آثارِ مبارکؐ کی زیارت محبتِ رسول ﷺ کی تجدید اور ایمان کی تازگی و روحانی بالیدگی کا ذریعہ ہے پیر حضرت مولانا الحاج خواجہ سید غیاث الدین معینی چشتی اجمیری کا خطاب

Visiting the relics of the Holy Prophet (PBUH) is a means of renewing love for the Prophet (PBUH), refreshing faith, and spiritual growth. Address by Peer Hazrat Maulana Al-Hajj Khwaja Syed Ghiyasuddin Moini Chishti Ajmeri

(اپنا ورنگل)

 رنگاریڈی :

ولئی کامل حضرت خواجہ سید شیخ نصیر الدین چشتی قادریؒ درگاہ شریف واقع قسمت پور ، ضلع رنگا ریڈی میں کل رآت منعقدہ عظیم الشان سالانہ مرکزی زیارتِ آثارِ مبارکؐ سے خطاب کرتے ہوئے جانشینِ دیوان جی حضرت خواجہ سید صولت حسین معینی چشتیؒ ، پیر حضرت مولانا الحاج خواجہ سید غیاث الدین معینی چشتی اجمیری قبلہ نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ سے محبت ایمان کا بنیادی تقاضا ہے اور آپ ﷺ سے وابستہ ہر نسبت اہلِ ایمان کے لئے باعثِ عقیدت و احترام اور نجات دارین ہے ۔

انہوں نے قرآنِ حکیم کی آیتِ مبارکہ ﴿ قُلْ إِنْ كُنْتُمْ تُحِبُّونَ اللّٰهَ فَاتَّبِعُونِي يُحْبِبْكُمُ اللّٰهُ ﴾ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنی محبت کے حصول کا راستہ اتباعِ رسول ﷺ کو قرار دیا ہے ۔ حقیقی محبت صرف دعوے کا نام نہیں بلکہ سنتِ مصطفیٰ ﷺ کو اپنی زندگی کا شِعار بنانے کا نام ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آثارِ مبارکؐ کی زیارت کا مقصد محض تاریخی اشیاء کا مشاہدہ نہیں ، بلکہ دلوں میں عشقِ مصطفیٰ ﷺ کو تازہ کرنا ، سیرتِ طیبہ کو یاد کرنا اور اپنی زندگی کو سنتِ رسول ﷺ کے عین مطابق ڈھالنے کا عہد کرنا ہے ۔ صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین اور تابعین رحمہم اللہ علیہم اجمعین کے دلوں میں رسول اللہ ﷺ اور آپ ﷺ سے منسوب آثار مبارکہ کے ساتھ بے مثال محبت و ادب پایا جاتا تھا ۔

انہوں نے حدیثِ مبارک «مَنْ أَحَبَّنِي فَقَدْ أَحَبَّ اللّٰهَ» کا مفہوم بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضور نبی کریم ﷺ کی محبت دراصل اللہ تعالیٰ کی محبت تک پہنچنے کا اہم ترین ذریعہ ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ دور میں نوجوان نسل کو سیرتِ مصطفیٰ ﷺ ، اخلاقِ نبوی ﷺ اور اسلامی تہذیب سے جوڑنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ خانقاہیں ، مزارات اور دینی مراکز امت کے روحانی و اخلاقی تربیت گاہ ہیں ، جہاں انسان کو محبت ، ادب ، خدمت ، اخلاص اور اللہ جل مجدہ و رسول ﷺ کی اطاعت کا درس ملتا ہے ۔

ُانہوں نے کہا کہ ہمیں آثارِ مبارکؐ کی زیارت کے ساتھ ساتھ اپنے اعمال کا بھی جائزہ لینا چاہیئے کہ ہماری نماز ، معاملات ، اخلاق ، والدین کے ساتھ حُسنِ سلوک ، پڑوسیوں کے حقوق اور معاشرتی رویہ سنتِ نبوی ﷺ کے مطابق ہے یا نہیں ۔

ُانہوں نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ عِشقِ رسول ﷺ کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں ، باہمی اختلافات سے بالاتر ہوکر اتحاد و اتفاق کو فروغ دیں اور نسلِ نو کو قرآن و سنت اور سیرتِ مصطفیٰ ﷺ سے وابستہ کریں ۔

