In the presence of various scholars and spiritual masters , the ritual of Sandal Mali was performed by Sadr Sufi Shah Muhammad Khwaja Khan Chishti Qadri at the Astana-e-Aliya.

(اپنا ورنگل)
محبوب نگر :
عالمی مرکزی سیر و سیاحت کے مقام پیرلہ مری ، محبوب نگر میں واقع بارگاہِ عالیہ قطب الاقطاب حضرت سید شاہ جمال حسینی چشتی رحمۃ اللہ علیہ اور قطب الاقطاب حضرت سید شاہ کمال حسینی چشتی رحمۃ اللہ علیہ کی روحانی و تاریخی روایات کے تسلسل کو برقرار رکھنے اور خانقاہی نظام کی ذمہ داریوں کو نئی نسل تک منتقل کرنے کے سلسلے میں ایک اہم تقریب منعقد ہوئی ۔
اس موقع پر صندل مالی صدر سجادہ نشین و متولی جناب صوفی شاہ محمد خواجہ خان چشتی قادری مرزائی قلندری شطاری نے اپنے فرزندِ اکبر اٹھارہ سالہ نوجوان جناب محمد کوثر خان نعمت کو جمیع علماء کرام ، مشائخِ عِظام اور معززین کی موجودگی میں سجادہ نشین و متولی نامزد کرنے کا اعلان کیا ۔
اس موقع پر حاضرین نے اس نامزدگی کو آستانۂ عالیہ کی روحانی ، دینی ، تہذیبی اور خانقاہی روایات کے تسلسل کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا اور نوجوان نامزد سجادہ نشین کے لئے دعاوؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔تقریب میں درگاہ کمیٹی حضرات پیرلہ مری کے جنرل سیکریٹری ممتاز عالم دین بھارت سیوا رتن ایوارڈ یافتہ اسدالعلماء تنویرِ صحافت مولانا محمد محسن پاشاہ انصاری قادری نقشبندی مجددی مولوی کامل الحدیث جامعہ نظامیہ و جنرل سیکریٹری کل ہند سنی علماء مشائخ بورڈ محبوب نگر ضلع نے قرآن حکیم اور احادیث نبویہؐ کی روشنی میں صدارتی خطاب کرتے ہوئے سجادہ نشینی ، تولیت ، خدمتِ خلق ، اتباعِ شریعت اور اولیائے کرام کی تعلیمات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ سجادہ نشینی اعزاز نہیں ، ایک عظیم علمی و روحانی امانت ہے –
مولانا محمد محسن پاشاہ قادری نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ اولیاء اللہ کی بارگاہیں مسلمانوں کے روحانی ، اخلاقی اور دینی تشخص کی اہم علامت ہیں ۔ ان مقدس آستانوں سے وابستہ سجادہ نشینی اور تولیت محض خاندانی اعزاز یا منصب کا نام نہیں بلکہ ایک عظیم امانت اور جواب دہی ہے ۔ اس منصب پر فائز ہونے والے شخص کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنی زندگی کو قرآن مجید و سنت نبویؐ کی تعلیمات کے تابع رکھتے ہوئے بزرگانِ دین کے نقشِ قدم پر چلے ۔انہوں نے کہا کہ قطب الاقطاب حضرت سید شاہ جمال حسینی چشتیؒ اور قطب الاقطاب حضرت سید شاہ کمال حسینی چشتیؒ جیسے بزرگوں سے منسوب آستانۂ عالیہ کی خدمت ایک عظیم سعادت مندی و فیروز مندی ہے۔
ان بزرگوں کی نسبت سے قائم روحانی ماحول ، مجالسِ ذکر و نعت ، ایصالِ ثواب ، زائرین کی خدمت ، علماء کرام و مشائخ عِظام کا احترام اور عوام کے ساتھ حسنِ سلوک کو برقرار رکھنا ہر خادمِ درگاہ کی بنیادی و لازمی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سجادہ نشین کا مقام اس کے لباس ، لقب ، نسب یا ظاہری شان و شوکت سے نہیں بلکہ اس کے تقویٰ ، علم و عمل ، تواضع و انکساری ، حُسنِ اخلاق اور خدمتِِ دین سے نمایاں ہوتا ہے ۔ جو شخص آستانۂ اولیاء اللہ کی خدمت کا ذمہ دار بنتا ہے ، اسے اپنی ذات سے زیادہ اس مقدس امانت اور اس سے وابستہ عوام کے اعتماد کی فکر کرنی چاہیئے ۔
