The festival of Bakrid should be celebrated in an atmosphere of harmony. A coordination meeting was held with Hanamkonda and Warangal district collectors, officials, peace committee members and Muslim religious leaders.
ورنگل:
عنقریب منائی جانے والی بقرعید کو پرامن اور باہمی احترام کے جذبے کے ساتھ منانے کے لیے تعاون کی اپیل ورنگل سٹی پولیس کمشنر سن پریت سنگھ نے کی۔ بروز پیر ہنمکنڈہ کلکٹریٹ آئی ڈی او سی میں ہنمکنڈہ ضلع کلکٹر محترمہ چاہت باجپائی اور ورنگل ضلع کلکٹر ڈاکٹر ستیہ شاردا کے ساتھ حکام، امن کمیٹی کے ارکان اور مسلم مذہبی رہنماؤں کے ساتھ ایک رابطہ اجلاس منعقد کیا گیا۔اس موقع پر تہوار کے دوران امن و امان کے اقدامات، صفائی ستھرائی، پینے کا پانی، بجلی کی فراہمی، ٹریفک کنٹرول اور عیدگاہوں پر سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔
مساجد، عبادت گاہوں اور عیدگاہوں کے اطراف میں تمام ضروری انتظامات پیشگی مکمل کرنے کی ہدایت متعلقہ محکموں کے حکام کو دی گئی۔ پولیس کمشنر سن پریت سنگھ نے کہا کہ ورنگل اور ہنمکنڈہ شہروں میں ہر تہوار کو عوام ہم آہنگی سے مناتے ہیں، اسی جذبے کے ساتھ بقرعید بھی پرامن طور پر منائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر مذہب کے جذبات کا احترام کرنا پولیس محکمے کی ذمہ داری ہے۔ عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی غلط فہمی کا شکار ہوئے بغیر باہمی تعاون سے تہوار منائیں۔جانوروں کے لیے محکمہ مویشی پروری کی جانب سے فٹنس سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دی۔
مویشیوں کے فضلے کو سڑکوں پر نہ پھینکنے اور صفائی کا خیال رکھنے، میونسپل عملے سے تعاون کرنے کی عوام سے اپیل کی۔پولیس کمشنر نے خبردار کیا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی افواہیں اور مذہبی منافرت پھیلانے والے پیغامات شیئر کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ عوام سے ذمہ داری سے پیش آکر امن و امان کے تحفظ میں تعاون کی اپیل کی۔ ہنمکنڈہ ضلع کلکٹر چاہت باجپائی نے کہا کہ تہوار کے موقع پر عوام کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو، اس کے لیے تمام محکمے باہمی ربط کے ساتھ کام کریں۔
بلدیہ کے تحت عیدگاہوں پر پینے کا پانی، صفائی، بجلی کی فراہمی جیسے بنیادی سہولیات بلاتعطل دستیاب رہیں، اس کے لیے حکام کو ہدایات دیں۔ورنگل ضلع کلکٹر ڈاکٹر ستیہ شاردا نے کہا کہ محکمہ مویشی پروری قربانی کے جانوروں کے فٹنس سرٹیفکیٹ جلد جاری کرے۔ کسی کے بھی جذبات مجروح نہ ہوں، باہمی احترام کے ساتھ تہوار منایا جائے۔ گرمی کی شدت کے پیش نظر عوام اور مویشیوں کی صحت پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی۔
اس اجلاس میں ریاستی حج کمیٹی کے چیئرمین غلام افضل بیابانی خسرو پاشاہ، ڈی سی پیز انکت کمار، دارا کویتا، راج مہیندر نائک، ایڈیشنل کلکٹرز روی، سندھیا رانی، ضلع مویشی پروری کے حکام، اے سی پیز، آر ٹی اوز، متعلقہ محکموں کے ضلعی حکام، امن کمیٹی کے صدر ڈاکٹر انیس صدیقی کے علاوہ ارکان اور مسلم مذہبی پیشواؤں نے شرکت کی۔
News Source : Mohd. Fazal ur Rahman

