مرحوم محمد عبدالہادی ایڈوکیٹ کی ملی و سماجی خدمات ناقابلِ فراموش: مولانا محسن پاشاہ

The community and social services of the late Advocate Mohammad Abdul Hadi are unforgettable: Moulana Mohsin Pasha

 

(اپنا ورنگل)

محبوب نگر :

بھارت سیوارتن ایوارڈ یافتہ اسدالعلماء تنویر صحافت مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی مولوی کامل الحدیث جامعہ نظامیہ و جنرل سیکریٹری کُل ہند سنی علماء مشائخ بورڈ محبوب نگر ضلع نے قائد ملت الحاج محمد عبدالہادی ایڈوکیٹ مرحوم صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے تعزیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ محترم علمائے کرام ، مشائخِ عظام ، معزز دانشوران ملت ، سیاسی و سماجی قائدین ، ذمہ دارانِ مسجد و ملت ، عزیزانِ ملت اور بالخصوص مرحوم کے اہلِ خانہ و متعلقین!

آج ہم سب شالیمار گارڈن فنکشن ہال ، نیو ٹاؤن محبوب نگر میں ایک انتہائی رنج و غم کے موقع پر جمع ہیں ۔ قائدِ قوم و ملت ، عالی جناب الحاج محمد عبدالہادی ایڈوکیٹ صدر ضلع کل ہند مجلس اتحادالمسلمین اور صدر مجلس انتظامی مدینہ مسجد کمیٹی کے انتقال کی خبر یقیناً اہلِ محبوب نگر اور بالخصوص ملتِ اسلامیہ کے لئے ایک عظیم صدمہ ہے۔

