Onion prices continue to rise in Telangana, Rs 65 per kg in Warangal

(اپنا ورنگل)
ورنگل:
تلنگانہ بھر میں پیاز کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جارہا ہے، جس کے باعث عام صارفین کے گھریلو بجٹ پر اضافی بوجھ پڑ رہا ہے۔ چند روز قبل تک پیاز تقریباً 60 روپے فی کلو فروخت ہورہی تھی، تاہم اب ریاست کی بعض مارکٹس میں اس کی خوردہ قیمت 80 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ ورنگل میں فی الحال پیاز تقریباً 65 روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے۔
ذرائع کے مطابق کچھ عرصہ قبل پیاز کی قیمت تقریباً 40 روپے فی کلو تھی، جو بڑھ کر پہلے 60 روپے اور اب کئی علاقوں میں 80 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔
قیمتوں میں اس اچانک اضافے کے باعث صارفین کو روزمرہ استعمال کی اس اہم سبزی کی خریداری کے لیے زیادہ رقم خرچ کرنا پڑ رہا ہے۔دوسری جانب کسانوں کا کہنا ہے کہ موجودہ قیمتوں کے باعث انہیں سابقہ ادوار کے مقابلے میں تقریباً 30 تا 40 فیصد زیادہ آمدنی حاصل ہورہی ہے۔ تاہم پیاز کی قیمتوں میں اضافے کا براہِ راست اثر صارفین پر پڑ رہا ہے اور مہنگائی کے درمیان گھریلو اخراجات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
پیاز کی سربراہی کے معاملے میں مہاراشٹرا کا ناسک ملک کے اہم پیداواری مراکز میں شمار ہوتا ہے اور تلنگانہ کے لیے پیاز کی فراہمی کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔ مہاراشٹرا سے پیاز ریاست کے مختلف علاقوں کی مارکٹس، بشمول پداپلی، کریم نگر، جگتیال اور سرسلہ کو منتقل کی جاتی ہے۔
اس کے علاوہ تلنگانہ کو کرناٹک اور آندھرا پردیش کے کرنول علاقے سے بھی پیاز کی سربراہی ہوتی ہے۔ مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ سربراہی اور طلب میں توازن برقرار نہ رہنے کی صورت میں آنے والے دنوں میں قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان برقرار رہے گا۔
News Source : M.F. Baig Riaz