قرآن حکیم کی روشنی میں اولیاء اللہ کا مقام و مرتبہ صدارتی خطاب میں مولانا نے قرآن مجید کی سورۂ یونس کی آیت 62 اور 63 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے اولیاء کے متعلق ارشاد فرمایا: أَلَآ إِنَّ أَوْلِيَآءَ اللَّهِ لَا خَوْفٌ عَلَيْهِمْ وَلَا هُمْ يَحْزَنُونَ الَّذِينَ آمَنُوآ وَكَانُوا يَتَّقُونَ الخ ترجمہ: خبردار! بے شک اللہ کے دوستوں پر نہ کوئی خوف ہوگا اور نہ وہ غمگین ہوں گے، یہ وہ لوگ ہیں جو ایمان لائے اور تقویٰ اختیار کرتے رہے ۔، ان کے لئے بشارت ہے دنیا و آخرت میں ، اللہ کا کلام بدلنے والا نہیں ہے ، یہی لوگ کامیاب و کامران ہیں –انہوں نے کہا کہ اس قرآنی ارشاد سے واضح ہوتا ہے کہ ولایت کا حقیقی معیار ایمان اور تقویٰ ہے ۔
اولیائے کرام کی زندگیوں کا مطالعہ کیا جائے تو ان کی نمایاں خصوصیات اللہ تعالیٰ کی اطاعت و فرمانبر داری ، خاتم النبیین حضور رسول اکرم ﷺ کی محبت ، شریعت مطہرہ کی پابندی ، مخلوقِ خدا کے ساتھ شفقت اور انسانیت کی خدمت نظر آتی ہیں ۔مولانا نے سورۂ نحل کی آیت 125 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے دعوتِ دین کا طریقہ حکمت ، عمدہ نصیحت اور بہترین اندازِ گفتگو قرار دیا ہے ۔ اولیاء اللہ نے بھی اپنے پاکیزہ و صالح کردار ، حسنِ اخلاق ، محبت ، رواداری اور عملی نمونے کے ذریعے لوگوں کے دلوں میں دینِ اسلام کی محبت پیدا کی ۔ حدیث نبوی ﷺ کی روشنی میں علماء کرام و اولیاء اللہ کی ذمہ داریاں کو مولانا محمد محسن پاشاہ قادری نے اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات میں علم ، اخلاق ، امانت اور انسانیت کی خدمت کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔
انہوں نے حدیث شریف «الدِّينُ النَّصِيحَةُ» کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دین خیرخواہی کا نام ہے ۔ لہٰذا سجادہ نشین اور متولی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے منصب کو ذاتی مفادات کے بجائے دینی و ملی خیرخواہی ، اصلاحِ معاشرہ اور خدمتِ خلق کے لئے استعمال کرے ۔انہوں نے اس حدیث مبارک «كُلُّكُمْ رَاعٍ وَكُلُّكُمْ مَسْئُولٌ عَنْ رَعِيَّتِهِ» کا مفہوم بیان کرتے ہوئے کہا کہ تم میں سے ہر شخص نگہبان ہے اور ہر شخص سے اس کی رعیت کے بارے میں سوال کیا جائے گا ۔ اس حدیث کی روشنی میں درگاہ ، خانقاہ اور اس سے متعلقہ اوقاف و انتظامی امور کی حفاظت ، شفافیت اور ذمہ دارانہ نگرانی نہایت ضروری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اولیائے کرام کی تعلیمات کا حقیقی وارث وہی ہے جو ان کی محبت کے ساتھ ان کے اخلاق ، تقویٰ ، عبادت ، خدمت اور اتباعِ شریعت کو بھی اپنی زندگی میں اختیار کرے ۔ نوجوان نسل کے لئے ایک اہم پیغام دیتے ہوئے مولانا محسن پاشاہ نے اٹھارہ سالہ جناب محمد کوثر خان نعمت کی نامزدگی کے تناظر میں کہا کہ نوجوان نسل کو دینی اداروں ، خانقاہوں ، درگاہوں اور ملی و سماجی خدمات سے وابستہ کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔ نوجوانوں کو صرف منصب منتقل کرنا کافی نہیں بلکہ ان کی علمی ، اخلاقی ، روحانی اور انتظامی تربیت بھی ضروری ہے جس کی علمی و عملی تربیت کے لئے ازہر ہند جامعہ نظامیہ بہترین درسگاہ ثابت ہوگی –
انہوں نے کہا کہ جناب محمد کوثر خان نعمت کے لئے یہ زرین موقع اور ایک بڑی سعادت کے ساتھ ساتھ ایک بڑا امتحان بھی ہے ۔ انہیں چاہیئے کہ اپنے والد محترم صوفی شاہ محمد خواجہ خان چشتی قادری مرزائی قلندری کی رہنمائی ، علماء کرام و مشائخ عظام کی سرپرستی اور بزرگوں کی دعاوؤں سے استفادہ کرتے ہوئے اس مقدس ذمہ داری کو اخلاص و دیانت داری کے ساتھ انجام دیں ۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آستانۂ عالیہ میں آنے والے ہر زائر ، مسافر ، غریب ، ضرورت مند اور عقیدت مند کے ساتھ عزت و احترام ، شفقت اور حسنِ سلوک کا معاملہ کیا جائے ۔
درگاہوں کا فیض اسی وقت معاشرے میں زیادہ مؤثر ہوتا ہے جب وہاں سے محبت ، اخوت ، امن ، بھائی چارہ اور انسانیت کی خدمت کا پیغام عام ہو ۔پیرلہ مری کی روحانی و تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے مولانا محسن پاشاہ نقشبندی نے کہا کہ پیرلہ مری محبوب نگر کی سرزمین پر واقع یہ وہ مقدس آستانۂ عالیہ ہے جہاں پر مقامی دینی ، روحانی اور تہذیبی روایت کا ایک اہم مرکز و سنگ میل ہے۔ حضرت سید شاہ جمال حسینی چشتیؒ اور حضرت سید شاہ کمال حسینی چشتیؒ سے وابستہ عقیدت و محبت نسل در نسل منتقل ہوتی رہی ہے ۔ ان بزرگوں کے نام سے منعقد ہونے والے اعراس شریف ، صندل مالی ، مجالسِ ذکر و نعت اور دیگر روحانی تقریبات عقیدت مندوں کو باہم مربوط کرتی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ان بزرگوں کی تاریخِ حیات ، سلسلۂ نسب ، روحانی اسناد ، تعلیمات ، کرامات اور خدمات کو مستند قدیم دستاویزات ، شجرہ ہائے نسب ، خاندانی روایات اور تذکرہ نگاری کی مدد سے مرتب کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ آنے والی نسلیں اپنے روحانی و تاریخی ورثے سے واقف ہوسکیں ۔ صدارتی خطاب کے اختتام پر مولانا محمد محسن پاشاہ قادری نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ قطب الاقطاب حضرت سید شاہ جمال حسینی چشتیؒ اور قطب الاقطاب حضرت سید شاہ کمال حسینی چشتیؒ کے درجات کو مزید بلند فرمائے ، ان کے فیوض و برکات سے وابستہ تمام عقیدت مندوں کو مستفید فرمائے اور جناب محمد کوثر خان نعمت کو اس نئی ذمہ داری کو اخلاص ، علم ، تقویٰ ، دیانت اور حسنِ اخلاق کے ساتھ نبھانے کی توفیق عطا فرمائے ۔