اس موقع پر میری طرف سے اور کل ہند سنی علماء مشائخ بورڈ محبوب نگر ضلع کی جانب سے مرحوم کے تمام اہلِ خانہ ، عزیز و اقارب ، رفقائے کار مجلس ، احباب اور پوری ملتِ اسلامیہ کی خدمت میں دلی تعزیت و ہمدردی پیش کرتا ہوں ۔اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی رحمتِ کاملہ میں جگہ عطا فرمائے ، ان کی مغفرت فرمائے ، درجات بلند فرمائے اور تمام پسماندگان کو صبرِ جمیل اور صبر جمیل پر اجر جزیل عطا فرمائے۔ آمین۔
موت ایک اٹل حقیقت ہے۔
قرآنِ مجید نے انسان کو موت کی حقیقت سے آگاہ کرتے ہوئے ارشاد فرمایا:
کُلُّ نَفْسٍ ذَائِقَۃُ الْمَوْتِ
یعنی ہر جان کو موت کا مزہ چکھنا ہے ۔
ایک اور مقام پر اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:
کُلُّ نَفْسٍ ذَائِقَۃُ الْمَوْتِ ۖ وَإِنَّمَا تُوَفَّوْنَ أُجُورَکُمْ یَوْمَ الْقِیَامَۃِ
یعنی ہر جان کو موت کا ذائقہ چکھنا ہے اور تمہیں قیامت کے دن تمہارے اعمال کا پورا پورا بدلہ دیا جائے گا ۔
یہ دنیا عارضی ہے ، یہاں کسی کو ہمیشہ رہنا نہیں ۔ عہدے ، دولت ، شہرت ، منصب اور دنیاوی قوت سب یہیں رہ جاتے ہیں ؛ انسان اپنے ساتھ صرف اپنے اعمال لے کر قبر کی طرف روانہ ہوتا ہے ۔
اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
إِنَّکَ مَیِّتٌ وَإِنَّهُمْ مَیِّتُونَ
یعنی اے محبوبؐ ! بے شک آپ کو بھی وفات آنی ہے اور انہیں بھی موت آنی ہے ۔
لہٰذا موت کسی ایک خاندان ، طبقے یا عمر کے لوگوں کے لئے مخصوص نہیں ۔ یہ اللہ تعالیٰ کا وہ اٹل فیصلہ ہے جس سے کسی کو مفر نہیں ۔
مصیبت کے وقت قرآن حکیم کا پیغام
آج مرحوم کے اہلِ خانہ اور تمام متعلقین کے لئے قرآنِ حکیم کا یہ پیغام انتہائی اہم ہے:
وَبَشِّرِ الصَّابِرِینَ ۝ الَّذِینَ إِذَا أَصَابَتْهُمْ مُّصِیبَۃٌ قَالُوا إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَیْهِ رَاجِعُونَ ۝ أُولَٰئِکَ عَلَیْهِمْ صَلَوَاتٌ مِّن رَّبِّهِمْ وَرَحْمَۃٌ وَأُولَٰئِکَ هُمُ الْمُهْتَدُونَ
اللہ تعالیٰ صبر کرنے والوں کو خوشخبری دیتا ہے ؛ وہ لوگ کہ جب انہیں کوئی مصیبت پہنچتی ہے تو کہتے ہیں :
إِنَّا لِلّٰهِ وَإِنَّا إِلَیْهِ رَاجِعُونَ
ہم اللہ ہی کے ہیں اور اسی کی طرف لوٹ کر جانے والے ہیں ۔
یہ صرف تعزیت کے موقع پر کہنے کے الفاظ نہیں ، بلکہ ایک مکمل عقیدہ ہے ۔ ہم اللہ ہی کے ہیں ، ہماری جان بھی اللہ کی عطا ہے اور آخرکار ہمیں اسی کے حضور واپس جانا ہے ۔
صبر کا مقام
حضور نبیء اکرم صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وصحبہ وسلم نے مصیبت کے وقت صبر کی بڑی فضیلت بیان فرمائی ہے ۔ صحیح احادیث میں آتا ہے کہ حقیقی صبر وہ ہے جو صدمے کے پہلے وقت میں کیا جائے۔
لہٰذا غم فطری ہے ، آنکھوں سے آنسو آنا فطری ہے ، دل کا رنجیدہ ہونا فطری ہے جو نماز جنازہ کے وقت سینکڑوں نوجوانوں کی آنکھوں میں آنسو تھے ، لیکن مسلمان کا عقیدہ یہ ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کے فیصلے پر شکوہ نہیں بلکہ صبر ، رضا اور دعا کا راستہ اختیار کرتا ہے ۔
مرحوم کی ملی و سماجی خدمات
مرحوم الحاج محمد عبدالہادی ایڈوکیٹ نے محبوب نگر کی ملی و سماجی زندگی میں اپنی ایک نمایاں شناخت قائم کی تھی ۔ صدر ضلع کل ہند مجلس اتحادالمسلمین کی حیثیت سے انہوں نے عوامی معاملات میں اپنی ذمہ داریاں انجام دیں اور مدینہ مسجد کمیٹی کے صدر کی حیثیت سے مسجد اور اس سے وابستہ دینی و اجتماعی امور میں بھی خدمات انجام دیں۔
کسی بھی انسان کی اصل میراث صرف اس کی جائیداد نہیں ہوتی ؛ اس کی اصل میراث اس کے اچھے اعمال ، حسنِ اخلاق ، لوگوں کے ساتھ حسنِ سلوک اور وہ نفع ہے جو اس نے معاشرے کو پہنچایا ۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
إِذَا مَاتَ الْإِنْسَانُ انْقَطَعَ عَنْهُ عَمَلُهُ إِلَّا مِنْ ثَلَاثَةٍ: إِلَّا مِنْ صَدَقَةٍ جَارِیَةٍ، أَوْ عِلْمٍ یُنْتَفَعُ بِهِ، أَوْ وَلَدٍ صَالِحٍ یَدْعُو لَهُ
جب انسان وفات پا جاتا ہے تو اس کا عمل منقطع ہوجاتا ہے، سوائے تین چیزوں کے: صدقۂ جاریہ ، ایسا علم جس سے لوگ فائدہ اٹھائیں ، یا نیک اولاد جو اس کے لیے دعا کرے ۔
