گنجِ انوار حضرت خواجہ محمد انور علی شاہؒ کا 31واں سالانہ یومِ وصال عقیدت و احترام سے منایا گیا- جلسۂ فیضانِ اولیاء اللہ سے علماء کرام و مشائخ عِظام کے خطابات ، قرآن و احادیث کی روشنی میں اولیائے کرام کی تعلیمات پر تفصیلی روشنی ؛ رآت دیر گئے تک محفلِ سماع جاری رہی

The 31st annual death anniversary of Hazrat Khawaja Muhammad Anwar Ali Shah (RA)—known as *Ganj-e-Anwar*—was observed with reverence and devotion

(اپنا ورنگل)

حیدرآباد :

31 / ویں سالانہ یومِ وصال گنجِ انوار حضرت خواجہ شیخ محمد انور علی شاہ چشتی قادری افتخاریؒ ، خانقاہ چشتیہ ،شاہ نگر ، مصری گنج کے موقع پر مختلف روحانی و دینی پروگراموں کا انعقاد عمل میں آیا ۔ کل بعد نمازِ عشاء خدمتِ صندل مالی کی سعادت حاصل ہوئی ، جس کے بعد عظیم الشان پیمانہ پر جلسۂ فیضانِ اولیاء اللہ منعقد ہوا ۔جلسۂ فیضانِ اولیاء اللہ سے نبیرۂ حضرت وطن شاہ صاحبؒ پیرِ طریقت حضرت مولانا الحاج سید شاہ انواراللہ افتخاری چشتی قادری قبلہ جلسہ کی سرپرستی کرتے ہوئے کہاکہ اللہ کے محبوب بندے وہ ہیں جن کے دل زہد ،

ورع تقویٰ ،نور ایمان للہیت و اخلاص اور اطاعت الہی سے روشن و منور ہوتے ہیں انہیں خاصان خدا میں گنج انوار حضرت مولانا خواجہ انوار صاحب رحمہ اللہ چشتی قادری بھی ہیں جن کا آج ہم 31 واں سالانہ عرس شریف منارہے ہیں جس میں ملکی سطح کے ممتاز علماء کرام مشائخ عظام موجود ہیں ۔ جلسہ سے سرپرست اعلیٰ و نگرانِ جلسۂ فیضانِ اولیاء اللہ شانِ صحافت حضرت علامہ الحاج ڈاکٹر شیخ خواجہ محمد شجاع الدین افتخاری حقانی پاشاہ چشتی قادری سجادہ نشین حضرت گنجِ انوارؒ ، اسدالعلماء مولانا محمد محسن پاشاہ قادری نقشبندی مولوی کامل جامعہ نظامیہ و جنرل سیکریٹری کل ہند سنی علماء مشائخ بورڈ محبوب نگر ضلع اور امیرِ امارتِ امتِ اسلامیہ حضرت مولانا الحاج قاضی محمد عبدالرزاق نقشبندی مجددی قادری مداری چشتی سہروردی جامع السلاسل، بانی و صدر کل ہند ایس ایس اُو نے قرآنِ حکیم اور احادیثِ نبوی ﷺ کی روشنی میں تفصیلی خطاب کرتے ہوئے اولیائے کرام کی دینی ، روحانی اور اصلاحی خدمات پر مدلل ومفصل روشنی ڈالی ۔

مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ اولیاء اللہ کی زندگیاں کتاب و سنت کی عملی ترجمانی کا عظیم الشان مظہر ہیں ۔ ان کی تعلیمات انسان کو اللہ تعالیٰ کی معرفت ، اتباعِ رسول اکرم ﷺ ، حسنِ اخلاق ، محبت ، اخوت اور خدمتِ خلق کی طرف متوجہ کرتی ہیں ۔ اولیائے کرام کی یاد منانے کا مقصد ان کی تعلیمات کو عام کرنا اور نئی نسل کو دین و سنت سے وابستہ کرنا ہے ۔شہ نشین پر نبیرۂ کعبۂ دکنؒ حضرت مولانا سید شاہ رحمت محمد محمد الحسینی قبلہ المعروف بہ رحمت بابا بندہ نوازی چشتی قادری نقشبندی سہروردی جامع السلاسل ، مولانا سید شاہ آیت اللہ حسینی ، سجادہ نشین بارگاہِ قتالیہؒ کولم پلی ضلع محبوب نگر ،

حضرت مولانا عبداللہ بن سالم بایمین چشتی قادری نقشبندی سہروردی جامع السلاسل ، مولانا سید شاہ نجم الدین قادری چشتی، مولانا سید قطب الدین قادری عطاپور ، مولانا برکت علی عمران خان چشتی قادری جامع السلاسل ، مولانا حافظ قطب الرحمٰن افتخاری سنگا ریڈی ، مولانا ڈاکٹر حسن محمد نقشبندی اور دیگر ممتاز علمائے کرام و مشائخ عظام موجود تھے۔اس روحانی اجتماع میں عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور حضرت گنجِ انوارؒ سے اپنی عقیدت و محبت کا اظہار کیا ۔ جلسہ کے اختتام کے بعد بھی روحانی کیفیت برقرار رہی اور رات دیر گئے تک محفلِ سماع کا سلسلہ جاری رہا ۔ شرکائے محفل نے ذکر و فکر ،

نعت و منقبت اور صوفیانہ کلام سے روحانی فیض حاصل کیا ۔اس موقع پر منتظمین کی جانب سے زائرین اور عقیدت مندوں کے لئے مناسب انتظامات کئے گئے تھے ۔ علماء و مشائخ نے حضرت گنجِ انوارؒ کے سالانہ یومِ وصال کی مناسبت سے ان کی دینی و روحانی خدمات کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے امتِ مسلمہ کے لئے امن ، اتحاد ، محبت اور خیر و برکت کی دعائیں کیں ۔تناول طعام ، خاص وعام کا اہتمام بھی کیا گیا تھا –

News Source : Mohsin Pasha