انہوں نے صندل مالی صدر و متولی صوفی شاہ محمد خواجہ خان چشتی قادری مرزائی قلندری شطاری ، ان کے خاندان ، علماء کرام ، مشائخ عظام ، درگاہ کمیٹی اور تمام خدام و عقیدت مندوں کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔تقریب کا پیغام یہی تھا کہ اولیائے کرام سے محبت کا تقاضا صرف ان کے مزارات پر حاضری نہیں بلکہ ان کی تعلیمات کو اپنی زندگیوں میں نافذ کرنا ، شریعت کی پابندی کرنا اور مخلوقِ خدا کی خدمت کو اپنا شعار بنانا ہے ۔ اس موقعہ پر اولاد امجاد حضرت خواجہ بندہ نوازؒ حضرت مولانا سید شاہ رحمت محمد محمد الحسینی المعروف رحمت بابا بندہ نوازی چشتی قادری نقشبندی سہروردی جامع السلاسل ، حضرت سیدشاہ نورالدین حسینی صادق نقشبندی مجددی قادری نعمت نگر پرگی ،
حضرت مولانا الحاج سید شاہ شیخ رفیق جنیدی نقشبندی مجددی قادری چشتی سہروردی جامع السلاسل سجادہ نشین و متولی بارگاہ حضرت سیدی شیخ محمد عبدالوہاب چشتی قادری نقشبندی سہروردی جامع السلاسل کوتنے پلی ضلع محبوب نگر ، حضرت سید شاہ جلال الدین حسینی شمیم سجادہ نشین و متولی بارگاہ فاتح کوئل کنڈہ حضرت سید شاہ عبدالرحمن حسینیؒ ،حضرت مولانا حافظ سید شرف الدین مرزائ چشتی قادری قلندری مولوی کامل جامعہ نظامیہ و سجادہ نشین بارگاہ بھوئی گوڑہ ، حضرت قاضی سید مجیب الدین قادری چشتی منتخب سجادہ نشین حضرت پیراں شاہ صاحبؒ ، الحاج محمد عبدالضمیر طاہری قادری متولی درگاہ شہنشاہ ولایتؒ ،
حافظ محمد عثمان قادری قدیری ، مولوی الحاج سید واصف شاہ قادری نبیرہ قطب محبوب نگر حضرت سید مردان علی شاہ قادریؒ ، حضرت الحاج میر ہاشم علی نقشبندی نبیرہ قطب پرگی حضرت سیدشاہ میر نعمت اللہ قادریؒ ، حضرت مولانا الحاج شیخ محمد عبدالبصیر چشتی قادری سجادہ نشین حضرت مولانا الحاج قاضی شیخ محی الدین قادری چشتی مرزائی قلندریؒ ، مولوی الحاج شیخ عبدالصبور زبیدی شرفی قادری ، الحاج سید نور الحسن حسینی معتمد عیدگاہ کمیٹی محبوب نگر ،حضرت سید پاشاہ قادری چشتی سجادہ نشین حضرت سید عبدالقادر شہید قادریؒ ، حضرت عبداللہ بن سالم بایمین چشتی قادری ،
جناب محمد عبدالکلیم نیازی ، جناب الحاج میر شعیب علی قادری نبیرہ قطب نعمت نگر حضرت سید شاہ میر نعمت اللہ شاہ صاحب قادریؒ پرگی ، جناب میر واجد علی قادری ، جناب فیاض خان ، جناب محمد بابا شرفی قادری سجادہ نشین شریف صاحب شرفیؒ تاٹی کنڈہ ، جناب سید فصیح الدین نقشبندی معتمد مسجد خضریٰ ، مولانا شاہ احمد بیابانی کوتہ کوٹہ ، جناب محمد فضل خان شاہ متولی بارگاہ حضرات پیرلہ مری ، الحاج سید تقی الدین کانگریسی قائد ، جناب فیاض کانگریسی اقلیتی قائد ، جناب محمد عبدالمعز کانگریس قائد ، جناب محمد عثمان رحمت آبادی سجادہ نشین و متولی بارگاہ حضرت سید شاہ راجو محمد الحسینی المعروف حبیب صاحبؒ ،
جناب مظہر حسین شہید قادری شرفی سجادہ نشین و متولی بارگاہ حضرت کروٹ شاہ ولیؒ کرناٹک ، مولانا حافظ محمد برہان محبوب سہروردی وارث پاشاہ شرفی قادری سجادہ نشین حضرت اتمؔ شرفی قادریؒ کے علاوہ سینکڑوں مرد و خواتین نے شرکت کی – آج 16 نومبر بروز پیر بعد نماز مغرب جشن چراغاں سے سہ روزہ اعراس شریف تقاریب کا اختتام عمل میں آیا – تین روز بھی جمیع شرکاء کے لئے تناول تبرک کا خاص وعام اہتمام کیا گیا تھا –