آخر میں اُنہوں نے درگاہِ حضرت قاضی نصیرالدین چشتی قادری رحمۃ اللہ علیہ کے سجادہ نشین اور منتظمین کو سالانہ زیارتِ آثارِ مبارکؐ کے روح پرور اجتماع کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد ، امن و سلامتی اور ملک و ملت کی خیر و فلاح کے لئے خصوصی دعا فرمائی ۔عشقِ رسول ﷺ ایمان کی روح اور اتباعِ مصطفیٰ ﷺ کامیابی کا راستہ ہے۔

بھارت سیوا رتن ایوارڈ یافتہ اسدالعلماء تنویرِ صحافت مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی کا خطاب:
بھارت سیوا رتن ایوارڈ یافتہ اسدالعلماء تنویرِ صحافت مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی مولوی کامل الحدیث جامعہ نظامیہ و جنرل سیکریٹری کل ہند سنی علماء مشائخ بورڈ محبوب نگر ضلع نے کہا کہ قرآنِ حکیم نے رسولِ اکرم ﷺ کی ذاتِ اقدس کو اہلِ ایمان کے لئے بہترین نمونہ قرار دیا ہے ۔

انہوں نے آیتِ کریمہ ﴿ لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِي رَسُولِ اللّٰهِ أُسْوَةٌ حَسَنَةٌ ﴾ کی روشنی میں کہا کہ کامیاب مسلمان وہ ہے جو رسول اللہ ﷺ کی سیرتِ طیبہ کو اپنی زندگی کا عملی نمونہ بنائے ۔ صرف محبت کا اظہار کافی نہیں ، بلکہ محبت کا تقاضا یہ ہے کہ انسان اپنے عقائد حقہ ، عبادات ، معاملات ، اخلاق اور معاشرت میں سنتِ رسول ﷺ کی پیروی کرے ۔

انہوں نے کہا کہ آثارِ رسول ﷺ کی زیارت صدیوں سے اہلِ محبت کے لئے قلبی سکون ، عقیدت اور یادِ مصطفیٰ ﷺ کا ذریعہ رہی ہے ۔ تاہم آثارِ مبارکؐ سے وابستگی ہمیں اس بات کی دعوت دیتی ہے کہ ہم صاحبِ آثار ﷺ کی تعلیمات کو بھی اپنی زندگی میں نافذ کریں ۔

انہوں نے حدیثِ مبارک «لَا يُؤْمِنُ أَحَدُكُمْ حَتَّى أَكُونَ أَحَبَّ إِلَيْهِ مِنْ وَلَدِهِ وَوَالِدِهِ وَالنَّاسِ أَجْمَعِينَ» کا مفہوم بیان کرتے ہوئے کہا کہ کامل ایمان کے لئے رسول اللہ ﷺ کی محبت تمام دنیاوی محبتوں پر غالب ہونا ضروری ہے۔مولانا محمد محسن پاشاہ نے کہا کہ آج امت کو سب سے زیادہ ضرورت اپنے نوجوانوں کو سیرتِ مصطفیٰ ﷺ سے روشناس کرانے کی ہے ۔ اگر نئی نسل کو قرآن حکیم ، حدیث مبارکہ ، سیرت طیبہ اور اولیائے کرام کی تعلیمات سے مضبوطی کے ساتھ وابستہ کردیا جائے تو معاشرہ اخلاقی بحران سے محفوظ ہوسکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صوفیائے کرام نے محبتِ رسول ﷺ ، اتباعِ سنت ، ذکرِ الٰہی ، خدمتِ خلق اور حسنِ اخلاق کو اپنی خانقاہی تعلیمات کا بنیادی حصہ بنایا ۔ حضرت قاضی نصیرالدین چشتی قادری رحمۃ اللہ علیہ جیسے بزرگوں کی نسبتیں آج بھی لوگوں کو دین مبین ، محبت رسولؐ اور اصلاحِ نفس کی طرف متوجہ کرتی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آثارِ مبارکؐ کی زیارت کے موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا چاہئیے کہ ہم اپنی زندگی کو حضور اکرم ﷺ کے اخلاق کریمہ سے مزین کریں گے ، نمازوں کی پابندی کریں گے ، جھوٹ ، غیبت ، حسد اور بدگمانی سے بچیں گے ، والدین کا احترام اور انسانیت کی خدمت کریں گے ۔

