ورنگل میں اُمنگ 2026 کے تحت کیریئر گائیڈنس اور ٹاپرس ایوارڈ تقریب، طلبہ میں نقد انعامات تقسیم۔

Career Guidance and Toppers Award Ceremony under Umang 2026 in Warangal, cash prizes distributed among students

(اپنا ورنگل)

ورنگل:

سیاست فاؤنڈیشن ہب اور اُمنگ ایجوکیشنل ویلفیئر سوسائٹی کے زیرِ اہتمام "اُمنگ 2026” کے دوسرے مرحلے کے تحت کیریئر گائیڈنس پروگرام اور ایس ایس سی ٹاپرس ایوارڈ تقریب کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ اس پروگرام کےکنوینر محمد اسماعیل ذبیح نمایندہ روزنامہ سیاست و سیاست ٹی وی نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔

اس موقع پر ایس ایس سی امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں نقد انعامات سے نوازا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی جناب عامر علی خان، نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست و سیاست ٹی وی تھے۔ پروگرام کا آغاز حافظ سید صادق حسین کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔

تقریب میں جناب محمد معصوم علی، جناب محمد سراج احمد صدر مسلم ویلفیئر سوسائٹی ورنگل، جناب محمد مجاہد عرفان صدر جماعت اسلامی ہند ورنگل، جناب سید سبحان الدین، جناب ایم اے علیم، جناب مرزا قمر علی بیگ، جناب ایم اے قیوم، جناب محمد اقبال، جناب محمد نصیر الدین، جناب محمد رضوان شاہین جونیئر کالج ورنگل، جناب محمد واجد خان کارپوریٹر رام گنڈم، جناب محمد جمال شریف اور جناب ایم اے نعیم نمایندہ روزنامہ سیاست کے علاوہ متعدد معزز شخصیات اور تعلیمی میدان سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔

اپنے خطاب میں جناب عامر علی خان نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے واضح ہدف، مسلسل محنت، لگن اور اعلیٰ کردار بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو مستقبل کی منصوبہ بندی کے سلسلے میں مفید رہنمائی فراہم کرتے ہوئے کہا کہ صرف عصری تعلیم پر توجہ دینا کافی نہیں بلکہ قرآنِ مجید کو سمجھ کر پڑھنا اور اس کی تعلیمات کو عملی زندگی میں اپنانا بھی ناگزیر ہے۔

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ قرآنِ کریم کے پیغام کو سمجھنے کی کوشش کریں کیونکہ یہی تعلیمات دنیا و آخرت میں کامیابی کا ذریعہ بنتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دینی اور عصری تعلیم کا امتزاج ہی ایک متوازن اور کامیاب شخصیت کی تشکیل کرتا ہے، جس کے ذریعے طلبہ نہ صرف اپنے روشن مستقبل کی تعمیر کرسکتے ہیں بلکہ اپنے والدین، معاشرے اور قوم کا نام بھی روشن کرسکتے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ میں نقد انعامات تقسیم کیے گئے جبکہ ان کے روشن مستقبل، مزید تعلیمی کامیابیوں اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر کثیر تعداد میں طلبہ و طالبات اور ان کے والدین نے شرکت کی۔ آخر میں پروگرام کے کنوینر محمد اسمٰعیل ذبیح نے تقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔

News Source : M.F. Baig Riaz