باتوں سے نہیں، ترقیاتی کاموں سے عوام کے سامنے جائیں گے:ایم ایل اے نائنی راجندر ریڈی

We will go before the people not through words, but through development works: MLA Naini Rajender Reddy

(اپنا ورنگل)

ہنمکنڈہ :

ورنگل ویسٹ کے ایم ایل اے نائنی راجندر ریڈی نے کہا کہ ورنگل شہر کو تمام شعبوں میں ترقی دے کر عوام کو بہتر بنیادی سہولتیں فراہم کرنا حکومت کا مقصد ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ باتوں کے بجائے ترقیاتی کاموں کے ذریعے عوام کے سامنے جائیں گے اور کام کرکے ووٹ مانگیں گے۔49ویں ڈویژن کی لیکچررس کالونی اور سائی برنداون کالونی میں منعقدہ ون مہوتسو پروگرام میں ایم ایل اے نے جی ڈبلیو ایم سی کمشنر وینکنا کے ساتھ شرکت کی اور پودے لگائے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ہر خاندان کم از کم ایک پودا لگائے اور اس کی حفاظت کی ذمہ داری بھی لے۔نائنی راجندر ریڈی نے بتایا کہ گزشتہ ڈھائی سال میں ورنگل ویسٹ کے ہر ڈویژن میں سڑکوں، ڈرینج اور دیگر بنیادی سہولتوں کے لیے بڑے پیمانے پر کام کیے گئے ہیں۔ اب ہر ڈویژن میں 10 کروڑ سے 12 کروڑ روپے تک کے ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈس دیے جا رہے ہیں۔ شایم پیٹ علاقے میں تقریباً 20 کروڑ روپے کے ترقیاتی کام انجام دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ورنگل شہر کے لیے انڈر گراؤنڈ ڈرینج پروجیکٹ منظور ہوچکا ہے اور ٹینڈر کا عمل جاری ہے، جس کے تحت ڈرینج و پانی کی پائپ لائنوں اور سینٹرل لائٹنگ سمیت بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انڈر گراؤنڈ ڈرینج کے کام شروع ہونے کے بعد دوبارہ سڑکیں کھودنے سے بچنے کے لیے فی الحال مستقل سڑکوں کی تعمیر میں احتیاط ضروری ہے۔

ایم ایل اے نے مزید بتایا کہ شہر میں پینے کے پانی کا مسئلہ  مستقل حل کے لیے 530 کروڑ روپے کے کام شروع کیے گئے ہیں۔ وڈّے پلی فلٹر بیڈ کے قدیم پانی ذخیرہ کرنے کے نظام کو جدید بنایا جا رہا ہے۔ جی ڈبلیو ایم سی کمشنر وینکنا نے بھی پودوں کی حفاظت اور شہر کی ترقی کے لیے عوام و عہدیداروں کے باہمی تعاون پر زور دیا۔

News Source : M.F. Baig Riaz