مجلس العلماء والحفاظ کے زیرِ اہتمام -جنگِ آزادی میں مسلمانوں کا کردار- پر تقریری مسابقہ،52 طلبہ و طالبات کی شرکت۔

A speech competition on the "Role of Muslims in the War of Independence” organized by the Majlis-e-Ulama wal-Huffaz, 52 Students Participated

(اپنا ورنگل)

ورنگل :

مجلس العلماء والحفاظ متحدہ ضلع ورنگل کے زیرِ اہتمام ’’جنگِ آزادی میں مسلمانوں کا کردار‘‘ کے عنوان سے بین المدارس تقریری مسابقہ منعقد ہوا۔ پروگرام کی صدارت  مفتی منہاج احمد قیومی نے کی۔پروگرام کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ مسابقے میں مختلف مدارس اور تعلیمی اداروں سے تعلق رکھنے والے عصری علوم کے تقریباً 52 طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔ شرکاء نے نہایت پُراعتماد اور مؤثر انداز میں اپنی تقاریر پیش کرتے ہوئے موضوع پر اپنی معلومات، تیاری اور تقریری صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔

مسابقے کی نظامت کے فرائض مولانا محمد منور حسین قاسمی نے انجام دیے، جبکہ حضرت مولانا سید بلال افضل قاسمی، حضرت مولانا مفتی مصعب رفیق قاسمی اور سید خواجہ فرید الدین نے بحیثیت منصفین تقاریر کا جائزہ لیا اور مقررہ معیار کے مطابق بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کا انتخاب کیا۔اس موقع پر حضرت مولانا سید ایوب قاسمی، حضرت مولانا محمد طالب الرحمن، حضرت مولانا مفتی محمد زکریا، حافظ محمد مجاہد علی اور مولانا نوشاد اختر سمیت علماء کرام نے شرکت کی۔

علماء کرام نے طلبہ و طالبات کی محنت اور تقریری صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں علمی و فکری سرگرمیوں میں آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔ بعد ازاں حافظ و قاری عبدالمقیت نے بھی اپنے تاثرات پیش کیے۔مسابقے میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات کو نقد انعامات، اسناد اور شیلڈز سے نوازا گیا۔ اول انعام کے طور پر 5 ہزار روپے، دوم انعام 3 ہزار روپے اور سوم انعام 2 ہزار روپے نقد کے ساتھ سند اور شیلڈ دی گئی۔

اس کے علاوہ تمام شریک طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے ترغیبی انعامات اور اسنادِ شرکت بھی پیش کی گئیں۔ اس موقع پر مسابقے میں شریک اسکولوں کے پرنسپلز اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا گیا، جنہوں نے طلبہ و طالبات کو اس علمی و تربیتی سرگرمی میں حصہ لینے کی ترغیب دی۔ شریک اسکولوں کو مجلس کی جانب سے یادگاری تحائف بھی پیش کیے گئے۔اختتام پر حضرت مولانا سید ایوب قاسمی نے دعا فرمائی۔

مجلس العلماء والحفاظ کے جنرل سیکریٹری حافظ عبدالمقیت رحمانی نے کہا کہ طلبہ و طالبات کی علمی، فکری اور تقریری صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے آئندہ بھی اس طرح کے تعلیمی و تربیتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔

News Source : M.F. Baig Riaz