آسام کے سیلاب متاثرین کے لیے جمعیت علماء کی امداد، 2 لاکھ 18 ہزار 157 روپے پیش۔

Jamiat Ulema donates Rs 218,157 to flood victims in Assam

(اپنا ورنگل)

رائچور:

آسام میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی امداد اور بحالی کے لیے جمعیت علماء کی جانب سے امدادی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں رائچور جمعیت علماء کی جانب سے آسام کے سیلاب متاثرین کے لیے دیودرگ میں جمع کی گئی امدادی رقم 2 لاکھ 18 ہزار 157 روپے جمعیت علماء کرناٹک کے ذمہ داران کے حوالے کی گئی۔

اس موقع پر رائچور جمعیت علماء کا ایک وفد، جس میں مفتی کلیم الدین، مولانا محبوب علی قاسمی، حافظ و قاری منصور حسین، مولانا عبدالمنان قاسمی اور خواجہ معین الدین شامل تھے، نے جمعیت علماء کرناٹک کے جنرل سکریٹری مفتی شمس الدین صاحب بجلی اور آرگنائزر مفتی محمد سلیم سے ملاقات کرتے ہوئے مذکورہ امدادی رقم پیش کی۔

وفد کے ارکان نے کہا کہ آسام کے مختلف علاقوں میں سیلاب کے باعث بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے ہیں اور کئی خاندانوں کو جانی و مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ ایسے مشکل حالات میں متاثرین کی مدد کرنا انسانی اور دینی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اہلِ خیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ حسبِ استطاعت سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے آگے آئیں اور ضرورت مند خاندانوں کی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔

جمعیت علماء کے ذمہ داران نے امداد میں تعاون کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں متاثرین تک بروقت امداد پہنچانا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عوام کے تعاون سے مزید امدادی رقم جمع کرکے آسام کے متاثرہ خاندانوں تک پہنچائی جائے گی۔

اس موقع پر وفد کے ارکان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ آسام کے تمام سیلاب متاثرین کی مشکلات کو آسان فرمائے، انہیں محفوظ مقامات پر رہنے کے مواقع عطا کرے اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے والے تمام افراد کی کاوشوں کو قبول فرمائے۔

News Source : M.F. Baig Riaz