خواتین کی خود مختاری ہی ترقی یافتہ قوم کی ضمانت: ڈاکٹر انیس احمد صدیقی

 میناریٹیز انٹلکچول فورم ورنگل کے زیر اہتمام مفت ٹیلرنگ کی تکمیل پر سلائی مشینوںکی تقسیم ۔

Women’s autonomy is the guarantee of a developed nation: Dr. Anees Ahmed Siddiqui

(اپنا ورنگل)

ورنگل :

جناب ڈاکٹر انیس احمد صدیقی صدر میناریٹیز انٹلکچو ل فورم نے اپنی صدارتی خطاب میں کہاکہ خواتین کو معاشی، تعلیمی اور سماجی طور پر بااختیار بنانا ایک ترقی یافتہ اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے۔ خواتین کو خود کفیل بنانے سے نہ صرف ان کی زندگی میں مثبت تبدیلی آتی ہے بلکہ خاندان اور معاشرے کی مجموعی ترقی بھی ممکن ہوتی ہے۔ تعلیم اور ہنر مندی خواتین کی خود مختاری کا سب سے مؤثر ذریعہ ہیں۔ خواتین کی ترقی اور خود اعتمادی ہی ایک مضبوط اور ترقی یافتہ قوم کی ضمانت ہے۔مینارٹیز انٹلکچول فورم ورنگل کے زیر اہتمام مسلم کمیونٹی سنٹر ملگ روڈ ہنمکنڈہ میں منعقد ہ مفت ٹیلرنگ تربیت کے 9ویں بیاچ کی تکمیل پر اسنادات اور سلوائی مشینوں کی تقسیم اورایس ایس سی امتحانات میں شاندار مظاہرہ کرنے والے ٹمریس اسکولس کے پرنسپلس اور طلباء کو اسنادات تقسیم پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا ۔

اس پروگرام کی صدارت ڈاکٹر انیس احمد صدیقی نے کی ۔پروگرام کا آغاز حافظ ظہیر احمد کی قرآت کلام پاک سے ہو اجبکہ جناب خیر الناصرین نے نعت کا نذرانہ پیش کیا ۔جناب محمد معشوق ربانی نے پروگرام کی کاروائی چلائی ۔اس موقع پر ڈاکٹر انیس صدیقی نے مزید کہا کہ اس مفت ٹیلرنگ سنٹر سے نہ صرف مسلم خواتین بلکہ ہندو خواتین کی بھی ایک کثیر تعداد تربیت حاصل کرتی ہیں ۔جناب محمد اقبال تحصیلدار قلعہ ورنگل نے بہ حیثیت مہمان خصوصی مخاطب کرتے ہوئے میناریٹیز انٹلکچول فورم ورنگل کی فلاحی ،سماجی اور تعلیمی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے تمام ذمہ داروںکو مبارکباد پیش کی ۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے انہیں بڑی مسرت ہوئی ہے ۔اس بات پر اور خوشی ہوئی کہ اس تربیتی کلاسیس میں مسلم خواتین کے ساتھ ساتھ غیر مسلم خواتین کی بھی کثیر تعداد ٹیلرنگ کی تربیت حاصل کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ انسانیت کی خدمت ہی دراصل ایک بہترین عبادت ہے ۔انہوںنے کہاکہ خواتین کو خود مکتفی بنانا ایک بہت بڑی بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ تحصیل آفیس سے متعلق کوئی کام ہوتو ان کے علم میں لائیں وہ ضرور ان کی مدد فرمائیں گے ۔

جناب عبدالکلیم قیومی جنرل سکریٹری تنظیم ہذا نے استقبالیہ کلمات اور رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اب تک تنظیم کی جانب سے 27سلوائی مشینوں کو تقسیم کیا گیا ہے ۔اس موقع پر ایک اور مہمان جناب محمد علی نے اپنی جانب سے تین سلوائی مشین فراہم کرنے کا اعلان کیا ۔

اس پروگرام کو پروفیسر مصطفی کاکتیہ یورنیورسٹی ،ڈاکٹر جئے ستیش ایل آر سی اور دیگر نے مخاطب کیا ۔آخر میں 9ویں بیاچ میں تربیت حاصل کرکے فسٹ ،سکنڈ اور تھرڈ پوزیشن حاصل کرنے والی خواتین میں 3سلوائی مشین اور اسنادات تقسیم کئے گئے ۔اسی طرح ٹمریس اسکول کے پرنسپلس اور طلباء کی کثرت سے گلپوشی و شالپوشی انجام دی گئی ۔

جناب مسعود مرزا محشر نے شکریہ اداکیا ۔اس پروگرام کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میںجناب ایم اے کلیم ، محترمہ نصرت جہاں ،جناب محمد معشوق ربانی ،جناب ایم اے نعیم ،جناب سلیم خسرو اور دیگر نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔اس موقع پر خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

News Source : M.A. Nayeem