Special arrangements should be made in mosques and Eidgahs in view of Ramadan: Mayor Gundu Sudharani
![]()
(اپنا ورنگل)
ورنگل :
رمضان المبارک کے پیش نظر شہر کی تمام مساجد میں مناسب لائٹنگ کے انتظامات کرنے کی ہدایت میئر محترمہ گنڈو سدھارانی نے انجینئرنگ حکام کو دی ہے۔ نکّلا گٹہ سرکل دفتر میں انجینئرنگ عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں میئر نے شرکت کرتے ہوئے رمضان کے دوران مساجد اور قبرستانوں میں بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔اس موقع پر میئر نے کہا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی مسلم برادری کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو، اس کے لیے گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن (جی ڈبلیو ایم سی) کی جانب سے مساجد اور قبرستانوں میں لائٹنگ کا مناسب انتظام کیا جائے۔
اس کے علاوہ عیدگاہوں کی صفائی ستھرائی کو بھی یقینی بنایا جائے۔انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ شہر کے تمام 66 ڈویژنوں میں موجود مساجد اور قبرستانوں میں جی ڈبلیو ایم سی کی جانب سے لائٹنگ کا انتظام کیا جائے۔ 99 روزہ منصوبہ کے تحت خراب اسٹریٹ لائٹس کی مرمت کی جائے اور این پی ڈی سی ایل حکام کے ساتھ تال میل رکھتے ہوئے جہاں اسٹریٹ لائٹس نہیں ہیں وہاں نئی لائٹس نصب کی جائیں۔
میئر نے مزید کہا کہ جہاں لائٹس خراب ہیں وہاں فوری طور پر مرمت کی جائے، غیر استعمال شدہ بجلی کے کھمبوں کی نشاندہی کر کے انہیں ہٹایا جائے اور کونسل سے منظور شدہ ہائی ماسٹ لائٹس کو جلد نصب کیا جائے۔اجلاس میں ای ای روی، کمار، مادھوی لتا، مہندر، ڈی ای کارتھک ریڈی، سنتوش کمار اور اے ای سریتا سمیت دیگر عہدیداران موجود تھے۔.
News Source : M.F. Baig Riaz

