تلنگانہ میں موسلا دھار بارشیں، کئی اضلاع کے لیے یلو الرٹ جاری،محکمۂ موسمیات کی پیش گوئی، آئندہ دو دن بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان

Heavy rains in Telangana, yellow alert issued for several districts, Meteorological Department forecast, rains are likely to continue for the next two days

(اپنا ورنگل)

تلنگانہ :

ریاست تلنگانہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کئی علاقوں میں اچھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ شمالی تلنگانہ کے اضلاع کے علاوہ حیدرآباد، میڑچل-ملکاجگری، رنگاریڈی، وقارآباد، کاماریڈی اور میدک اضلاع میں بھی کئی مقامات پر موسلا دھار بارش ہوئی۔مسلسل بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، جبکہ کئی سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہونے سے عوام اور گاڑی چلانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ خاص طور پر جی ایچ ایم سی حدود میں کئی مقامات پر ٹریفک جام ہونے سے ملازمین اور مسافر گھنٹوں سڑکوں پر پھنسے رہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق ریاست میں سب سے زیادہ بارش عادل آباد ضلع کے اندرویلی منڈل کے ہیراپور میں ریکارڈ کی گئی، جہاں 5.8 سینٹی میٹر بارش ہوئی۔ اسی طرح تامسی، تلمڈوگو، اچھوڑا، بھورج اور ماول منڈلوں میں 4.2 سینٹی میٹر سے زیادہ بارش درج کی گئی۔ وقارآباد ضلع کے مومن پیٹ میں 4 سینٹی میٹر، ورنگل ضلع کے چناراؤپیٹ میں 3.8 سینٹی میٹر اور کاماریڈی ضلع کے محمد نگر منڈل کے موگدم پور میں 3.4 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اس کے علاوہ جئے شنکر بھوپال پلی، بھدرادری کوتہ گوڑیم، راجنا سر سلہ اور سدی پیٹ سمیت کئی اضلاع میں بھی اچھی بارش ہوئی۔ حکام کے مطابق پیر کی رات میدک ضلع کے پاپنہ پیٹ منڈل میں سب سے زیادہ 8.4 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔بھارتی محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ شمالی اوڈیشہ اور مغربی بنگال کے علاقوں پر بننے والے گہرے دباؤ کے اثر سے تلنگانہ میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ یہ نظام چہارشنبہ تک جنوبی جھارکھنڈ اور شمالی چھتیس گڑھ کی سمت مغرب اور شمال مغرب کی طرف بڑھے گا۔

اسی کے ساتھ مانسون کی پٹی جنوب مشرقی سمت میں شمال مشرقی خلیجِ بنگال تک پھیلی ہوئی ہے، جس کے باعث ریاست میں بارش کے لیے سازگار حالات برقرار ہیں۔اسی صورتحال کے پیش نظر چہارشنبہ کو ریاست کے دس اضلاع میں یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمۂ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ان اضلاع میں بعض مقامات پر بھاری بارش ہوسکتی ہے، جبکہ دیگر اضلاع میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے۔ جمعرات اور جمعہ کو بھی ریاست بھر میں ہلکی سے درمیانی بارش جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

حکام نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ ضرورت کے بغیر گھروں سے باہر نہ نکلیں، نشیبی علاقوں، نالوں اور برساتی پانی کے راستوں کے قریب احتیاط برتیں۔ شہروں میں ٹریفک کے مسائل برقرار رہنے کا امکان ہے، اس لیے گاڑی چلانے والوں سے کہا گیا ہے کہ وہ پہلے سے متبادل راستوں کا انتخاب کریں۔

News Source : M.F. Baig Riaz