Heavy rain likely in Warangal, public advised to remain alert
کلکٹریٹ میں کنٹرول روم قائم، ہنگامی امداد کے لیے ہیلپ لائن نمبر جاری

(اپنا ورنگل)
ورنگل :
محکمہ موسمیات کی جانب سے ضلع میں شدید بارش کی پیش قیاسی کے پیش نظر ضلع کلکٹر ڈاکٹر ستیہ شاردا نے عوام سے چوکس رہنے اور ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔حکام نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ شدید بارش کے دوران غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور نشیبی علاقوں، تالابوں، ندی نالوں اور ڈرینج کے مقامات سے دور رہیں۔
عوام کو خاص طور پر تالابوں، ندی نالوں اور نہروں کو پار کرنے کی کوشش نہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، کیونکہ بارش کے باعث پانی کی سطح اور بہاؤ میں اچانک اضافہ ہوسکتا ہے۔شدید بارش کے نتیجے میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ یا ہنگامی صورتحال میں عوام کی مدد کے لیے کلکٹریٹ میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔
ضلع کلکٹر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد حاصل کرنے یا اطلاع دینے کے لیے ٹول فری نمبر 18004253424 یا 9154252936 پر رابطہ کریں۔

