Special awareness program on SIR voter list on June 24 in Warangal

(اپنا ورنگل)
ورنگل :
ایس آئی آر ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرِ ثانی مہم کے سلسلے میں عوام میں بیداری پیدا کرنے کے لیے ایک خصوصی شعور بیداری پروگرام 24 جون 2026 بروز چہارشنبہ کو شام 7 بجے اے ون کنونشن ہال، ایل بی نگر، ورنگل میں منعقد کیا جائے گا۔ اس پروگرام کی صدارت حضرت سید شاہ غلام افضل بیابانی الرفاعی المعروف خسرو پاشاہ صاحب، سجادہ نشین بارگاہِ افضلیہؒ، چیئرمین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی اور صدر ملت رابطہ کمیٹی متحدہ ضلع ورنگل فرمائیں گے۔
پروگرام میں معروف ماہرِ تعلیم ڈاکٹر انیس احمد صدیقی، سابقہ کارپوریٹرس محمد ابوبکر، محمد فرقان، ممتاز قانون داں محمد مدثر احمد قیومی ایڈوکیٹ اور دیگر معزز شخصیات خصوصی خطاب کریں گی۔ مقررین ایس آئی آر مہم، ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرِ ثانی، شہریت سے متعلق اہم امور، شہریوں کے آئینی و قانونی حقوق اور موجودہ صورتحال پر تفصیلی روشنی ڈالیں گے۔ منتظمین کے مطابق پروگرام کے دوران ایس آئی آر فارم پُر کرنے کے صحیح طریقۂ کار سے بھی شرکاء کو واقف کرایا جائے گا۔
اس کے علاوہ عوام کے سوالات کے جوابات دیے جائیں گے اور درپیش مسائل کے حل کے لیے قانونی و عملی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ ملت رابطہ کمیٹی، متحدہ ضلع ورنگل نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم شعور بیداری پروگرام میں بھرپور شرکت کریں اور اپنے ووٹنگ و شہری حقوق کے تحفظ کے لیے آگے آئیں۔
کمیٹی نے کہا کہ باشعور شہری ہی جمہوری نظام کی مضبوطی اور آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہوتے ہیں۔ مزید معلومات کے لیے درج ذیل نمبروں پر رابطہ کیا جا سکتا ہے:9908763454، 9849268124، 8686019717، 9959060317، 9849017732۔
News Source : Mohd. Fazal ur Rahman