انہوں نے منتظمینِ محفل کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے روحانی اجتماعات نئی نسل کے ایمان و کردار کی تعمیر میں اہم و نمایاں رول ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے تمام حاضرین سے اپیل کی کہ عشقِ رسول ﷺ کو اتحادِ امت ، خدمتِ خلق اور اتباعِ سنت کے عملی پیغام میں تبدیل کریں ۔خطاب کے اختتام پر انہوں نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا اور عالمِ اسلام ، ملک میں امن و سلامتی ، امت کے اتحاد اور تمام حاضرین کی دینی و دنیاوی کامیابی کے لئے دعا کی۔

امیر امارت امت اسلامیہ حضرت مولانا قاضی الحاج محمد عبدالرزاق نقشبندی مجددی قادری مداری چشتی سہروردی بانی و صدر آل انڈیا ایس ایس اُو نے اپنے خطاب میں کہاکہ زیارتِ آثارِ مبارکؐ محفلِ عشق و محبت اور عقیدت کا عظیم الشان روحانی اجتماع ہے اس میں مسلمانوں کی شرکت موجب دارین اور آقائے دوجہاں رحمت اللعٰلمین خاتم النبیین شفیع المذنبین صلی اللہ علیہ وعلی آلہ وصحبہ وسلم سے قربت کا اہم ترین ذریعہ ہے –

مولوی خواجہ قاضی خضر پاشاہ چشتی قادری کا خیر مقدمی خطاب:
منعقدہ سالانہ زیارتِ آثارِ مبارکؐ کے موقع پر مولوی خواجہ قاضی خضر پاشاہ چشتی قادری ، جانشینِ سجادہ نشین حضرت نصیر پیا رحمۃ اللہ علیہ نے خیرمقدمی و استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ روحانی اجتماع عاشقانِ رسول ﷺ کے لئے محبت ، عقیدت اور روحانی فیوض و برکات حاصل کرنے کا عظیم و زرین موقع ہے ۔انہوں نے کہا کہ درگاہِ نصیریہؒ کی روایت ہمیشہ سے محبتِ رسول ﷺ ، احترامِ اولیاء اللہ ، ذکر و فکر اور خدمتِ دین سے وابستہ رہی ہے ۔

سالانہ زیارتِ آثارِ مبارکؐ کا انعقاد اسی روحانی روایت کا تسلسل ہے ۔
انہوں نے معزز مہمانانِ گرامی جانشینِ دیوان جی حضرت خواجہ سید صولت حسین معینی چشتیؒ پیر حضرت مولانا الحاج خواجہ سید غیاث الدین معینی چشتی اجمیری قبلہ ، بھارت سیوا رتن ایوارڈ یافتہ اسدالعلماء تنویرِ صحافت مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی اور امیرِ امارتِ امتِ اسلامیہ حضرت مولانا قاضی الحاج محمد عبدالرزاق نقشبندی مجددی قادری مداری چشتی سہروردی کی گلپوشی و شالپوشی کرتے ہوئے پرتپاک خیرمقدم کیا اور کہا کہ ان جلیل القدر علماء کرام و مشائخ عظام کی شرکت سے محفل کی روحانی شان میں اضافہ ہوا ہے ۔

انہوں نے تمام علماء کرام ، مشائخ عظام ، سادات ، مریدین ، عقیدت مندوں اور شرکائے اجتماع کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آثارِ مبارکؐ کی زیارت کے اس متبرک موقعہ کو صرف ایک رسم نہیں بلکہ اپنے ایمان ، اعمال اور کردار کی اصلاح کا ذریعہ بنایا جائے ۔انہوں نے پیرطریقت حضرت الحاج قاضی خواجہ شیخ سلیم الدین چشتی قادری سجادہ نشین خانقاہِ نصیریہ قسمت پور کی زیرِ نگرانی منعقد ہونے والی اس بابرکت محفل کی کامیابی کے لئے تمام متعلقین کی کاوشوں کو سراہا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو امت کے لئے خیر و برکت ، محبتِ رسول ﷺ اور اصلاحِ احوال کا ذریعہ بنائے ۔ رآت دیر گئے تک محفل سماع جاری رہی –

News Source  : Mohsin Pasha