اس حدیث سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ مرحومین کے لیے ہماری سب سے بڑی ذمہ داری ان کے لیے دعا ، مغفرت طلب کرنا ، صدقہ و خیرات کرنا اور نیک اعمال کا اہتمام کرنا ہے ۔
مرحوم کے لئے ہماری ذمہ داری
آج صرف آنسو بہانا کافی نہیں ۔ ہمیں مرحوم کے لئے اخلاص کے ساتھ دعا کرنی چاہیے اور انکے بتائے ہوئے طریقہ پر کاربند رہتے ہوئے ملت اسلامیہ کی غیر معمولی خدمات کو اولین ترجیح دیتے ہوئے صحیح خراج عقیدت پیش کرسکتے ہیں چونکہ مرحوم قائد ملت کے مسائل کی یکسوئ کے لئے رآت دیر گئے بھی اپنا فون اٹھاتے تھے اور صبح نماز فجر کے ساتھ ہی اعلی عہدیداروں اور حکام تک بذات خود پہنچ کر معاملات کی یکسوئ کرواتے تھے :
اَللّٰهُمَّ اغْفِرْ لَهُ وَارْحَمْهُ وَعَافِهِ وَاعْفُ عَنْهُ۔
اے اللہ! ان کی مغفرت فرما ، ان پر رحم فرما ، انہیں عافیت عطا فرما اور ان سے درگذر فرما۔
ان کے لئے صدقہ و خیرات کیا جائے ، قرآنِ پاک کی تلاوت کرکے ثواب پہنچایا جائے ، غریبوں اور محتاجوں کی مدد کی جائے اور ان کے نام سے ایسے نیک کام کئے جائیں جن سے لوگوں کو فائدہ پہنچتا رہے ۔
اہلِ خانہ کے نام خصوصی پیغام
مرحوم کے اہلِ خانہ سے میں عرض کرنا چاہتا ہوں کہ آج آپ کے گھر کا ایک بزرگ دنیا سے رخصت ہوا ہے ، لیکن اللہ تعالیٰ کی رحمت کا دروازہ بند نہیں ہوا ۔
غم کے اس موقع پر اللہ تعالیٰ سے تعلق مضبوط کریں ، نماز کی پابندی کریں ، دعا کا اہتمام کریں اور مرحوم کی نیک یادوں کو اپنے لئے نیکی کا ذریعہ بنائیں ۔
آپ کے لئے سب سے بڑا تحفہ یہی ہوگا کہ آپ مرحوم کے لئے دعائے مغفرت کرتے رہیں اور ان کے اچھے کاموں کو جاری رکھنے کی کوشش کریں ۔
ملت کے لیے ایک سبق
مرحوم کی رحلت ہم سب کے لئے بھی ایک پیغام ہے۔
آج ہم کسی کی میت پر جمع ہیں ، کل کسی اور کی میت پر جمع ہوں گے اور ایک دن ہماری اپنی باری بھی آئے گی ۔
اس لئے ہمیں اپنے آپ سے سوال کرنا چاہئیے :
اگر آج ہماری روح قبض کرلی جائے تو ہمارے پاس اللہ تعالیٰ کے حضور پیش کرنے کے لئے کیا ہے؟
کتنی نمازیں ہماری منتظر ہیں؟ کتنے حقوق العباد ہمارے ذمے ہیں؟ کتنے لوگوں کے دل ہم نے دکھائے؟ اور کتنے لوگوں کے کام ہم نے آسان کئے؟
قرآنِ مجید ہمیں بار بار آخرت کی تیاری کی طرف متوجہ کرتا ہے۔
اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتا ہے:
یَا أَیُّهَا الَّذِینَ آمَنُوا اتَّقُوا اللّٰهَ وَلْتَنظُرْ نَفْسٌ مَّا قَدَّمَتْ لِغَدٍ
اے ایمان والو! اللہ سے ڈرو اور ہر شخص یہ دیکھے کہ اس نے کل کے لئے کیا آگے بھیجا ہے ۔
لہٰذا مرحوم کی وفات ہمارے لئے بھی ایک بیداری کا پیغام ہے کہ ہم اپنی زندگی کو اللہ تعالیٰ کی اطاعت ، رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وعلی الہ وصحبہ وسلم کی محبت ، حقوق العباد کی ادائیگی اور خدمتِ خلق سے مزین کریں ۔
آخر میں بارگاہِ رب العزت میں دست بہ دعا ہوں:
یا اللہ! الحاج محمد عبدالہادی ایڈوکیٹ مرحوم کی کامل مغفرت فرما۔
یا اللہ! ان کی قبر کو نور سے بھر دے ، قبر کو جنت کے باغوں میں سے ایک باغ بنا دے ۔
یا اللہ! ان کی تمام لغزشوں اور کوتاہیوں سے درگزر فرما ۔
یا اللہ! ان کی دینی ، ملی ، سماجی اور عوامی خدمات کو اپنی بارگاہ میں قبول فرما ۔
یا اللہ! ان کے درجات بلند فرما اور انہیں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وصحبہ وسلم کی شفاعتِ کُبریٰ نصیب فرما۔
یا اللہ! ان کے اہلِ خانہ ، عزیز و اقارب اور تمام متعلقین کو صبرِ جمیل عطا فرما ۔
یا اللہ! محبوب نگر کی ملت کو اتحاد و اتفاق عطا فرما ، باہمی محبت عطا فرما اور ہمیں ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہونے کی توفیق رفیق عطا فرما۔
یا اللہ! ہماری زندگی کو ایمان و عملِ صالح سے مزین فرما اور جب موت آئے تو ایمان ، کلمہ اور اپنی رضا کے ساتھ موت عطا فرما۔
رَبَّنَا اغْفِرْ لَنَا وَلِإِخْوَانِنَا الَّذِینَ سَبَقُونَا بِالْإِیمَانِ وَلَا تَجْعَلْ فِی قُلُوبِنَا غِلًّا لِّلَّذِینَ آمَنُوا رَبَّنَا إِنَّکَ رَءُوفٌ رَّحِیمٌ۔
آمین بجاہِ سیدالانبیآء والمرسلین صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وصحبہ وسلم۔