مسجد الواحد، ڈاکٹرس کالونی، ورنگل میں جمعیت علماکے SIR ہیلپ ڈسک سے عوام کو بڑی سہولت، غیر مسلم افراد نے بھی رہنمائی حاصل کی

Jamiat Ulema’s SIR Help Desk in Masjid Al-Wahed, Doctors Colony, Warangal provided great convenience to the public, non-Muslims also received guidance.

(اپنا ورنگل)

ورنگل :

جمعیت علماء ضلع ورنگل کے زیرِ اہتمام شہر کے مختلف مقامات پر قائم ہیلپ ڈسک کے ذریعے عوام کی رہنمائی کا سلسلہ کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ہفتہ کے روز مسجد الواحد، ڈاکٹرس کالونی، ورنگل میں نمازِ مغرب کے بعد رات 11:30 بجے تک ہیلپ ڈسک قائم کی گئی، جہاں بڑی تعداد میں لوگوں نے اپنے اینیومریشن (Enumeration) فارم درست طریقے سے پُر کروائے۔

ہیلپ ڈسک پر آنے والے متعدد افراد ایسے تھے جنہوں نے پہلے فارم غلط یا نامکمل انداز میں بھرے تھے یا صرف فوٹو کاپی پر انحصار کیا تھا۔ جمعیت علماء کے ذمہ داران نے ان تمام افراد کی رہنمائی کرتے ہوئے ان کے فارم درست کروائے اور ضروری اصلاحات کیں تاکہ مستقبل میں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس موقع پر تقریباً 25 سے 30 غیر مسلم افراد نے بھی ہیلپ ڈسک سے رجوع کرکے اپنے فارم صحیح طریقے سے مکمل کروائے۔

عوام نے جمعیت علماء کی اس غیر جانب دار عوامی خدمت کو سراہتے ہوئے ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا۔یہ ہیلپ ڈسک حافظ محمد عبدالسلام ابراری کی نگرانی میں رات گئے تک جاری رہی، جبکہ علاقے کے معززین اور مقامی عوام نے بھی بھرپور تعاون کیا۔انتظامی کمیٹی نے جمعیت علماء ضلع ورنگل کے تمام ذمہ داران، خصوصاً جنرل سیکریٹری مولانا منور حسین قاسمی کی خدمات کو سراہا۔

اس کے علاوہ جمعہ کے روز حافظ و قاری عبدالمقیت نے اپنے خطابِ جمعہ میں اسپیشل انٹینسیو ریویژن (SIR) کے موضوع پر عوام کو آگاہ کیا اور فارم درست طریقے سے بھرنے کی اہمیت بیان کی، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں لوگوں نے اپنی سابقہ غلطیوں کی اصلاح کرتے ہوئے ہیلپ ڈسک سے فائدہ اٹھایا۔

News Source : M.F. Baig Riaz