Warangal Police launches ‘Abhaya – My Taxi Safe’ app, a major step towards safe travel

(اپنا ورنگل)
ورنگل :
ورنگل پولیس کمشنر این۔ شویتا، آئی پی ایس نے کہا کہ مسافروں کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور ہر شہری کی بھی ذمہ داری ہے۔ خواتین اور دیگر مسافروں کو آٹو اور ٹیکسی میں سفر کے دوران مزید تحفظ فراہم کرنے کے مقصد سے تیار کردہ ’ابھیا–مائی ٹیکسی سیف‘ ایپ کا انہوں نے پیر کو آغاز کیا۔اس موقع پر پولیس کمشنر نے کہا کہ تمام آٹو اور ٹیکسی ڈرائیورس کے لیے ’ابھیا–مائی ٹیکسی سیف‘ اسٹیکر اپنی گاڑیوں پر لگانا لازمی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ گاڑی پر اسٹیکر دیکھتے ہی مسافروں میں اعتماد پیدا ہوگا اور وہ محفوظ سفر کے لیے ایسے ہی گاڑیوں کو ترجیح دیں گے۔انہوں نے آٹو اور کیب مالکان کو ہدایت دی کہ وہ اپنی گاڑیوں کی تفصیلات ’ابھیا–مائی ٹیکسی سیف‘ ایپ پر درج کریں، قریبی ٹریفک پولیس اسٹیشن سے رجوع کرتے ہوئے اسٹیکرس حاصل کریں اور انہیں اپنی گاڑیوں پر نمایاں طور پر چسپاں کریں۔
پولیس کمشنر نے ٹیکسی ڈرائیورس کو مسافروں کے ساتھ شائستگی سے پیش آنے اور خواتین کے تحفظ کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ مسافروں کا تحفظ پولیس کا بنیادی مقصد ہے۔اس موقع پر ٹیکسی ڈرائیورس کو ایپ کے استعمال اور مسافروں کے تحفظ سے متعلق مختلف امور پر آگاہی فراہم کی گئی۔ خواتین اور دیگر مسافروں سے بھی اپیل کی گئی کہ وہ ٹیکسی میں سفر کے دوران ’ابھیا–مائی ٹیکسی سیف‘ ایپ سے استفادہ کریں۔
پولیس نے بتایا کہ ٹیکسی گاڑیوں پر لگائے جانے والے اسٹیکرس کے ذریعے مسافروں کو ایپ کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ہنگامی حالات میں دستیاب حفاظتی سہولیات سے استفادہ کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔اس موقع پر پولیس کے ثقافتی دستے نے ڈرامائی پیشکش کے ذریعے ٹریفک قوانین اور سڑکوں پر محفوظ سفر کے حوالے سے بھی عوام میں شعور بیدار کیا۔
اس پروگرام میں سینٹرل زون ڈی سی پی دھارا کویتا، ایڈیشنل ڈی سی پی (ایڈمنسٹریشن) رائلا پربھاکر راؤ، ٹریفک اے سی پی ٹی۔ ستیہ نارائنا، ٹریفک انسپکٹرز سجاتا اور وینکنا، ٹریفک پولیس اہلکار، ٹیکسی ڈرائیورس، خواتین اور طلبہ نے شرکت کی۔

