جنگاؤں میں عظیم الشان جلسۂ میلاد النبی ﷺ و نعتیہ مشاعرہ، عقیدت و احترام سے انعقاد۔

A grand gathering of the Prophet Muhammad (PBUH) and a Naat and Mushaira were held in Jangaon with devotion and respect

(اپنا ورنگل)

جنگاؤں :

مومن یوتھ چیریٹیبل ٹرسٹ، جنگاؤں کے زیرِ اہتمام ساتواں عظیم الشان جلسۂ میلاد النبی ﷺ و نعتیہ مشاعرہ 4 ستمبر بروز جمعرات بعد نمازِ مغرب، ایک مینار چوراستہ، گرنی گڈہ، جنگاؤں میں نہایت عقیدت و احترام اور تزک و احتشام کے ساتھ منعقد ہوا۔ جلسہ میں کثیر تعداد میں مسلمانوں نے شرکت کی اور حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ سے استفادہ کیا۔
جلسہ کی صدارت جناب مجیب الرحمن صاحب، سکریٹری و کرسپانڈنٹ، رحمان بی ایڈ کالج، جنگاؤں نے کی۔

جبکہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے جناب راجہ مہیندر1 نائک صاحب، ڈپٹی کمشنر آف پولیس (IPS) جنگاؤں، جنگاؤں ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی صدر لکاوت دھنونتی، پی سی سی ممبر ڈاکٹر لکشمی نارائنا نائک، کونسلرس لوک منتھ ریڈی، سی ایچ کروناکر ریڈی، جنگاؤں ٹاؤن کانگریس صدر وینکٹیشورلو، سابق کونسلر میڈے سرینواس اور جناب محمد جمال شریف ایڈووکیٹ، کنوینر پروگرام و صدر مسلم ڈیولپمنٹ کمیٹی و ایک مینار مکہ مسجد سمیت دیگر معززین نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ مفتی غوث الدین صاحب، مولانا عبدالحفیظ قاسمی صاحب، مولانا عبدالرحمن صاحب، مفتی انصار صاحب، مفتی مصطفیٰ رضا صاحب، مولانا عبدالرشید صاحب، مولانا امان اللہ صاحب، ڈاکٹر سید مخدوم صاحب، وحید گلشن اور ادریس میمن سمیت متعدد علمائے کرام موجود تھے۔
ڈی سی پی کا خطاب:

جلسۂ میلاد النبی ﷺ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ڈی سی پی راجہ مہیندر1 نائک نے کہا کہ جنگاؤں امن و شانتی اور ہندو مسلم بھائی چارے کی بہترین مثال ہے۔ ہر سال پابندی کے ساتھ میلاد النبی ﷺ کا پروگرام منعقد کرنا قابلِ مبارکباد ہے۔انہوں نے نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی منشیات اور ڈرگس کی عادت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کے نوجوان نشہ، آن لائن گیمز اور سوشل میڈیا کی بری عادتوں میں مبتلا ہوکر اپنی صحت اور مستقبل کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

آج بہت سارے نوجوان آن لائن گیمز کھیلنے کے عادی ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے کافی پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ نے محنت اور تجارت کو پسند فرمایا، آپ لوگ بھی اس پر عمل کریں۔ آج بہت سارے نوجوان غیر ضروری کیسوں میں ملوث ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے ان کا مستقبل خراب ہوگا۔ ہر برے کام سے دور رہیں اور اچھے کام کرکے اپنی زندگی کو بنائیں۔

اگر کوئی آپ کو غلط راستے پر لے جانے کی کوشش کرے تو ایسے افراد کی اطلاع پولیس کو دیں۔ڈاکٹر سید مخدوم صاحب نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی سیرتِ طیبہ پر چلنا ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کا ذریعہ ہے۔ نبی کریم ﷺ نے ہمیں سادہ، باوقار اور بہترین زندگی گزارنے کا طریقہ سکھایا۔ مولانا عبدالحفیظ قاسمی صاحب نے کہا کہ ہم لوگ ہر چھوٹے بڑے گناہ سے بچنے کی کوشش کریں اس لیے کہ ایک دن ہم سب کو اللہ کے پاس جانا ہے اور ہر چیز کا حساب ہوگا۔

اللہ کے نبی ﷺ ہم تمام کے لیے رحمت بن کر آئے ہیں، ان کی تعلیمات پر عمل کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ مفتی مصطفیٰ رضا صاحب نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی مبارک زندگی ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے۔ مفتی غوث الدین صاحب (Narsampet) نے کہا کہ ہم بری عادتوں میں مبتلا ہوکر گناہوں کا ارتکاب کر رہے ہیں۔ پانچ وقت کی نماز ہر مسلمان کے لیے ضروری ہے۔

اسلام میں عورت کا بڑا مقام ہے، آج ہماری مائیں بہنیں گھر کو سدھارنے کے بجائے بگاڑ رہی ہیں اور غیر ضروری چیزوں کے پیچھے جا رہی ہیں۔ ہر گناہ سے بچنا ہی اسلام ہے۔ کنوینر جلسہ محمد جمال شریف ایڈووکیٹ اور صدر مسلم ڈیولپمنٹ کمیٹی ضلع جنگاؤں نے کہا کہ آپ لوگ جلسہ میں شرکت کرتے ہوئے اللہ کے نبی ﷺ سے سچی محبت و عقیدت کا ثبوت دیئے۔ اللہ کے نبی ﷺ نے ہم کو یکجہتی و اتحاد کی دعوت دی ہے، ہم سب اس پر عمل کریں گے۔ ہر مسلمان دین پر قائم رہا تو کوئی پریشانی نہیں آتی، ہم قرآن کو پڑھنے والے اور حدیث پر چلنے والے مسلمان ہیں.. نعتیہ

مشاعرہ:

علمائے کرام کے خطابات کے بعد نعتیہ مشاعرہ کا آغاز ہوا، جس کی نظامت معروف نعت خواں و شاعر وحید گلشن، ورنگل نے کی۔ اس موقع پر ٹپیکل جگتیالی، ڈاکٹر رحیم رامش، امجد سلیم کریم نگر، خواجہ مجتہد الدین، محمد سمیر رضا اور انس سمیت دیگر شعرائے کرام نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعتیہ کلام پیش کیا، جس سے سامعین بے حد محظوظ ہوئے۔ وحید گلشن اور ٹپیکل جگتیالی کے کلام کو بے حد پسند کیا گیا اور سامعین نے دوبارہ پڑھنے کی درخواست کی۔

صدرِ جلسہ جناب مجیب الرحمن صاحب نے کہا کہ میلاد النبی ﷺ کے ایسے بابرکت جلسوں سے روحانی خوشی حاصل ہوتی ہے۔ آخر میں جناب محمد جمال شریف ایڈووکیٹ نے تمام مہمانوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عوام کی بھرپور شرکت سے ساتواں جلسہ کامیابی سے ہمکنار ہوا۔ جلسہ رات 11:30 بجے ختم ہوا۔ اختتام کے بعد ایک مینار مکہ مسجد میں نمازِ عشاء ادا کی گئی اور تمام شرکائے جلسہ کے لیے طعام کا خصوصی انتظام کیا گیا۔

پروگرام کے کنوینرس محمد رافع متین ایڈووکیٹ، محمد علیم، طارق الٰہی، محمد شاہنواز، عبدالمنان رازی اور سلمان نے بہترین انتظامات کرتے ہوئے پروگرام کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

News Source : Jamal Shareef