جنگاؤں میں سیرت النبی ﷺ اسلامی کوئز 2026 کا شاندار انعقاد، 276 طلبہ و طالبات کی شرکت۔

Seerat-un-Nabi   Islamic Quiz 2026 held in Jangaon, 276 students participated

(اپنا ورنگل)

جنگاؤں :

جمعیۃ علماء جنگاؤں کے زیرِ اہتمام سیرت النبی ﷺ اسلامی کوئز 2026 کا شاندار انعقاد جمعہ کے روز جامع مسجد جنگاؤں میں منعقد ہوا۔ کوئز میں مختلف مقامات سے تعلق رکھنے والے 276 طلبہ و طالبات نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔اس کوئز کا مقصد نئی نسل کو نبی کریم  ﷺ کی حیاتِ مبارکہ، اسوۂ حسنہ، تعلیمات، اخلاق و کردار اور اسلامی اقدار سے واقف کرانا اور طلبہ میں سیرت النبی ﷺ کے مطالعہ کا ذوق پیدا کرنا تھا۔

جمعیۃ علماء جنگاؤں کے چیف پیٹرن مولانا عبدالحفیظ قاسمی نے سوال نامے جاری کرتے ہوئے کوئز کا آغاز کیا۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ کی بڑی تعداد میں شرکت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیرت النبی ﷺ کا مطالعہ بالخصوص نئی نسل کے لیے انتہائی اہم ہے، کیونکہ رسول اکرم ﷺ کی مبارک زندگی مسلمانوں کے لیے بہترین نمونہ اور رہنمائی کا ذریعہ ہے۔کوئز کے انعقاد میں کنوینر محمد خواجہ مجتہدالدین نے اہم ذمہ داری ادا کی۔ ان کی نگرانی میں طلبہ کے لیے ضروری انتظامات، سوال ناموں کی تقسیم، امتحانی نظم و ضبط اور دیگر امور کو منظم انداز میں انجام دیا گیا۔

اس موقع پر صدر جمعیۃ علماء جنگاؤں مولانا عبدالرحمن، محمد جمال شریف ایڈووکیٹ اور صدر جامع مسجد جنگاؤں مسیح الرحمن سمیت دیگر ذمہ داران اور منتظمین موجود تھے۔کوئز میں طلبہ کی بھرپور شرکت نے پروگرام کی کامیابی کو نمایاں کیا۔ طلبہ نے سیرت النبی ﷺ سے متعلق مختلف سوالات کے جوابات دے کر اپنی علمی صلاحیتوں اور سیرت کے مطالعہ کا مظاہرہ کیا۔منتظمین نے کہا کہ ایسے علمی و دینی مقابلوں کا مقصد محض مسابقت نہیں بلکہ طلبہ میں دینی شعور، سیرت النبی ﷺ سے محبت اور اسلامی اخلاق و اقدار کو فروغ دینا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس کوئز کے ذریعے طلبہ نبی کریم ﷺ کی مبارک زندگی کے مختلف پہلوؤں سے مزید واقف ہوں گے اور آپ ﷺ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں اپنانے کی کوشش کریں گے۔کوئز میں عبدالمقتدر، محمد امتیاز الدین، محمد جلیل، ناظمہ آفرین اور غوثیہ نے ممتحن کے فرائض انجام دیے۔

آخر میں جمعیۃ علماء جنگاؤں کے ذمہ داران مولانا امان اللہ، مولانا محی الدین عقیل، مفتی انصار، مولانا عبدالرشید، حافظ مصلح الدین سعید، حافظ ارشد، حافظ محمد نعیم، حافظ عبدالجواد اور حافظ سجاد نے کوئز میں شریک تمام طلبہ و طالبات، ان کے والدین، اساتذہ اور پروگرام کی کامیابی کے لیے تعاون کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا اور شرکاء کو مبارکباد پیش کی۔

News Source : M.F. Baig Riaz