تحریک قلم ورنگل کے زیرِ اہتمام طرحی و غیر طرحی مشاعرہ کامیابی سے منعقد۔

 Mushaira Successfully held in Hanamkonda, organised  by Tahreek-e-Qalam Warangal

(اپنا ورنگل)

ورنگل :

تحریک قلم ورنگل کے زیرِ اہتمام طرحی و غیر طرحی مشاعرہ اسلامک انفارمیشن سنٹر، ہنمکنڈہ میں کامیابی سے منعقد ہوا۔ مشاعرہ کی صدارت کارنامۂ حیات ایوارڈ یافتہ معروف شاعر ڈاکٹر رحیم رامش، کاغذ نگر نے کی۔مشاعرہ میں مہمانانِ خصوصی کی حیثیت سے جناب سید دستگیر، سابق ناظم ضلع ورنگل جماعت اسلامی ہند، جناب شیخ بندگی، موظف سپرنٹنڈنٹ پوسٹ آفس، جناب اقبال شیدائی، بانی تحریک قلم ورنگل اور جناب محمد عبدالنعیم، سینئر صحافی روزنامہ سیاست نے شرکت کی۔

مشاعرہ کا آغاز جناب وہاج الحق کی تلاوتِ کلام پاک اور ترجمہ سے ہوا۔ جناب مفیض الدین سہیل، کریم نگر نے حمدِ باری تعالیٰ پیش کی، جبکہ جناب معشوق صاحب نے بارگاہِ رسالت مآبؐ میں نعتِ پاک کا نذرانہ پیش کیا۔مہمان شعراء ڈاکٹر رحیم رامش، کاغذ نگر، جناب امجد سلیم امجد، کریم نگر، جناب راحل کریم نگری، جناب عبدالقادر طاہر، جناب مفیض الدین سہیل اور جناب ارشد علی وارثی نے اپنی بہترین طرحی غزلیں پیش کرکے مشاعرہ میں سماں باندھ دیا اور خوب داد حاصل کی۔

میزبان شعراء جناب اقبال شیدائی، جناب ناصر واحدی، جناب وحید گلشن، جناب اکبر ضیاء، جناب داؤد اسلوبی، جناب اندور عبدالقادر، جناب امیرالدین امیر، جناب خواجہ کیفی اور ڈاکٹر شجیع اکبر نے بھی اپنا کلام پیش کیا، جس پر سامعین نے بھرپور داد دی۔اس موقع پر سینئر صحافی  جناب اکبر ضیاء کو حکومتِ تلنگانہ کی جانب سے اردو صحافت میں فری لانسر ایکریڈیشن کارڈ جاری ہونے پر تحریک قلم ورنگل کی جانب سے جناب اقبال شیدائی کے ہاتھوں تہنیت پیش کی گئی۔

اس موقع پر کریم نگر سے آئے شعراء نے بھی جناب اکبر ضیاء کی شال پوشی کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔مشاعرہ میں جناب پروفیسر احمد حسین خیال، جناب تنویر تاج، کریم نگر اور جناب نور علی نور، عادل آباد کی جانب سے ارسال کردہ طرحی غزلیں بھی پیش کی گئیں، جنہیں سامعین نے پسند کیا۔مشاعرہ کی نظامت معروف ناظمِ مشاعرہ ڈاکٹر عزیز سلیم نے بخوبی انجام دی۔

مشاعرہ میں اہلِ ذوق اور محبانِ اردو کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آخر میں تحریک قلم ورنگل کے صدر جناب ناصر واحدی نے تمام مہمانوں، شعراء اور سامعین کا شکریہ ادا کیا۔ ان کے ہدیۂ تشکر کے ساتھ مشاعرہ کامیابی سے اختتام پذیر ہوا۔

News Source : M.F.  Baig Riaz