We will not remain silent if the vote is challenged! The call to save democracy echoed in Warangal!

(اپنا ورنگل)
ورنگل :
ورنگل ویسٹ کے رکن اسمبلی نائنی راجندر ریڈی نے کہا کہ جمہوریت کے تحفظ اور عوام کے حقِ رائے دہی کو محفوظ رکھنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں، عوامی تنظیموں، دانشوروں اور طلبہ کو متحد ہوکر جدوجہد کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں ووٹ کا حق انتہائی اہم ہے اور اس کے تحفظ کی ذمہ داری ہر شہری پر عائد ہوتی ہے۔آل انڈیا کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی) کی ہدایت پر ہنمکنڈہ ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر اناگالا وینکٹ رام ریڈی اور انڈیا اتحاد میں شامل جماعتوں کے مشترکہ زیر اہتمام پیر کے روز جمہوریت بچاؤ پدیاترا کا انعقاد عمل میں آیا۔
اس پدیاترا میں ورنگل ویسٹ کے رکن اسمبلی نائنی راجندر ریڈی، وردھنا پیٹ کے رکن اسمبلی کے آر ناگراجو اور پرکال کے رکن اسمبلی ریووری پرکاش ریڈی نے شرکت کی۔اس موقع پر قائدین نے امبیڈکر جنکشن پر ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ پر پھولوں کا ہارچڑھا کر خراجِ عقیدت پیش کیا، جس کے بعد قائدین، کارکنوں اور حامیوں کے ہمراہ پیدل مارچ کرتے ہوئے ہنمکنڈہ کلکٹریٹ پہنچے۔
شرکاء نے جمہوریت کے تحفظ، حقِ رائے دہی کی حفاظت اور انتخابی نظام میں شفافیت کے مطالبے کے حق میں نعرے بلند کیے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نائنی راجندر ریڈی نے کہا کہ عوام کے بنیادی حقِ رائے دہی کا تحفظ ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل کے تعلق سے عوام میں شکوک و شبہات پیدا کرنے والی کسی بھی کارروائی کی سختی سے مخالفت کی جانی چاہیے۔
انہوں نے انتخابی نظام سے متعلق سامنے آنے والے الزامات اور اعتراضات کی جامع تحقیقات کرتے ہوئے حقائق عوام کے سامنے پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ووٹر فہرستوں میں تبدیلی، ووٹوں کے اخراج اور حقِ رائے دہی سے متعلق دیگر امور کے سلسلے میں عوام کے درمیان کسی بھی قسم کے شکوک و شبہات پیدا نہ ہوں، اس کے لیے شفاف نظام کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔نائنی راجندر ریڈی نے الزام عائد کیا کہ مرکز میں بی جے پی حکومت اقتدار برقرار رکھنے کے لیے جمہوری اداروں کا غلط استعمال کر رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر عوام کے حقِ رائے دہی پر حملہ کیا گیا تو کانگریس پارٹی اور انڈیا اتحاد خاموش نہیں بیٹھے گا۔انہوں نے کہا کہ ورنگل ہمیشہ سے عوامی تحریکوں اور شعور بیداری کی سرگرمیوں میں پیش رہا ہے اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے شروع کی گئی اس پدیاترا کے ذریعے بھی ورنگل سے ایک مضبوط آغاز ہوا ہے۔ انہوں نے جمہوریت کے تحفظ کے لیے تمام سیاسی جماعتوں، عوامی تنظیموں، دانشوروں اور طلبہ سے متحد ہوکر آگے آنے کی اپیل کی۔
نائنی راجندر ریڈی نے کہا کہ آنے والے دنوں میں راہول گاندھی کی قیادت میں انڈیا اتحاد مزید مضبوط ہوگا اور تلنگانہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں کانگریس حکومت عوام کی حمایت سے آگے بڑھے گی۔
اس پروگرام میں سید شاہ غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ صدرنشین تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی، حضورآباد اسمبلی حلقہ کے انچارج اوڈی تھلا پرنَو، سنگھا وینکٹ راجم، کیو ڈی اے چیئرمین گنڈو سدھارانی، لائبریری چیئرمین عزیز خان، انڈیا اتحاد کے قائدین سی پی آئی کے ریاستی معاون سکریٹری تکلاپلی سرینواس راؤ، سی پی ایم ضلع سکریٹری پربھاکر ریڈی،
نیو ڈیموکریسی ضلع سکریٹری ننّہ اپّاراؤ، ٹی جے سی صدر ضلع راجندر پرساد، سی پی آئی ضلع سکریٹری بھکشپتی، ٹی پی سی سی نائب صدور بودّیریڈی پربھاکر ریڈی اور ددّیلا سرینواس بابو، ای وی سرینواس راؤ، بتّینی سرینواس راؤ، یوتھ ونگ کے قائدین، کانگریس پارٹی کے قائدین و کارکنان اور مختلف ذات و مذہبی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

