Studying the life of Hazrat Ghous-e-Azam (RA) serves as a guiding light for every Muslim: Asad-ul-Ulama Mohammad Mohsin Pasha Qadri

(اپنا ورنگل)
حیدرآباد :
حضرت پیرانِ پیر سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی غوثِ اعظم دستگیر رضی اللہ عنہ کی سیرتِ مبارکہ ، علمی و روحانی خدمات اور اصلاحی تعلیمات کا مطالعہ ہر مسلمان کے لئے نہایت اہم ہے ۔ آپؓ نے قرآن و سنت کی پیروی ، شریعت کی پابندی ، تقویٰ ، اخلاص اور حسنِ اخلاق کے ذریعے لاکھوں انسانوں کی اصلاح فرمائی ۔ ان خیالات کا اظہار کل رآت اسدالعلماء تنویرِ صحافت مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی، مولوی کامل الحدیث جامعہ نظامیہ و جنرل سیکریٹری کل ہند سنی علماء مشائخ بورڈ محبوب نگر ضلع نے عقب جامعہ نظامیہ میں منعقدہ سالانہ گیارہویں شریف کے جلسہ سے اپنے ولولہ انگیز خطاب میں کیا
۔انہوں نے کہا کہ اسلام میں تزکیۂ نفس ، اصلاحِ باطن اور اللہ تعالیٰ سے مضبوط تعلق کو بنیادی اہمیت حاصل ہے ۔ قرآن حکیم میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے: "قَدْ أَفْلَحَ مَن زَكَّاهَا” یعنی یقیناً وہ شخص کامیاب ہوگیا جس نے اپنے نفس کو پاک کیا ۔ ( سورۃ الشمس: 9 )۔ اسی طرح اللہ تعالیٰ نے اہلِ ایمان کو حکم دیا: "وَكُونُوا مَعَ الصَّادِقِينَ” یعنی سچے لوگوں کے ساتھ رہو۔ ( سورۃ التوبہ: 119 )۔ ان قرآنی تعلیمات سے صحبتِ صالحین اور اصلاحِ نفس کی اہمیت اور بھی زیادہ واضح ہوتی ہے ۔
اسدالعلماء نے کہا کہ پیری مریدی کا اصل مقصد محض نسبت یا رسم نہیں بلکہ انسان کو شریعت ، سنت ، تقویٰ اور حسنِ کردار کا پابند بنانا ہے ۔ مرید کو اپنے شیخ کی رہنمائی میں اللہ تعالیٰ کی اطاعت ، رسولِ اکرم ﷺ کی محبت و اتباع اور اپنے اخلاق و اعمال کی اصلاح کی طرف گامزن ہونا چاہیئے ۔انہوں نے احادیثِ نبویہ ﷺ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا: "إِنَّمَا الأَعْمَالُ بِالنِّيَّاتِ” یعنی اعمال کا دار و مدار نیتوں پر ہے ۔
( صحیح بخاری ، صحیح مسلم )۔ لہٰذا روحانی تربیت میں نیت کی پاکیزگی ، اخلاص اور عملِ صالح کو بنیادی مقام حاصل ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ حضور اکرم ﷺ نے فرمایا: "مَنْ يُرِدِ اللَّهُ بِهِ خَيْرًا يُفَقِّهْهُ فِي الدِّينِ” یعنی اللہ تعالیٰ جس کے ساتھ بھلائی کا ارادہ فرماتا ہے اسے دین کی سمجھ عطا فرماتا ہے۔ ( صحیح بخاری، صحیح مسلم )۔ اس لیے سیرتِ اولیاء اور اکابرینِ دین کا مطالعہ انسان کو دین کی سمجھ، تقویٰ اور نیک اعمال کی طرف متوجہ کرتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ عنہ کی پوری زندگی قرآن و سنت کی پابندی ، شریعت کی پاسداری ، تقویٰ ، علم اور اصلاحِ امت کا روشن نمونہ ہے ۔ آپؓ نے لوگوں کو اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع ، توبہ ، تقویٰ اور اتباعِ رسول ﷺ کی دعوت دی اور اپنے کردار و عمل سے دین کی خوب خوب خدمت انجام دی ۔انہوں نے کہا کہ خلافت اور روحانی نسبت کی اصل روح بھی شریعتِ محمدی ﷺ کی پابندی ہے ۔
کوئی بھی روحانی نسبت قرآن و سنت سے الگ نہیں ہوسکتی ۔ خاتم النبیین ، شفیع المذنبین ، رحمۃ للعالمین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ذاتِ اقدس دین کا سرچشمہ اور کامل نمونہ ہے۔ قرآن حکیم میں ارشاد ہے: "لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِي رَسُولِ اللَّهِ أُسْوَةٌ حَسَنَةٌ” یعنی بے شک تمہارے لیے رسول اللہ ﷺ کی ذات میں بہترین نمونہ ہے۔ (سورۃ الاحزاب: 21)۔اسدالعلماء نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ نئی نسل کو حضرت غوثِ اعظمؓ اور دیگر اولیائے کرام کی حقیقی تعلیمات سے روشناس کرایا جائے، تاکہ نوجوان قرآن و سنت سے وابستہ ہوں، نماز و عبادات کی پابندی کریں ، والدین کا احترام ، انسانیت سے محبت اور معاشرے میں امن و خیر کو فروغ دیں ۔
انہوں نے کہا کہ غوثِ اعظمؓ کی سیرت کا پیغام علم ، عمل ، تقویٰ ، اخلاص ، شریعت کی پابندی اور خدمتِ خلق کا پیغام ہے ۔ مسلمان اگر ان تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لیں تو جمیع افراد کی اصلاح کے ساتھ معاشرے کی اصلاح بھی ممکن ہے ۔آخر میں انہوں نے امتِ مسلمہ سے اپیل کی کہ قرآنِ کریم کی تلاوت و تعلیم ، احادیثِ نبوی ﷺ کا مطالعہ اور سیرتِ صالحین و اولیائے کرام کا مطالعہ عام کیا جائے اور اپنی زندگی کو حضور نبی کریم ﷺ کی سنتِ مبارکہ کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کی جائے ۔
اسدالعلماء نے داعئی محفل جناب محمد خواجہ معین الدین کو حضرت سید شاہ محمد عبدالوہاب قادری چشتی رفاعی نقشبندی سہروردی جامع السلاسل کی خلافت کا اعلان کیا اور کہاکہ جامع السلاسل میں خلافت کثیرہ بھی باضابطہ طور پر دی جائیگی – اس موقعہ پر نبیرہ کعبہء دکنؒ حضرت سید شاہ رحمت محمد محمد الحسینی المعروف بہ رحمت بابا بندہ نوازی چشتی قادری نقشبندی سہروردی جامع السلاسل ،
حضرت علامہ مفتی آصف رضا اشرفی خلیفہء مجاز تاج العلماء علامہ الحاج سیدشاہ محمد نورانی میاں اشرفی الجیلانی قبلہ ،حضرت عبداللہ بن سالم چشتی قادری نقشبندی سہروردی جامع السلاسل ، حضرت برکت علی خان چشتی قادری نقشبندی سہروردی جامع السلاسل کے علاوہ سینکڑوں مرد و خواتین نے شرکت کی – محفل سماع رآت دیر گئے تک جاری رہا – تمام کےطعام کا اہتمام کیا گیا تھا –

