مبارکباد پیش کی گئی۔ سوسائٹی کے ذمہ داران نے دونوں صحافیوں کی صحافتی، سماجی اور رفاہی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی حقائق پر مبنی صحافت، ملت کی رہنمائی اور عوامی مسائل کو اجاگر کرنے میں اپنا مؤثر کردار اسی جذبے کے ساتھ ادا کرتے رہیں گے۔

 

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سوسائٹی کے ذمہ داران نے کہا کہ ایسی شخصیات معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں، جن کی خدمات نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم ویلفیئر سوسائٹی آئندہ بھی سماجی، تعلیمی، رفاہی اور فلاحی سرگرمیوں کو مزید وسعت دے گی اور معاشرے کے ہر طبقے کی خدمت کے اپنے مشن کو جاری رکھے گی۔

 

اجلاس میں صدر جناب محمد سراج احمد کے علاوہ محمد عبدالکلیم،چشتی حسن،محمد سلیم احمد، سید عبدالماجد، سید شاہ نواز علی حقانی، محمد انور شریف، کرم علی خان، محمد خواجہ کریم، خواجہ کریم الدین (پٹیل بھائی)، سید خواجہ افتخار اور دیگر معزز اراکین نے شرکت کی۔

News Source : Akbar Zia